ایف ڈی اے کمشنر تکارام منڈے نے پریس کانفرنس میں گمراہ کن اشتہارات پر۱۰؍ لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کا انتباہ دیا۔ تمام فوڈ بزنس آپریٹرس کو ضوابط پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت۔
EPAPER
Updated: November 21, 2026, 11:53 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ایف ڈی اے کمشنر تکارام منڈے نے پریس کانفرنس میں گمراہ کن اشتہارات پر۱۰؍ لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کا انتباہ دیا۔ تمام فوڈ بزنس آپریٹرس کو ضوابط پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت۔
مہاراشٹر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کے کمشنر تکارام منڈے نے جمعہ کو باندرہ کرلا کمپلیکس میں اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے ریاست بھر میں غیر قانونی اور غیر معیاری ہیلتھ سپلیمنٹ اور جم پروٹین پاؤڈر کی فروخت پر سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہےکہ بغیر لائسنس کے کسی بھی قسم کے ہیلتھ سپلیمنٹ فروخت کرنے پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ ان کی اخبار، سوشل میڈیا ،آن لائن پلیٹ فارم، ٹیلیویژن اور دیگر ذرائع سے تشہیر پر بھی عائد کی گئی ہے ۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ یہ بھی کہا کہ خلاف وزری کرنے والوں پر معاملے کی سنگینی کے مطابق عمر قید تک ہو سکتی ہے۔
فوڈ بزنس آپریٹرس کی لاپروائی پر برہم
ایف ڈی اے کمشنر تکارام منڈے نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں تمام فوڈ بزنس آپریٹرس ( ایف بی او)فوڈ سیفٹی قوانین اور ضوابط پر پوری طرح عمل نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے تمام ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کو صاف صفائی اور ان کے معیار کے اصولوں کی سختی سے پابندی کرنے کی ہدایت دی۔
جم پروٹین پاؤڈر اور ہیلتھ سپلیمنٹ پر کریک ڈاؤن
ایف ڈی اے کمشنر نے بتایا کہ نوجوانوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والے غیر معیاری جم پروٹین پاؤڈر اور ہیلتھ سپلیمنٹ اب ایف ڈی اے کے راڈار پر ہیں۔ انہوں نے ہیلتھ سپلیمنٹ فروخت کرنے والوں کیلئے نئے اور سخت احکامات جاری کرتے ہوئے ان کی بغیرلائسنس فروخت فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ ’’ کوئی بھی سپلیمنٹ کسی انسان کی بیماری یا کمزوری کو دور نہیں کر سکتا ، وہ اسے بڑھنے سے روک سکتا ہے لیکن اس کے مستقبل میں نقصانات بھی ہو سکتے ہیں۔ تکارام منڈےنے شہریوں خصوصاً نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈاکٹر سے مشورہ کئے بغیر کسی بھی سپلیمنٹ کا استعمال کرنے سے گریز کریں۔ اگر کوئی بھی شخص یا ٹرینر مقوی ہونے کا یقین بھی دلائے تب بھی اس پر اعتماد نہ کریں کیونکہ یہ نقصاندہ ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: قریبی رشتوں میں شادی کیخلاف قانون!
انفلوئنسرز اور گمراہ کن اشتہارات پر انتباہ
تکارام منڈے نے غیر معیاری ہیلتھ سپلیمنٹ اور جم پروٹین پاؤڈر کی فروخت کی تشہیر کرنے والے سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور کمپنیوں کو خبردار کیاہے کہ صحت یا خوبصورتی سے متعلق جھوٹے دعوے کرنے والے اشتہارات پر۱۰؍ لاکھ روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف، لائسنس کی معطلی یا منسوخی کے ساتھ ساتھ فوجداری کارروائی بھی کی جائے گی۔
ریاست گیر کارروائی کی تفصیلات
ایف ڈی اے کمشنر نے بتایا کہ ایف ڈی اے کی جانب سے ملاوٹ خوروں کے خلاف مہم مسلسل جاری ہے جس کے تحت اب تک ریاست بھر میں ۲؍ کروڑ۲۳؍ لاکھ روپے مالیت کا غیر معیاری غذائی ذخیرہ ضبط کیا جا چکا ہے اور ۲۳؍ اداروں کے لائسنس معطل کئےگئے ہیں۔
شہریوں سے اپیل
تکارام منڈے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی ملاوٹ یا غیر قانونی فروخت کی اطلاع فوری طور پر ایف ڈی اے کے پورٹل یا ٹول فری نمبرپر دیں تاکہ عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ایسی مصنوعات صرف لائسنس یافتہ دکانوں اور قابل بھروسہ آن لائن فروخت کنندگان سے خریدیں اور بل حاصل کریں۔لیبل پر فوٹ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈ اتھاریٹی آف انڈیا(ایف ایس ایس اے آئی )لائسنس نمبر، زمرہ کا نام، اجزاء، تجویز کردہ خوراک، بیچ، ایکسپائری ڈیٹ اور وارننگ چیک کریں۔
’’ایسی مصنوعات سے ہوشیار رہیں‘‘
ایف ڈی اے کمشنر تکارام منڈے کے بقول ’بیماری کا علاج‘، ’ذیابیطس / بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے‘ ، ’وزن میں تیزی سے کمی‘ یا ’پٹھوں میں فوری اضافہ‘ کا دعویٰ کرنے والی مصنوعات سے ہوشیار رہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ ’’تجویز کردہ خوراک سے زیادہ استعمال نہ کریں، یہ مصنوعات دواؤں کا متبادل نہیں ہیں۔بچوں، حاملہ، دودھ پلانے والی خواتین اور بوڑھے افراد کو ایسی مصنوعات صرف ڈاکٹر کے مشورے پر ہی لینی چاہئے۔‘‘