خود کو او ایس ڈی بتاکرڈی سی پی کو جانچ کی سمت بدلنے کا حکم دینے والا گرفتار۔
EPAPER
Updated: April 03, 2026, 1:13 PM IST | Mumbai
خود کو او ایس ڈی بتاکرڈی سی پی کو جانچ کی سمت بدلنے کا حکم دینے والا گرفتار۔
پونے میں ایک شخص نے خود کو نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا او ایس ڈی ( آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی) بتاکر پولیس کے اعلیٰ عہدیداروںکو ایک کیس کی درست جانچ کرنے اور ملزم پر کارروائی نہ کرنے کا حکم دینے کی کو شش کی لیکن پولیس نے صحیح وقت پر تصدیق کی اور اس شخص کو گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھئے: ناندیڑ: بی ایل اوز کی لاپروائی کی شکایت، تحصیلدار کو میمورنڈم
پولیس کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق ملزم کا نام پردیومن شری ہری پاٹل(۴۷) ہے جو پونے ہی کے ہنجے واڑی علاقے کا رہنے والا ہے۔ پردیومن جمعرات کو ڈپٹی کمشنر آف پولیس، سرکل ون،رشی کیش راول کے دفتر میں داخل ہوا اور خود کو نائب وزیر اعلیٰ کا او ایس ڈی بتا کر ایک کیس کے تعلق سے گفتگو کرنے لگا۔ اس کا کہنا تھا کہ اس کیس میں تفتیش درست طریقے سے نہیں ہوئی ہے اور غلط آدمی پر کارروائی کی جا رہی ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ کا نام لے کر افسران پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرنے لگا کہ کیس میں تفتیش کی سمت تبدیل کی جائے۔
تاہم ڈپٹی کمشنر آف پولیس کو اندازہ ہوا کہ یہ شخص سرکاری افسر نہیں ہے۔ انہوں نے فوراً اپنے طور پراس بات کی تحقیق کی کہ کیا اس نام کا کوئی او ایس ڈی ایکناتھ شندے کے دفتر میں ہے؟ اور کیا اسے مذکورہ کیس کے تعلق سے گفتگو کیلئے پونے بھیجا گیا ہے؟معلوم ہواکہ ایسا کوئی شخص شندے کے دفتر میں نہیں ہے اور نہ ہی ان کے دفتر سے کسی کو ڈی سی پی کے پاس بھیجا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: پی این جی کو فروغ دینے والی ریاستوں کیلئے اضافی ایل پی جی
جب یہ بات واضح ہو گئی کہ پردیومن پاٹل جعلی افسر بن کر آیا ہے تو پولیس نے اسے فوری طور پر گرفتار کرلیا اور وشرام باغ پولیس اسٹیشن میں اس کے خلاف معاملہ درج کیا گیا۔ پولیس معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ وہ کس کے کہنے پر وہاں آیا تھا۔ اس واقعہ کی وجہ سے سرکاری افسران کے ناموں کا استعمال کرتے ہوئے دھوکہ دہی کامعاملہ ایک بار پھر زیر بحث ہےاور ایسے معاملات پر سخت کارروائی کی ضرورت ہے۔