لوکل ٹرینوں میں سفر کرنے والے لاکھوں مسافروں کی سیکوریٹی کو مزید مؤثر بنانے اور سنگین نوعیت کے جرائم کی بروقت روک تھام کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: September 17, 2026, 8:53 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Ambernath
لوکل ٹرینوں میں سفر کرنے والے لاکھوں مسافروں کی سیکوریٹی کو مزید مؤثر بنانے اور سنگین نوعیت کے جرائم کی بروقت روک تھام کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔
لوکل ٹرینوں میں سفر کرنے والے لاکھوں مسافروں کی سیکوریٹی کو مزید مؤثر بنانے اور سنگین نوعیت کے جرائم کی بروقت روک تھام کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔ طویل عرصے سے کلیان ریلوے پولیس پر پڑنے والے غیر معمولی بوجھ کو کم کرنے اور الہاس نگر، امبرناتھ تا بدلاپور میں ریلوے جرائم پر قابو پانے کے لئے ایک نیا اور خود مختار امبرناتھ ریلوے پولیس اسٹیشن قائم کیا گیا ہے۔
کلیان تا بدلاپور روٹ پر گزشتہ چند برسوں کے دوران تیز رفتار شہری آبادی کے باعث روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ اس بھیڑ کا فائدہ اٹھا کر لوکل ٹرینوں اور پلیٹ فارموں پر موبائل چوری، سامان پر ہاتھ صاف کرنے، مسافروں کے مابین جھگڑوں اور بالخصوص خطرناک ’پھٹکا گینگ‘ کے حملوں کے واقعات میں تشویش ناک حد تک اضافہ دیکھا جا رہا تھا۔ اب تک اس پورے علاقے کی سیکوریٹی کی ذمہ داری کلیان ریلوے پولیس اسٹیشن کے پاس تھی۔حدود وسیع ہونے اور کام کے شدید دباؤ کے سبب پولیس کارروائی اور تفتیش میں غیر معمولی تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: آٹگاؤں کے قریب حادثہ، کار، ٹرک کے ڈھانچے میں جاگھسی
مہاراشٹر ریلوے پولیس کے تحت شروع کیے گئے اس نئے اسٹیشن کی حدود میں الہاس نگر، امبرناتھ اور بدلاپور جیسے انتہائی مصروف اسٹیشن شامل کیے گئے ہیں۔لوکل ٹرینوں میں روزانہ تقریباً ۷۵ لاکھ افراد سفر کرتے ہیں۔۱۹۹۹ء سے لے کر اب تک سینٹرل اور ویسٹرن روٹ پر محض ۱۷ ریلوے پولیس تھانے سرگرم تھے۔
۲۰۲۵ء اس کی منظوری ملی تھی
سیکوریٹی تقاضوں کے پیشِ نظر محکمہ داخلہ نے ۳ ؍مارچ ۲۰۲۵ءکو لوک مانیہ تلک ٹرمینس (ایل ٹی ٹی)، آسن گاؤں، امبرناتھ اور بھائندر کیلئے ۴ ؍ نئے تھانوں کی منظوری دی تھی۔ ان میں سے ایل ٹی ٹی، آسن گاؤں اور بھائندر تھانوں کے بعد اب امبرناتھ تھانے کی باقاعدہ شروعات سے مسافروں کے حفاظتی نیٹ ورک کو زبردست استحکام ملا ہے۔