انگلینڈ میں ایک خاتون نے اسپتال پہنچنے سے قبل کے ایف سی ریسٹورنٹ کی پارکنگ میں اپنے بیٹے کو جنم دے دیا۔ والدین نے کے ایف سی کے بانی کرنل ہارلینڈ سینڈرز سے متاثر ہوکر نومولود کا عرفی نام ’’کرنل کوڈی‘‘ رکھ دیا۔
EPAPER
Updated: September 21, 2026, 7:05 PM IST | London
انگلینڈ میں ایک خاتون نے اسپتال پہنچنے سے قبل کے ایف سی ریسٹورنٹ کی پارکنگ میں اپنے بیٹے کو جنم دے دیا۔ والدین نے کے ایف سی کے بانی کرنل ہارلینڈ سینڈرز سے متاثر ہوکر نومولود کا عرفی نام ’’کرنل کوڈی‘‘ رکھ دیا۔
انگلینڈ میں ایک خاتون نے ۲۹؍ اگست کو کے ایف سی ریسٹورنٹ کی پارکنگ میں اپنے بیٹے کو جنم دیا، جس کے بعد فاسٹ فوڈ چین کے بانی کرنل ہارلینڈ سینڈرز سے متاثر ہوکر والدین نے بچے کا عرفی نام ’’کرنل کوڈی‘‘ رکھ دیا۔ خبر رساں ایجنسی ایس ڈبلیو این ایس کے مطابق کیٹی مرفی کے ہاں بیٹے کی پیدائش وورسٹرشائر کے قصبے برومسگروو میں واقع کے ایف سی کی پارکنگ میں ہوئی۔ کیٹی اور ان کے ساتھی اسٹیفن کربی صبح کے وقت اسپتال گئے تھے، جب کیٹی کو زچگی کی تکلیف شروع ہوئی۔ ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد شام ۴؍ بجے انہیں گھر جانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ بچے کی پیدائش میں ابھی کچھ وقت ہے۔ تاہم دردِ زہ جاری رہا اور رات ۹؍ بجے دونوں نے دوبارہ اسپتال جانے کا فیصلہ کیا۔ اسپتال ان کے گھر سے تقریباً ۳۰؍ منٹ کی مسافت پر تھا، لیکن راستے میں کیٹی کو محسوس ہوا کہ بچے کی پیدائش ہونے والی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مسجد الحرام کے مؤذن شیخ ابراہیم المدنی انتقال کر گئے
اسٹیفن نے فوری طور پر ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کیا اور گاڑی کو ان کے معمول کے کے ایف سی ریسٹورنٹ کی پارکنگ میں روک دیا۔ تاہم بچہ ایمبولینس کے پہنچنے کا انتظار نہ کر سکا اور رات ۹؍ بج کر ۳۵؍ منٹ پر گاڑی ہی میں پیدا ہوگیا۔ اسٹیفن کو نومولود کو سنبھالنے کے لیے گاڑی کی اگلی نشست پر جانا پڑا۔ ایمبولینس تقریباً پانچ منٹ بعد وہاں پہنچ گئی اور ماں اور بچے کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ کیٹی نے کہا، ’’سب کچھ بہت تیزی سے ہوا۔ خوش قسمتی سے ایمبولینس تقریباً پانچ منٹ بعد ہمارے پاس پہنچ گئی اور ہمیں اسپتال لے گئی۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ کوڈی صحت مند اور خوش ہے، اگرچہ اس نے ’’اپنے والد کی گاڑی میں دنیا میں انتہائی اچانک قدم رکھا۔‘‘ والدین نے کے ایف سی سے متاثر ہوکر اپنے بیٹے کا نام ’’کرنل کوڈی‘‘ رکھا ہے۔ کیٹی کے مطابق، ان کے بیٹے کی پہلی سالگرہ کے ایف سی میں منانے اور مستقبل میں وہاں ہفتہ وار ملازمت دلوانے کا بھی منصوبہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے: پاکستان: عمران خان کی تینوں بہنیں تھری ایم پی او کے تحت ۳۰ ؍روز کیلئے نظر بند
کوڈی کی پیدائش اور اس کے نام پر ردعمل دیتے ہوئے کے ایف سی کے ترجمان نے کہا، ’’ہمیں اعزاز ہے کہ کوڈی کی پیدائش کی جگہ ہمارا ریسٹورنٹ بنا۔ ہم پورے خاندان کے لیے ڈھیروں محبت بھیج رہے ہیں، ساتھ ہی جشن منانے میں مدد کے لیے کے ایف سی کی کچھ اشیا اور واؤچرز بھی دے رہے ہیں۔‘‘