Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران کی نیوکلیائی تنصیبات پر حملہ خطے کیلئے تباہ کن ہوگا: قطری وزیر اعظم

Updated: March 11, 2025, 12:28 PM IST | Agency | Doha

قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن نے خبردار کیا ہے کہ ایران کی خلیج کے ساحل پر موجود جوہری تنصیبات پر کسی بھی حملے کے خطے پر تباہ کُن اثرات مرتب ہوں گے۔

Sheikh Mohammed bin Abdulrahman. Photo: INN
شیخ محمد بن عبدالرحمٰن۔ تصویر: آئی این این

قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن نے خبردار کیا ہے کہ ایران کی خلیج کے ساحل پر موجود جوہری تنصیبات پر کسی بھی حملے کے خطے پر تباہ کُن اثرات مرتب ہوں گے۔ جس سے مختلف ممالک پانی سے محروم ہوجائیں گے۔ امریکی میڈیا کو ایک انٹرویو میں قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف کسی بھی فوجی اقدام کی حمایت نہیں کریں گے۔ اُنہو ں نے کہا کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے سے خطے کا پانی آلودہ ہوجائے گا، ایٹمی تنصیبات پر حملے سے قطر، یو اے ای، کویت کو بھی خطرات لاحق ہوں گے۔
 شیخ محمد بن عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو ایرانی جوہری تنازع کا سفارتی حل نکالنا ہوگا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس حملے سے تمام خلیجی ممالک کے لئے خطرہ پیدا ہوجائے گا۔ قطری وزیر اعظم کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ انہوں نے ایران کو جوہری مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ ممکنہ فوجی کارروائی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ امن چاہتے ہیں کہ امن معاہدہ ہوجائے، نہیں تو ہمارے پاس دوسرا آپشن بھی موجود ہے۔ قطر کے وزیراعظم نے فوجی کارروائی کی مخالفت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس وقت تک ہمت نہیں ہاریں گے جب تک کہ ہم امریکہ اور ایران کے درمیان سفارتی حل نہیں دیکھ لیتے۔ واضح رہے کہ مغربی ممالک طویل عرصے سے ایران پر جوہری ہتھیار بنانے کا الزام لگاتے رہے ہیں،جبکہ تہران کی جانب سے ہر بار ان الزامات کو مسترد کیا گیا ہے۔۲۰۱۵ءمیں، ایران نے عالمی طاقتوں کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت پابندیوں میں ریلیف کے بدلے اپنے جوہری پروگرام کو روکنے پر اتفاق کیا تھا۔ تاہم، ٹرمپ اپنی پہلی میعاد (۲۰۱۸ء) میں اس معاہدہ سے دستبردار ہو گئے تھے۔

ایران کا دھمکیوں کے نتیجے میں مذاکرات سے انکار
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ کسی دباؤ اور دھمکی کے نتیجے میں  امریکہ سے مذاکرات نہیں کریں گے۔  عرب میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو لکھے گئے خط اور بات چیت کی دعوت سے متعلق خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ کسی دباؤ اور دھمکی کے نتیجے میں مذاکرات نہیں کریں گے، چاہے موضوع کوئی بھی ہو۔  رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام سے متعلق امریکی خدشات دور کرنے کیلئے بات چیت پر تیار ہوسکتا ہے۔تاہم اب ایرانی وزیر خارجہ نے دباؤ کے نتیجے میں کسی بھی بات چیت کے امکانات کو مکمل مسترد کردیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK