• Sun, 08 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ابھیشیک کے مکان پر حملہ، ممتا آگ بگولہ

Updated: November 08, 2026, 10:01 AM IST | Kolkata

دیر رات ۲؍ بجے بی جے پی کارکنوں کا ابھیشیک بنرجی کے مکان کے باہر ہنگامہ ، پتھرائو اور توڑ پھوڑ کی کوشش ، ٹی ایم سی کارکنوں سے تصادم ،ابھیشیک پر ۶؍ ماہ میں یہ ساتواں حملہ ہے ،ممتا بنرجی نے بی جے پی سے کہا کہ’’ اگر ہمت ہے تو ہم پر بلڈوزر چلادو ‘‘

Abhishek Banerjee addressing the media outside his residence. Mamata is also present. Photo: INN.
اپنے مکان کے باہر ابھیشیک بنرجی میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے۔ممتا بھی ساتھ ہیں۔ تصویر: آئی این این۔

ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور ممتا بنرجی کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی کی کالی گھاٹ واقع رہائش گاہ کے باہر جمعہ اورسنیچر کی درمیانی شب بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے حامیوں کے درمیان زبردست  تصادم کے بعد سیاسی کشیدگی بڑھ گئی۔ ترنمول کانگریس نے بی جے پی کارکنوں پر ابھیشیک بنرجی کی رہائش گاہ پر پتھراؤ اور قریبی پارٹی دفتر میں توڑ پھوڑ کا الزام عائد کیا ۔ ابھیشیک بنرجی نے اس واقعے کو انہیں قتل کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گزشتہ۶؍ ماہ کے دوران یہ ان پر جان لیوا حملے کی ساتویں کوشش ہے۔  دوسری جانب اس واقعے سے سخت آگ بگولہ  ممتا بنرجی نے  اس کی مذمت کرتے ہوئے بی جے پی کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر ہمت ہے تو ان کے سینے پر بلڈوزر چلا کر دکھایا جائے۔ بی جے پی نے حملے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے ترنمول کانگریس پر لوگوں کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔
 اطلاعات کے مطابق ابھیشیک بنرجی کی ۳۹؍ ویں سالگرہ کے موقع پر جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب ان کی رہائش گاہ کے باہر ترنمول کانگریس کے کارکن اور حامی جمع تھے۔ اسی دوران  رات ۲؍ بجے بی جے پی کارکن بھی وہاں پہنچ گئے۔ دونوں جماعتوں کے حامیوں کے درمیان پہلے بحث و تکرار ہوئی جو بعد میں پتھراؤ اور جھڑپ میں تبدیل ہوگئی۔ ترنمول کانگریس کا الزام ہے کہ بی جے پی حامیوں نے ابھیشیک کی رہائش گاہ کو نشانہ بنانے کے ساتھ قریبی پارٹی دفتر میں بھی توڑ پھوڑ کی۔ ابھیشیک نے فائرنگ کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ ابھیشیک بنرجی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ ان کی رہائش گاہ پر حملہ رات تقریباً دو بجے کیا گیا اور یہ سب کولکاتا پولیس کی موجودگی میں ہوا۔ انہوں نے اس کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔ انہوں نے کلکتہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں عدالتیں اس معاملے میں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے سے متعلق مزید ویڈیوس جاری  کئے جائیں گے۔واقعے کے بعد ابھیشیک بنرجی اپنی رہائش گاہ کے سامنے دھرنے پر بیٹھ گئے۔ پولیس اہلکاروں نے انہیں وہاں سے اٹھنے کو کہا، جس پر ان کی پولیس افسران سے بحث بھی ہوئی۔ بعد ازاں صبح تقریباً ساڑھے ۶؍ بجے پولیس کی مداخلت پر وہ دھرنے سے اٹھ کر گھر کے اندر چلے گئے۔دریں اثناء بی جے پی  لیڈردلیپ گھوش نے ابھیشیک بنرجی کی رہائش گاہ پر حملے کے الزامات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر رات کے وقت وہاں ہنگامہ کیا جائے گا تو کوئی نہ کوئی اس کا جواب ضرور دے گا۔دلیپ گھوش نے الزام لگایا کہ ابھیشیک اس طرح کے بیانات دے کر لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: انرجی ڈرنکس سے نوجوانوں میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ، نئی تحقیق میں انتباہ

ممتا بنرجی کی بی جے پی کو سخت وارننگ 
ممتا بنرجی نے واقعے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ رات دو بجے، جب لوگ اپنے گھروں میں سو رہے ہوتے ہیں، بی جے پی کے لوگ دوسروں کے گھروں میں داخل ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ انہیں ایسا کرنے کا حق کس نے دیا ؟ کیا ملک میں آئین نہیں ہے؟ ممتا بنرجی نے کالی پوجا کے روایتی پروگراموں کی اجازت منسوخ کئے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ ریاست میں غنڈہ گردی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی میں بلڈوزر چلانے کی ہمت ہے تو رات کے وقت کارکنوں کے جتھے کے ساتھ پہنچ کر کالی پوجا میں خلل ڈالنے کی کیا ضرورت ہے؟ انہوں نے بی جے پی اور کولکاتا پولیس کو ایک ساتھ وارننگ دی کہ اب اگر کسی بھی بی جے پی کارکن نے کوئی غلط حرکت کی تو اسے نانی یاد دلادی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK