Updated: November 09, 2026, 12:09 PM IST
| Sydney
جان بسٹ نے ۱۹۶۰ء کی دہائی میں گریٹ بیریئر ریف کو کان کنی اور تیل کی تلاش کے منصوبوں سے بچانے کے لیے غیر معمولی مہم چلائی تھی۔ انہوں نے ۴؍ ہزار سے زائد خطوط لکھے، وزرائے اعظم تک رسائی حاصل کی اور سائنس داںوں و ماحولیاتی کارکنوں کو اپنے ساتھ ملایا۔ اب آسٹریلیا کے شمالی کوئنزلینڈ کے ساحل پر موجود دو بے نام مرجانی چٹانوں کو ان سے موسوم کرکے ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کے مشہور گریٹ بیریئر ریف (Great Barrier Reef) کے تحفظ کے لیے ۱۹۶۰ء کی دہائی میں طویل جدوجہد کرنے والے ماحولیاتی کارکن، شاعر اور فنکار جان بسٹ (John Büsst) کو ایک منفرد خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔ ریاست کوئنزلینڈ کے شمالی ساحل پر واقع دو ایسی مرجانی چٹانیں، جن کی پہلے کوئی باقاعدہ شناختی نام نہیں تھا، اب ان کے نام سے موسوم کردی گئی ہیں۔ ان کا نیا نام ’جان بسٹ ریفس‘ (John Büsst Reefs) رکھا گیا ہے۔ یہ چٹانیں مشن بیچ (Mission Beach) کے ساحل سے دور، ایلیسن ریف (Ellison Reef) کے مشرق میں واقع ہیں، جہاں سے بسٹ کی تحفظِ ماحول کی مہم کا ایک اہم باب شروع ہوا تھا۔ جان بسٹ کی کہانی آسٹریلیا میں ماحولیاتی تحفظ کی ابتدائی جدوجہد کی ایک اہم مثال ہے۔ ۱۹۶۰ء کی دہائی میں جب گریٹ بیریئر ریف کی قدرتی اہمیت اور اس کے ماحولیاتی نظام کے بارے میں آج جیسی آگاہی عام نہیں تھی، اس وقت تجارتی اور صنعتی مفادات کے تحت سمندری چٹانوں سے مرجان نکالنے، اسے کھاد بنانے کے لیے استعمال کرنے اور سمندر میں تیل کی تلاش کے منصوبے زیرِ غور تھے۔ بسٹ نے ان منصوبوں کو اس قدرتی ورثے کے لیے سنگین خطرہ سمجھا اور ان کے خلاف مسلسل مہم شروع کردی۔ ان کے مخالفین نے انہیں ’باسٹرڈ آف بنگل بے‘ (Bastard of Bingil Bay) کا لقب دیا، جو بعد میں ان کی جدوجہد کی پہچان بن گیا۔
یہ بھی پڑھئے: عبدالرحمٰن کی کامیابی کی تقریر میں عربی الفاظ کے استعمال کا خیر مقدم
ان کی مہم کا ایک بڑا مرکز ایلیسن ریف تھا، جہاں سے مرجان نکال کر اسے کھاد تیار کرنے کے لیے استعمال کرنے کی تجویز سامنے آئی تھی۔ بسٹ نے اس منصوبے کی مخالفت میں عوامی رائے ہموار کی اور حکومتی اداروں تک مسلسل اپنی آواز پہنچائی۔ اس کے ساتھ ہی گریٹ بیریئر ریف کے مختلف علاقوں میں تیل کی تلاش اور ڈرلنگ کے منصوبوں کے خلاف بھی سرگرم رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قدرتی ماحول کو تباہ کرکے فوری تجارتی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش مستقبل میں ناقابلِ تلافی نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ بسٹ کی جدوجہد کا انداز بھی غیر معمولی تھا۔ انہوں نے ریف کے تحفظ کے لیے ۴؍ ہزار سے زیادہ خطوط لکھے، آسٹریلیا کے مختلف علاقوں اور بیرونِ ملک لوگوں کو اس خطرے سے آگاہ کیا اور سیاسی رہنماؤں سے براہِ راست رابطے قائم کیے۔ وہ اس وقت کے وزیر اعظم ہیرالڈ ہولٹ (Harold Holt) کے ذاتی دوست بھی تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ اپنے گھر سے پرواز کرکے میلبورن جاتے تاکہ وزیر اعظم سے ملاقات کرکے گریٹ بیریئر ریف کو لاحق خطرات پر بات کرسکیں۔ ان کی کوشش تھی کہ ماحولیاتی تحفظ کا معاملہ صرف مقامی سرگرمی نہ رہے بلکہ قومی سطح پر سیاسی اور عوامی بحث کا موضوع بنے۔
اس مہم میں بسٹ تنہا نہیں تھے۔ معروف آسٹریلیائی شاعرہ اور مصنفہ جوڈتھ رائٹ (Judith Wright) اور ماہرینِ ماحولیات لین ویب (Len Webb) اور جیف ٹریسی (Geoff Tracey) سمیت کئی افراد نے ان کا ساتھ دیا۔ اس دور میں بہت سے سائنس داں سیاسی تنازعات میں براہِ راست شامل ہونے سے گریز کرتے تھے، لیکن بسٹ نے سائنسی معلومات اور ماحولیاتی شواہد کو اپنی مہم کی بنیاد بنایا۔ معروف سمندری سائنسداں چارلی ویرون (Charlie Veron) کے مطابق بسٹ اور جوڈتھ رائٹ نے اس وقت ریف کے تحفظ کی آواز بلند کی جب علمی اور سائنسی حلقوں کی جانب سے اس معاملے پر کھل کر بولنے والے افراد بہت کم تھے۔ سمندری سائنس داں ایڈم اسمتھ (Adam Smith)، جو رِیف ایکولوجک (Reef Ecologic) کے سربراہ ہیں، نے تقریباً دو سال قبل تجویز پیش کی تھی کہ ان دو بے نام چٹانوں کو جان بسٹ کے نام سے منسوب کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بسٹ کی خدمات کو تسلیم کرنا ضروری ہے، کیونکہ انہوں نے ایسے وقت میں قدرتی ورثے کے تحفظ کے لیے جدوجہد کی جب اس کے لیے نہ مناسب ادارہ جاتی ڈھانچہ موجود تھا اور نہ ہی عوامی سطح پر وسیع حمایت۔ اسمتھ کے مطابق بسٹ نے مختلف لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا، سائنسی شواہد کو مہم کا حصہ بنایا اور حکومت کے سامنے مسلسل اپنا موقف پیش کیا۔
یہ بھی پڑھئے:امریکہ: ٹرمپ نے ہندوستانی لیڈروں اور اعلیٰ سی ای او کے ساتھ دیوالی منائی
گریٹ بیریئر ریف میرین پارک اتھاریٹی (Great Barrier Reef Marine Park Authority) نے نام رکھنے کے فیصلے کو بسٹ کی خدمات کا مناسب اعتراف قرار دیا ہے۔ اتھاریٹی کی جنرل منیجر کیرولین ٹرنر (Caroline Turnour) کے مطابق جان بسٹ نے ریف کو درپیش خطرات، بالخصوص تیل کی تلاش اور قدرتی وسائل کے استخراج کے منصوبوں کی جانب توجہ دلانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔ انہوں نے سائنس داںوں، ماحولیاتی کارکنوں اور سیاسی رہنماؤں کے ساتھ مل کر اس قدرتی علاقے کے تحفظ کے لیے حمایت پیدا کی۔ ناموں کی منظوری آسٹریلین ہائیڈروگرافک آفس (Australian Hydrographic Office)، کوئنزلینڈ کے متعلقہ محکمے اور میرین پارک اتھاریٹی کے باہمی مشاورتی طریقۂ کار کے تحت دی گئی۔ نئی نامزد چٹانیں دو الگ سمندری جغرافیائی مقامات پر مشتمل ہیں، جنہیں سرکاری ریکارڈ میں پہلے Unnamed Reef No. 17-060 اور Unnamed Reef No. 17-061 کے طور پر درج کیا گیا تھا۔ دونوں مشن بیچ کے قریب ہیں، جہاں بسٹ نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ گزارا اور تحفظِ ماحول کی مہم چلائی۔ ناموں کی منظوری کے بعد ان کے سابقہ گھر ’نینی رائز‘ (Ninney Rise) میں سائنس داںوں اور ماحولیاتی کارکنوں کی تقریب منعقد کی گئی، جبکہ شرکا کے لیے ان چٹانوں تک ایک خصوصی سمندری مہم بھی ترتیب دی گئی تاکہ وہ اس علاقے کو دیکھ سکیں جس کے تحفظ کے لیے بسٹ نے جدوجہد کی تھی۔
جان بسٹ ۱۹۷۱ء میں ۶۲؍ سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ وہ گریٹ بیریئر ریف کو باقاعدہ میرین پارک کے طور پر تحفظ دیے جانے کا فیصلہ اپنی زندگی میں نہیں دیکھ سکے۔ ان کی وفات کے چار سال بعد ۱۹۷۵ء میں وزیر اعظم گف وٹلم (Gough Whitlam) کی حکومت نے گریٹ بیریئر ریف میرین پارک کے قیام کی سمت اہم پیش رفت کی اور اس کے تحفظ کے لیے قانونی بنیاد فراہم ہوئی۔ بسٹ نے شمالی کوئنزلینڈ کے استوائی نشیبی جنگلات (Tropical Lowland Rainforests) کے تحفظ کے لیے بھی مہم چلائی تھی۔ ان کے نام سے دو سمندری چٹانوں کی شناخت اس بات کی یاد دہانی ہے کہ قدرتی ورثے کے تحفظ کی تاریخ صرف حکومتی قوانین اور اداروں نے نہیں بنائی، بلکہ ان افراد کی مسلسل کوششوں نے بھی اسے ممکن بنایا جنہوں نے اپنے وقت کے طاقتور تجارتی مفادات کے سامنے آواز بلند کی۔