امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا:’’جے ڈی، حبیبی۔‘‘الحمدللہ اوران شاء اللہ کا بھی استعمال۔
EPAPER
Updated: November 07, 2026, 4:00 PM IST | Agency | Mumbai
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا:’’جے ڈی، حبیبی۔‘‘الحمدللہ اوران شاء اللہ کا بھی استعمال۔
امریکی سینیٹ کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے عبدالرحمٰن محمدسعید کی کامیابی کی تقریر ان دنوں امریکہ سے لے کر مشرقِ وسطیٰ تک موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔ خاص طور پر ان کی جانب سے عربی الفاظ ’حبیبی‘ اور ’ان شاء اللہ‘ کے استعمال نےعالم عرب کے باشندوں کے دل جیت لئے۔ عبدالرحمٰن امریکہ کے پہلے مسلم امریکی سینیٹر بننے جا رہے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران اسلاموفوبک تبصروں کا سامنا کرنے والے عبدالرحمٰن محمدسعید نے کامیابی کے بعد اپنے ناقدین کو طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں جواب دیا۔ انہوں نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: ’’جے ڈی، حبیبی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ ایک عجیب اتفاق ہے کہ آئینی طور پر جنوری میں وینس ہی کو انہیں سینیٹر کے عہدے کا حلف دلانا ہوگا۔ عربی زبان میں ’’حبیبی‘‘ کا مطلب ’’میرے دوست‘‘ یا ’’میرے محبوب‘‘ ہے۔ عام بول چال میں یہ لفظ دوست یا ساتھی کے لئے بھی استعمال ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے عہدہ چھوڑنے کی خبروں کی تردید کی
عبدالرحمٰن محمدسعید کے حامیوں نے ’’حبیبی فار عبد‘‘ (عبد کے لئے حبیبی) کے نعرے والی ٹی شرٹس بھی پہن رکھی تھیں۔مصر سے تعلق رکھنے والے ایک تارکِ وطن خاندان میں پیدا ہونے والے عبدالرحمٰن محمدسعید نے اپنی تقریر میں ’’ان شاء اللہ‘‘ اور ’’الحمدللہ‘‘ جیسے الفاظ بھی استعمال کئے۔ان کی تقریر کے بعد سوشل میڈیا پر عرب ممالک کے باشندوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر مصر کی معروف گلوکارہ شیریں عبدالوہاب کے گانوں پر بنائے گئے ویڈیوز اور دلچسپ میمز بھی شیئر کئےگئے۔
مصر کے معروف ماہر تعلیم خلیل العنانی نے بھی عبدالرحمٰن محمدسعید کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’حبیبی‘ سب سے پیارا لفظ ہے۔ خلیل العنانی نے عبدالرحمٰن محمدسعید کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مصری عوام کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی۔