Updated: November 30, 2023, 8:01 PM IST
| Hyderabad
تلنگانہ میں پولنگ ختم ہوتے ہی ملک کی پانچ ریاستوں میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ نتائج ۳؍ دسمبر کو ظاہر ہوں گے، لیکن اس سے قبل اگزٹ پول کا کھیل شروع ہوگیا ہے۔ مختلف ایجنسیوں کے نتائج سامنے آچکے ہیں جن میں چھتیس گڑھ اور تلنگانہ میں کانگریس کو اور راجستھان میں بی جے پی کو آگے بتایا جارہا ہے جبکہ مدھیہ پردیش میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان کانٹے کی ٹکر بتائی جارہی ہے۔
تلنگانہ میں ووٹ دینے کیلئے ووٹرس قطار میں۔ تصویر: پی ٹی آئی
تلنگانہ میں پولنگ ختم ہوتے ہی ملک کی پانچ ریاستوں میں ووٹنگ کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ نتائج ۳؍ دسمبر کو ظاہر ہوں گے، لیکن اس سے قبل اگزٹ پول کا کھیل شروع ہوگیا ہے۔ مختلف ایجنسیوں کے نتائج سامنے آچکے ہیں جن میںچھتیس گڑھ اور تلنگانہ میں کانگریس کو اور راجستھان میں بی جے پی کو آگے بتایا جارہا ہے جبکہ مدھیہ پردیش میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان کانٹے کی ٹکر بتائی جارہی ہے۔ میزورم میں مقامی جماعتیں’ ایم این ایف‘ اور ’زیڈ پی ایم‘ کے درمیان مقابلہ ہے جبکہ کانگریس کی کارکردگی میں بہتری کے آثار بتائے جارہے ہیں۔ منی پور کی وجہ سے میزورم میں بی جے پی کی حالت بہت نازک ہے۔
چھتیس گڑھ کی بات کریں تو زیادہ تر اگزٹ پول کرنے والی ایجنسیوں نے بلاشرکت غیرے کانگریس کی کامیابی کاامکان ظاہر کیا ہے۔’ ٹوڈیز چانکیہ‘۔ نیوز۲۴؍‘ کے اگزٹ پول میں کانگریس کوواضح اکثریت ملنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اگزٹ پول کے مطابق کانگریس کو ۵۷؍ سیٹیں ملیں گی جبکہ بی جے پی کو محض ۳۳؍ سیٹوں کر اکتفا کرنا پڑسکتا ہے۔ یہاں پر حکومت سازی کیلئے ۴۶؍ سیٹیں درکار ہیں۔ اسی طرح ’ٹائمز ناؤ۔ای ٹی جی‘ نے پیش گوئی کی ہے کہ بی جے پی کو۳۲؍ سے ۴۲؍ سیٹیں ملیں گی جبکہ کانگریس کو۴۸؍ سے۵۶؍ سیٹیں ملنے کاامکان ہے۔
تلنگانہ کیلئے ’جن کی بات‘ کے مطابق کانگریس کو ۴۸؍ سے ۶۴؍ سیٹیں جبکہ حکمراں جماعت بی آر ایس کو ۴۰؍ سے ۵۵؍ سیٹیں مل سکتی ہیں۔ یہاں پر حکومت سازی کیلئے ۶۰؍ سیٹوں کی ضرورت ہے۔ اس رپورٹ میںبی جے پی کیلئے ۷؍ سے ۱۳؍ اور ایم آئی ایم کیلئے ۴؍ سے ۷؍ سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح ’انڈیا ٹی وی۔ سی این ایکس‘ کے اگزٹ پول میں کانگریس کو واضح اکثریت دی جارہی ہے۔ اس کے مطابق کانگریس کو ۶۳؍ سے ۷۹؍ سیٹیں مل سکتی ہیں جبکہ بی آر ایس کو محض ۳۱؍ سے ۴۷؍ سیٹوں پر اکتفا کرنا پڑسکتا ہے۔ اس میں بی جے پی کو صرف ۲؍ سے ۴؍ اور ایم آئی ایم کو ۵؍ سے ۷؍ سیٹیں دی گئی ہیں۔
راجستھان میں بیشتر اگزٹ پول میں بی جے پی کو اکثریت ملنے کی پیش گوئی کی گئی ہےالبتہ ’انڈیا ٹی وی۔ سی این ایکس‘ میں بی جے پی کو ۱۰۰؍ سے کم سیٹیں ملتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ اس میں بی جے پی کو ۸۰؍ سے ۹۰؍ جبکہ کانگریس کو۹۴؍ سے ۱۰۰؍ سیٹیں ملنے کی بات کی گئی ہے۔
اسی طرح مدھیہ پردیش میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان سخت مقابلہ دکھایا گیا ہے البتہ’نیوز ۲۴۔ ٹوڈیز چانکیہ‘ میں کانگریس اور بی جے پی کی سیٹوں کے درمیان کافی فرق کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس کے مطابق مدھیہ پردیش میں بی جے پی کو واضح اکثریت یعنی ۱۵۱؍سیٹیں جبکہ کانگریس کو صرف ۷۴؍ سیٹیں ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ یہ اوربات ہے کہ بیشتر انتخابی جائزوں میں کانگریس کیلئے سبقت کی بات کہی گئی ہے۔ـ’دینک بھاسکر‘ اور’جن کی بات‘ کی جانب سے پیش کئے گئے انتخابی جائزے میں کانگریس کی کامیابی کی بات کہی گئی ہے۔ دینک بھاسکر کے مطابق کانگریس کو ۱۰۵؍ سے ۱۲۰؍ سیٹیں جبکہ بی جے پی کو ۹۵؍ سے ۱۱۵؍ سیٹیں مل سکتی ہیں۔اسی طرح ـ’جن کی بات‘ میں کانگریس کو ۱۰۲؍ سے ۱۲۵؍ اور بی جے پی کو ۱۰۰؍ سے ۱۲۳؍ سیٹیں ملنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔