Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناندیڑ: بی ایل اوز کی لاپروائی کی شکایت، تحصیلدار کو میمورنڈم

Updated: April 03, 2026, 1:02 PM IST | Z. A. Khan | Mumbai

بالاجی نگر اور فاروق نگر علاقوں کے بی ایل او نے نہ صرف کام میں لاپروائی کی بلکہ لوگوں سے رشوت بھی طلب کی۔

MPJ workers giving memorandum to Tehsildar. Photo: INN
ایم پی جے کارکنان تحصیلدار کو میمورنڈم دیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

ناندیڑ میں ایس آئی آر کیلئے میپنگ کا کام جاری ہے لیکن اس کام میں بے ضابطگیاں پائی جا رہی ہیں اور بوتھ لیول آفیسر (بی ایل او) کی مبینہ لاپروائی سامنے آئی ہے۔ موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس (ایم پی جے) ناندیڑ نے اس معاملے پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے تحصیلدار و انتخابی افسر کو ایک تفصیلی میمورنڈم پیش کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پی این جی کو فروغ دینے والی ریاستوں کیلئے اضافی ایل پی جی

میمورنڈم میں بتایا گیا ہے کہ بالا جی نگر اور فاروق نگر علاقوں میں تعینات بی ایل او اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام نہیں دے رہا، جس کے باعث عام شہریوں کو ووٹر لسٹ میں ناموں کی تصدیق، نئے اندراج اور دیگر ضروری خدمات کے حصول میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شکایات کے مطابق شہری کئی دنوں تک دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں، مگر انہیں کوئی واضح رہنمائی یا تعاون فراہم نہیں کیا جا رہا۔سب سے سنگین الزام یہ سامنے آیا ہے کہ متعلقہ بی ایل او کی جانب سے بعض شہریوں سے مبینہ طور پر رشوت طلب کی جا رہی ہے۔اس صورتحال نے عوام میں بے چینی اور غصے کی لہر پیدا کر دی ہے، اور لوگ اپنے جمہوری حقوق کے تحفظ کے حوالے سے تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

ایم پی جے کےریاستی نائب صدر الطاف حسین، ضلع صدر ایس ایم صمیم اور ضلع نائب صدر اظہر خان نے اس معاملے کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ متعلقہ بی ایل او کے خلاف فوری اور غیر جانبدارانہ جانچ کی جائے، لاپروائی یا بدعنوانی ثابت ہونے پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے،شہریوں کو شفاف، بروقت اور باعزت خدمات فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے،ایم پی جے کے وفد نے انتظامیہ کو دو دن کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر مقررہ وقت میں مؤثر کارروائی نہ کی گئی تو وہ اس کے خلاف بھرپور عوامی تحریک شروع کریں گے، جس کی مکمل ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے: راجیہ سبھا: راگھو چڈھا کی زباں بندی! ان کی جگہ اشوک متل ڈپٹی لیڈر بنایا گیا

ذرائع کے مطابق اس معاملے نے مقامی سطح پر خاصی سنجیدگی اختیار کر لی ہے، اور مختلف سماجی حلقے بھی اس پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ ووٹر لسٹ جیسے حساس معاملے میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا غفلت نہ صرف جمہوری عمل کو متاثر کرتی ہے بلکہ شہریوں کے اعتماد کو بھی مجروح کرتی ہے۔عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ اس شکایت کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری کارروائی کرے گی اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت اقدامات اٹھا کر عوام کو راحت فراہم کرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK