موٹر سائیکل پر لاش لے کر جارہے ملزمین کی گاڑی اسپیڈ بریکر پر اچھل گئی جس کی وجہ سے توازن بگڑگیا اور لاش گر گئی، مدد کیلئے آئے لوگوں نے لاش دیکھ کر شور مچادیا، گاڑی اور لاش چھوڑ کر ملزمین فرار ہوگئے۔
EPAPER
Updated: September 18, 2023, 11:47 AM IST | Inquilab News Network | Ayodhya
موٹر سائیکل پر لاش لے کر جارہے ملزمین کی گاڑی اسپیڈ بریکر پر اچھل گئی جس کی وجہ سے توازن بگڑگیا اور لاش گر گئی، مدد کیلئے آئے لوگوں نے لاش دیکھ کر شور مچادیا، گاڑی اور لاش چھوڑ کر ملزمین فرار ہوگئے۔
کھنڈاسہ تھانہ حلقہ کے گھٹولی گاؤں کے پاس دو نوجوان موٹر سائیکل پر لاش لے کر ٹھکانے لگانے جارہے تھے لیکن ان کا یہ منصوبہ اسپیڈ بریکر کے سبب ناکام ہو گیا۔بریکر پر گاڑی اچھلنے کے سبب دونوں موٹر سائیکل لے کر گر گئے، مدد کے لئے آئے نوجوانو ں نے لاش کا ہاتھ دیکھ کر شور مچایا تو دونوں گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ دو افراد ہیرو سپر اسپلنڈر موٹر سائیکل پر ترپال میں بندھے ایک ۳۵؍ سال کے نوجوان کی لاش کو اٹھا کر کسی جگہ لے جا رہے تھے۔ آزاد نگر گھٹولی چوراہے کو جانے والی چتوڑہ گویڑی لنک روڈ پر گھٹولی گاؤں کے قریب ان کی موٹر سائیکل اسپیڈ بریکر سے بے قابو ہو کر بجری اور مٹی کے ڈھیر سے ٹکرا گئی۔ موٹر سائیکل گرنے کی آواز سن کر گاؤں والے بھی موقع پر پہنچ گئے۔ گاؤں والوں نے پہلے دونوں نوجوانوں کو اٹھانے کی کوشش کی لیکن جب انہوں نے ترپال سے لاش کا ہاتھ نکلا ہوا دیکھے تو شور مچا دیا۔ ماجرا سمجھ کر لاش کو ٹھکانے لگانے کے لئے آنے والے دونوں نوجوان موقع سے بھاگ گئے۔ گاؤ ں والوں نے جب ترپال کھولی تو دیکھا کہ اس کے اندر ایک نوجوان کی بستر سمیت خون آلود لاش بندھی ہوئی تھی۔ اطلاع ملتے ہی کمار گنج کھنڈاسہ اور عنایت نگر پولیس اسٹیشنوں کی فورسیز موقع پر پہنچ گئیں اور لاش کو اپنے قبضے میں لے لیا۔
پولیس نے ترپال میں بندھی نوجوان کی لاش اور موقع سے ملنے والی موٹر سائیکل کو تحویل میں لے لیا۔ ترپال سے ایک ٹوپی بھی ملی۔ تفصیلات کے مطابق متوفی کی شناخت ثاقب کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ پرسولی گائوں کا باشندہ تھا اور تقریباً ڈھائی سال قبل اس نے اپنی زمین اور مکان اپنے کزن سلطان خان کو بیچ کر بھیلسر کے قریب ردولی روڈ پر اپنا مکان بنایا تھا۔ ثاقب کے تین بھائی تھے جن میں سے سب کا انتقال ہوچکا ہے۔ ثاقب اپنے تین بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔
بتایا جارہا ہے کہ ثاقب جھاڑ پھونک کا کام کرتا تھا اور ایک کیس میں جیل بھی جا چکا ہے۔ اس کا قتل جھاڑ پھونک والے معاملے میں ہی ہونے کا شبہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔ فی الحال کھنڈاسہ پولیس تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیس کی تفتیش کر رہی ہے۔ اطلاع کے بعد پولیس سپرنٹنڈنٹ دیہی اتل کمار سونکر نے بھی جائے واردات کا جائزہ لیا۔ اس معاملے میں فرار ہونے والے ملزمین کو تو اب تک پڑا نہیں جاسکا ہے لیکن اس معاملے میں شبہ کی بنیاد پر کچھ لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے پوچھ تاچھ کی بنیاد پر آگے کی کارروائی کی جائے گی۔