Inquilab Logo

آسٹریلیائی صحافی کا مودی حکومت پر ہندوستان چھوڑنے پر مجبور کردینے کا الزام

Updated: April 24, 2024, 12:04 PM IST | Agency | Sydney

نجر قتل کیس کی رپورٹنگ کی وجہ سے پریشان کئے جانے کا الزام عائدکیا۔

Avni Dias Photo: INN
اَونی ڈیاس۔ تصویر : آئی این این

آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (اے بی سی) کی جنوبی ایشیا کی نمائندہ اونی ڈیاس نےمنگل کو یہ سنسنی خیز الزام لگایا کہ سکھ علاحدگی پسند لیڈر ہردیپ سنگھ نجر کے قتل سے متعلق رپورٹنگ کی پاداش میں   مودی حکومت نے ان کے ویزا میں  توسع نہ کر کے انہیں   ہندوستان چھوڑنے پر مجبور کردیا ہے۔ 
 ڈیاس جو جنوری ۲۰۲۲ء سے دہلی سے رپورٹنگ کررہی تھیں، نے منگل کو ایکس پوسٹ میں الزام لگایا کہ مودی حکومت نے ابتدا میں  ویزامیں توسیع کی ان کی درخواست کو بلاک کردیا اور آسٹریلیائی حکومت کی  مداخلت پر آخری مرحلے میں اسے قبول کیا تو صرف ۲؍ ماہ کی توسیع کی۔ اَونی ڈیاس کے مطابق’’گزشتہ ہفتے مجھے اچانک ہندوستان چھوڑنا پڑا۔ مودی حکومت نے کہا ہے کہ میرے ویزا میں توسیع کی درخواست خارج کردی جائے گی کیوں  کہ میری رپورٹنگ نے ’’حد پار کردی‘‘ ہے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ میں اقوام متحدہ کے ادارہ کے کارکنوں پر اسرائیل کا الزام جھوٹا نکلا

آسٹریلیائی حکومت کی مداخلت پر مجھے صرف ۲؍ مہینوں  کی توسیع ملی ...وہ بھی میری فلائٹ سے محض ۲۴؍ گھنٹے قبل۔ ‘‘ ان کے مطابق’’مجھے بتایاگیا کہ’’ حکومت ہند کی ایک وزارت کی ہدایت پر انتخابات کی رپورٹنگ کیلئے مجھے سرکاری شناختی کارڈ نہیں جاری کیا جائےگا۔ ‘‘ انہوں  نے وزیراعظم مودی کو براہ راست نشانہ بناتے ہوئے شکایت کی کہ ’’ہمیں  قومی انتخابات کے پہلے دن وہاں  سے نکلنا پڑا جسے مودی مادرِ جمہوریت قرار دیتے ہیں۔ ‘‘ ویزا میں  توسیع کے باوجود ملک چھوڑ دینے کے تعلق سے اونی نے دعویٰ کیا کہ ویزا میں  توسیع بہت تاخیر سے ہوئی اور ’’تب تک میں  یہ سمجھ چکی تھی کہ ہندوستان میں  کام جاری رکھنا بہت مشکل ہوگا۔ ‘‘ اونی کا الزام ہے کہ انہیں  یوٹیوب پر جاری کی گئی اپنی خبروں  کو ہٹانے کا نوٹس ملتا رہتا تھا نیز سرکاری پروگراموں  میں ان کا داخلہ بھی ممنوع کردیا گیاتھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK