Inquilab Logo Happiest Places to Work

گھر آکر مردم شماری کرنے والے عملہ کے ساتھ تعاون کریں: اشوینی بھڈے

Updated: May 17, 2026, 12:32 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی )کی کمشنر اور پرنسپل مردم شماری افسر اشوینی بھڈے نے کہا کہ مردم شماری۲۰۲۷ءکے دوسرے مرحلے کے تحت برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے علاقے میں مکانات کی فہرست اور مردم شماری کا عمل ۱۶؍ مئی ۲۰۲۶ء سے شروع ہورہا ہے۔

BMC Commissioner Ashwini Bhade. Photo: INN
بی ایم سی کی کمشنر اشوینی بھڈے۔ تصویر: آئی این این

برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی)کی کمشنر اور پرنسپل مردم شماری افسر اشوینی بھڈے نے کہا کہ مردم شماری۲۰۲۷ءکے دوسرے مرحلے کے تحت برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے علاقے میں مکانات کی فہرست اور مردم شماری کا عمل ۱۶؍ مئی ۲۰۲۶ء سے شروع ہورہا ہے۔ یہ مہم۱۴؍ جون ۲۰۲۶ء تک چلائی جائے گی۔ اس دوران مقرر کردہ مردم شماری کرنے والے گھروں کا دورہ کریں گے اور ضروری معلومات اکٹھی کریں گے۔ مردم شماری کرنے والے عملہ کے گھر کے دورے کے دوران شہریوں کو چاہئے کہ وہ انہیں درست اور مکمل معلومات فراہم کر کے تعاون کریں۔ اس کے علاوہ، جن شہریوں نے خود اندراج کرایا ہے، وہ گنتی کرنے والوں کو اپنا خود شماری نمبر(ایس ای آئی ڈی) فراہم کریں۔ افسر نے شہریوں سے گھروں کی فہرست اور مردم شماری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل بھی کی ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ مردم شماری ایک انتہائی اہم عمل ہے جو ملکی ترقی کی سمت کا تعین کرتا ہے۔ درست معلومات کی بنیاد پر حکومت مناسب منصوبہ بندی کر سکتی ہے اور ترقیاتی منصوبوں کو موثر طریقے سے شہریوں تک پہنچا سکتی ہے لہٰذا ہر شہری کو اپنی ذمہ داری کو سمجھنا چاہئے۔  دیانتدارانہ اور درست معلومات فراہم کرتے ہوئے مردم شماری ۲۰۲۷ءمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔

یہ بھی پڑھئے: شدید گرمی سے سبزیوں کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ

مردم شماری کی اہمیت

گھروں کی رجسٹریشن اور گھروںکی شماری مردم شماری کے بنیادی اور انتہائی اہم مراحل ہیں جس میں مکانات کی تعداد، خاندان کے افراد کے بارے میں معلومات اور دستیاب بنیادی سہولیات کو درج کیا جاتا ہے۔ اس معلومات کی بنیاد ہی پر حکومت مختلف ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم، اور سماجی بہبود کے منصوبوں کو مؤثر طریقے سے نافذ کرتی ہے۔ اس لئے اشوینی بھڈے نے کہا ہے کہ ہر شہری کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری سے آگاہ ہوں اور اس عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔مردم شماری کیلئے جمع کی گئی تمام معلومات کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جاتا ہے اور صرف حکومتی منصوبہ بندی کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ شہریوں کو چاہئےکہ وہ اعتماد کے ساتھ اورکسی جھجک کے بغیر درست معلومات فراہم کریں۔ 

اشوینی بھڈے نے اس یقین کا بھی اظہار کیا ہے کہ شہر اور ملک کی ترقی کیلئے شہریوں کا تعاون اہم ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK