Inquilab Logo Happiest Places to Work

اشوک کھرات معاملہ: وڈیٹیوار کے سنسنی خیز دعوے پر باونکولے نے ثبوت مانگے

Updated: March 31, 2026, 9:51 AM IST | Agency | Nagpur

کسانوں کے قرض معاف کرنے ، سات بارہ کا مسئلہ حل کرنے اور فصلوں کو ایم ایس پی فراہم کرنے کے مطالبے کے تحت کانگریس کا احتجاج۔

Vijay Wadetiwar.Photo:INN
وجئے وڈیٹیوار۔ تصویر:آئی این این
مہاراشٹر کے وزیر محصولات چندرشیکھر باونکولے نے کانگریس کے سینئر لیڈر وجئے وڈیٹیوار کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ منترالیہ کے اعلیٰ افسران اور خود ساختہ نجومی اشوک کھرات کے درمیان مبینہ روابط کے حوالے سے ٹھوس اور قابل اعتبار ثبوت پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ محض میڈیا میں بیانات دینا یا الزامات لگانا کافی نہیں ہوتا، اگر الزامات سنجیدہ نوعیت کے ہیں تو انہیں باضابطہ طور پر حکومت یا متعلقہ تفتیشی ایجنسیوں کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے تاکہ مناسب کارروائی کی جا سکے۔
اس سے قبل وجئے وڈیٹیوار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ’’ اشوک کھرات بعض اعلیٰ افسران کو ناجائز تعلقات قائم کرنے کا مشورہ دیتا تھا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ کھرات کے کئی اعلیٰ حکام کے ساتھ قریبی روابط تھے اور وہ ان پر اثرانداز ہوتا تھا۔ وڈیٹیوار نے مزید کہا کہ کھرات ان افسران کو غیر اخلاقی سرگرمیوں کی ترغیب دیتا تھا اور اس معاملے کو انتہائی سنجیدہ قرار دیتے ہوئے ریاستی حکومت سے اعلیٰ سطحی جانچ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کھرات کے موبائل فون میں کئی رابطے فرضی ناموں سے محفوظ تھے، جس سے مالی بے ضابطگیوں اور کالے دھن کو سفید کرنے جیسے معاملات پر شبہات پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس معاملے سے جڑے تمام افراد کی مکمل جانچ ہونی چاہیے، اور۴۹؍ اراکین اسمبلی کی سرگرمیوں کی بھی تفتیش کی جائے جن کی تصاویر مبینہ طور پر کھرات کے ساتھ سامنے آئی ہیں۔ وڈیٹیوار نے الزام لگایا کہ مبینہ طور پر کئی سرکاری افسران اپنی بیویوں کے ساتھ کھرات  سے ملنے جاتے تھے۔ انہوں نے ایسے افراد کے خلاف توہم پرستی مخالف قانون کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ 
 
 
انہوں نے مزید کہا کہ ’’کئی بااثر افراد کی بیویاں کھرات کے دفتر جاتی تھیں جبکہ ان کے شوہر باہر انتظار کرتے تھے۔‘‘ تاہم اندر ہونے والی سرگرمیوں کے بارے میں انہوں نے ٹھوس ثبوت نہ ہونے کی بنا پر مزید تفصیل نہیں دی ہے۔ وڈیٹیوار کے مطابق اب تک صرف چند ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جبکہ کھرات کے دفتر سے ضبط شدہ ایک پین ڈرائیو میں تقریباً ایک ہزار ویڈیوز ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جن میں سے صرف۱۵۰؍ کے قریب منظر عام پر آئی ہیں۔ وڈیٹیوار نے دعویٰ کیا کہ اگر سارے ویڈیوز سامنے آئے حکومت ہل جائے گی ۔ انہوں نے اس معاملے کو مہاراشٹر کی شبیہ کو متاثر کرنے والا قرار دیتے ہوئے حکومت پر عدم کارروائی کا الزام لگایا اور تمام ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ دہرایا۔ 
 
 
این سی پی (اے پی ) کی لیڈر روپالی چاکنکر کو ایس آئی ٹی نے طلب کیا
 
ادھر اس معاملے کی جانچ کر رہی ایس آئی ٹی نے مبینہ طور پر ریاستی خواتین کمیشن کی سابق چیئرپرسن روپالی چاکنکر کو سمن جاری کیا ہے، جنہوں نے حال ہی میں کھرات سے مبینہ تعلقات کے الزامات کے بعد استعفیٰ دیا تھا، جبکہ کئی اعلیٰ افسران بھی جانچ کے دائرے میں بتائے جا رہے ہیں۔ ٹی وی نائن کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز ایس آئی ٹی نے اشوک کھرات کے موبائل فون کے ڈیٹا کی گہرائی سے کراس جانچ پر زور دیا ہے۔ کال ریکارڈز، چیٹس، پیغامات اور مالی لین دین کی جانچ ترجیحی بنیاد پر کی جارہی ہے ۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK