• Wed, 22 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشیا کی پہلی خاتون لوکو پائلٹ سریکھا یادو نےریلوے سفر کو تاریخی اور ناقابل فراموش قراردیا

Updated: September 26, 2025, 10:58 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کیلئےسی ایس ایم ٹی میںخصوصی نظم کیا گیا۔ ا س موقع پرانہوںنے جذباتی انداز میں اظہارخیا ل کیا۔

Surekha Yadav will retire after 4 days. Photo: PTI
سریکھا یادو ۴؍دن بعد سبکدوش ہوجائیں گی۔ تصویر: پی ٹی آئی

 ایشیا کی پہلی خاتون لوکو پائلٹ سریکھا یادوکی میڈیا کے نمائندوں کے ہمراہ جمعرات کو چیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلا کےدفترواقع سی ایس ایم ٹی تاریخی عمارت (جی ایم بلڈنگ )میں خصوصی ملاقات کا نظم کیا گیا۔ الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں کے لئے ساڑھے تین بجے اور پرنٹ میڈیا کے لئے ساڑھے ۴؍بجے کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔ 
 سریکھا یادونے اپنی ملازمت ا ورریلوے کےساتھ ۳۶؍سالہ طویل تاریخی سفر کو یادگار بتاتے ہوئے اسے ناقابل فراموش قرار دیا۔ جذباتی انداز میں انہوں نے کہا کہ ’’ریلوے ایک طرح سے پریوار کاحصہ تھا،۴؍دن بعد اس سے جدا ہوجاؤں گی مگر اس طویل سفر کی کئی سنہری یادیں ہمیشہ ذہن میں تازہ رہیں گی ۔ ‘‘
 میڈیا کے سوالوں کےجواب میں انہوں نےیہ بھی کہا کہ صنفی اعتبار سے انہیں کوئی دقت پیش نہیں آئی اورنہ ہی ان کوکسی قسم کی تفریق کا سامنا کرناپڑا بلکہ اپنی صلاحیت کا بھرپور استعمال کرنے کا انہیں ریلوے کی جانب سے پورا موقع دیا گیا۔یہی وجہ ہے کہ انہوں نے لوکو پائلٹ سے اپنا سفر شروع کرنےکے بعد وندے بھارت جیسی جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اور راجدھانی جیسی شاندار ٹرینیں بھی چلائیں۔ ‘‘
 یاد رہے کے سریکھا یادو نے ۱۹۸۹ء میں انڈین ریلوے میں شمولیت اختیار کی تھی اور اگلے ہی سال اسسٹنٹ ڈرائیور بن کر ایشیا کی پہلی خاتون ٹرین ڈرائیور کے طورپرتاریخ رقم کی تھی۔ ان کا تعلق ستارا ضلع سے ہے۔ ریلوے میں شامل ہونے سے قبل الیکٹریکل انجینئرنگ میں ڈپلومہ کیا تھا ۔ ۱۹۹۶ء میں ایک مال گاڑی چلائی اور ۲۰۰۰ء تک انہیں ترقی دے کر موٹر وومن بنا دیا گیا۔ ۱۰؍برس  بعد انہوں نے ایک گھاٹ ڈرائیور کے طور پر کوالیفائی کیااور ایکسپریس ٹرینوں کا چارج سنبھال لیا۔
 ۱۳؍ مارچ۲۰۲۳ء کوشولاپورسے ممبئی تک وندے بھارت کا افتتاح ہوا ،اُسے چلانے کا اعزاز سریکھا یادو کو حاصل ہواتھا۔چند دن قبل انہوں نے اگت پوری اور سی ایس ایم ٹی کے درمیان حضرت نظام الدین (دہلی)- سی ایس ایم ٹی روٹ پر راجدھانی ایکسپریس چلا کر اپنا آخری کام مکمل کیاتھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK