• Mon, 19 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اورنگ آباد: خودکشی سے قبل خاتون کا دوست کو بھیجا گیا پیغام سامنے آیا

Updated: October 19, 2026, 2:47 PM IST | ZA Khan | Aurangabad

آخری رسومات کی جگہ سے انسانی ہڈیاں اور باقیات ضبط۔ فارینسک اور سائبرسیل کی مدد سے تحقیقات جاری۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

شہر کے جٹواڑہ علاقے کے پُلتانڈا میں نرسنگ کی تعلیم حاصل کرنے والی ۲۴؍ سالہ طالبہ کی مشتبہ حالات میں موت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ  طالبہ نے اپنے گھر میں پھانسی لگالی تھی۔ تاہم پولیس کو اطلاع دیئے بغیر اور پوسٹ مارٹم کرائے بغیر رات کے اندھیرے میں کھیت میں آخری رسومات ادا کئے جانے کے الزام نے معاملے کو مزید مشتبہ بنا دیا ہے۔ اسی دوران موت سے قبل خاتون کی جانب سے اپنے ایک دوست کو بھیجا گیا آخری پیغام بھی سامنے آیا ہے  جس کے بعد پولیس مختلف پہلوؤں سے معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔

 پورا معاملہ کیا ہے؟

جٹواڑہ علاقے کے پُلتانڈا کی رہنے والی۲۴؍ سالہ شلپا راٹھوڑ نے نرسنگ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد سیون ہلز علاقے کے ایک نجی اسپتال میں ملازمت اختیار کی تھی۔ اہل خانہ کے مطابق  جمعہ کی نصف شب وہ اپنے گھر کے باورچی خانے میں پھانسی پر لٹکی ہوئی پائی گئی۔شلپا کے خاندان میں والدہ، والد اور دو بھائی شامل ہیں۔ اہل خانہ اسے فوری طور پر ایک نجی اسپتال لے گئے  جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈاکٹروں نے لاش کو معائنے اور مزید کارروائی کیلئے گھاٹی اسپتال لے جانے کا واضح مشورہ دیا تھا  لیکن اہل خانہ مبینہ طور پر لاش کو گھر لے آئے اور کسی کو اطلاع دیئے بغیر کھیت میں آخری رسومات ادا کردیں۔اس واقعے کے بعد معاملے کی اطلاع پولیس تک پہنچی اور تحقیقات شروع کردی گئیں۔

یہ بھی پڑھئے:ممبئی: خاتون کے قتل کے الزام میں پہلی بیوی کاباپ گرفتار

اس معاملے میں ایک اہم پہلو شلپا کے موبائل فون میں موجود چیٹ ہے۔ پولیس نے مہلوک کا موبائل فون ضبط کرلیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق موت سے قبل شلپا نے اپنے ایک دوست کو پیغام بھیجا تھا  جس میں مبینہ طورپرلکھا تھاکہ ’’ہمیشہ کیلئے الوداع، اب بات نہیں ہوگی۔‘‘ اس پیغام کے جواب میں دوست نے گھبراہٹ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ایسی باتیں نہ کرو، کیا تم پاگل ہو؟اس چیٹ کے سامنے آنے کے بعد پولیس اس بات کی جانچ کررہی ہے کہ موت سے قبل شلپا کن حالات سے گزر رہی تھی اور اس پیغام کا واقعے سے کیا تعلق ہے۔

موت کی اصل وجہ اور حالات کا پتہ لگانے کی کوشش

سنیچر کی صبح اس معاملے کی اطلاع ہرسول پولیس کو ملی  جس کے بعد پولیس افسران فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچے اور تحقیقات شروع کردیں۔ رپورٹ کے مطابق  ڈپٹی پولیس کمشنر  رتناکر نوَلے، پولیس انسپکٹر سواتی کیدار، اسسٹنٹ انسپکٹر سچن سداپھلے اور اسسٹنٹ فوجداری سبھاش شیوالے نے موقع پر پہنچ کر پوچھ تاچھ کی۔پولیس کمشنر نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے تحقیقات تیز کرنے کی ہدایت دی۔ جس کھیت میں شلپا کی آخری رسومات ادا کئے جانے کی اطلاع ہے، وہاں سے فارینسک ماہرین کی ٹیم نے انسانی ہڈیاں اور دیگر باقیات ضبط کی ہیں۔پولیس اس معاملے میں موت کے اصل سبب، وقت اور حالات کا پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہے۔ اس کیلئے سائبر سیل اور فارینسک ماہرین کی مدد لی جارہی ہے۔ موبائل فون میں موجود چیٹ اور ضبط شدہ باقیات کی جانچ کے بعد معاملے میں مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔ فی الحال موت کی اصل وجہ اور واقعے سے متعلق دیگر الزامات کی آزادانہ تصدیق ہونا باقی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK