• Tue, 24 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آرسنل نے ٹوٹنہم ہاٹسپر کو قابو کر کے پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن مستحکم کر لی

Updated: February 23, 2026, 8:13 PM IST | London

انگلش پریمیئر لیگ کے خطاب کی دوڑ میں آرسنل نے ایک بار پھر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔نارتھ لندن ڈربی میں آرسنل نے ٹوٹنہم ہاٹسپر کو۱۔۴؍گول سے دھول چٹا کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پانچ پوائنٹس کی برتری دوبارہ بحال کر لی ہے۔

Arsenal Players.Photo:INN
آرسنل فٹبال کلب کے کھلاڑی۔ تصویر:آئی این این

انگلش  پریمیئر لیگ کے  خطاب کی دوڑ میں آرسنل نے ایک بار پھر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔نارتھ لندن ڈربی  میں آرسنل نے ٹوٹنہم ہاٹسپر کو۱۔۴؍گول  سے دھول چٹا کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پانچ پوائنٹس کی برتری دوبارہ بحال کر لی ہے۔

مانچسٹر  سٹی نے نیو کیسل یونائیٹڈ کے خلاف جیت حاصل کر کے اس فرق کو عارضی طور پر صرف دو پوائنٹس تک محدود کر دیا تھا، لیکن  آرسنل نے اپنے روایتی حریف کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کر کے ٹائٹل کی سمت اپنی پوزیشن واضح کر دی۔ آرسنل کی اس فتح کے اصل معمار مڈفیلڈر ایبیریچی ایزی اور اسٹرائیکر وکٹر گیوکرس رہے، جنہوں نے دو دو گول داغ کر ٹوٹنہم کے دفاع کو بے بس کر دیا۔

یہ بھی پڑھئے:کپل شرما کی قیادت میں ایک مزاحیہ سیریز بنائی جائے گی: رپورٹ

میچ کے ۳۲؍ ویں منٹ میں بکایو ساکا کے بہترین کراس پر ایزی نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر ٹیم کو سبقت دلائی۔ تاہم، ٹوٹنہم نے محض دو منٹ بعد ہی واپسی کی جب رینڈل کولو موانی نے ڈیکلن رائس کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔ دوسرے ہاف کے آغاز کے ساتھ ہی آرسنل نے کھیل کا نقشہ بدل دیا۔ ۴۷؍ ویں منٹ میں وکٹر گیوکرس نے ایک زوردار شاٹ کے ذریعے آرسنل کی برتری دوبارہ قائم کر دی۔ ۶۱؍ ویں منٹ میں ایزی نے حریف دفاع کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکور کیا۔

یہ بھی پڑھئے:ڈرگ کارٹل کے سربراہ کی ہلاکت کے بعد میکسیکو میں فٹ بال میچز ملتوی

میچ کے آخری لمحات (اسٹاپج ٹائم) میں گیوکرس نے اپنے مارکر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گیند کو نیٹ میں پہنچایا اور ۱۔۴؍گول  کی بڑی مارجن سے جیت پر مہر ثبت کر دی۔ اس نتیجے کے بعد آرسنل لیگ میں پہلی پوزیشن پر مزید مستحکم ہو گئی ہے، جبکہ ٹوٹنہم ہاٹسپر کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔ ٹوٹنہم فی الحال ۱۶؍ ویں پوزیشن پر موجود ہے اور وہ ریلیگیشن زون سے محض چار پوائنٹس کی دوری پر ہے، جو کہ کلب کے لیے ایک تشویشناک صورتحال ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK