• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

راجستھان پنچایت الیکشن: انتخاب ہارنے والی امیدوار پر۴؍گاؤں کےاسٹریٹ لائٹس نکلوانے کا الزام

Updated: November 23, 2026, 3:02 PM IST | Agency | Tonk

بی جے پی کے رکن اسمبلی رام سہائے ورما کے پرسنل اسسٹنٹ آلوک شرما کی بیوی پرینکا شرما نے پیپلو پنچایت سمیتی کے وارڈ نمبر ۴؍سے پنچایت سمیتی ممبر کا الیکشن لڑا تھا۔

An electricity department official removing a light in Ward No. 4 of the Peplo Panchayat Samiti, Ranoli. Photo: INN
رنولی کے پیپلو پنچایت سمیتی وارڈ نمبر ۴؍ میں بجلی محکمے کا اہلکار لائٹ نکالتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
راجستھان کے ضلع ٹونک میں پنچایت انتخابات کے بعد چار گاؤںکے تقریباً ۵۰؍ اسٹریٹ لائٹس ہٹانےپر تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ دیہی باشندوں کا الزام ہے کہ بی جے پی کے رکن اسمبلی رام سہائے ورما کے پرسنل اسسٹنٹ آلوک شرما کی اہلیہ پرینکا شرما انتخاب ہار گئیں تو گاؤں سے اسٹریٹ لائٹس ہٹانے کی کارروائی شروع کردی گئی۔  دیہی باشندوں نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر انتخابی نتائج آنے کے بعد ہی ان لائٹس کو ہٹانے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ 
تنازع اس قدر بڑھ گیا ہے کہ بجلی محکمہ کو بھی اس کی جانچ شروع کرنی پڑی ہے۔معلوم ہوکہ  پیپلو پنچایت سمیتی کے وارڈ نمبر۴؍ میں واقع چار گاؤں کی ڈھانیوں میں اسٹریٹ لائٹس لگائی گئی تھیں۔ ان میں کمہاروں کی ڈھانی، بیگم پورہ، حنیف گنج اور بیجل پورہ شامل ہیں۔ یہ تمام گاؤں رنولی گرام پنچایت کے تحت آتے ہیں۔دیہی باشندوں کا دعویٰ ہے کہ تقریباً ۵۰؍  لائٹس نوائی سے بی جے پی کے رکن اسمبلی رام سہائے ورما کے پرسنل اسسٹنٹ آلوک شرما کے کہنے پر لگوائی گئی تھیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ آلوک شرما کی اہلیہ پرینکا شرما نے اسی وارڈ سے پنچایت سمیتی ممبر کا انتخاب لڑا تھا، لیکن انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے بعد ہی گاؤں میں نصب اسٹریٹ لائٹس کو ہٹانے کی کارروائی شروع ہوگئی۔
 
 
مقامی باشندوں کے مطابق، انتخابی نتائج آنے کے بعد جے پور ودیوت وِترن نگم لمیٹڈ کی ٹیم گاؤں پہنچی۔ ٹیم نے بجلی کے کھمبوں پر لگی اسٹریٹ لائٹس اتارنا شروع کردیں۔ اس پر گاؤں والوں نے احتجاج کیا۔ ہنگامے کے دوران ٹیم کمہاروں کی ڈھانی میں تقریباً۱۰؍ کھمبوں سے لائٹس اتارے گئے۔ تاہم، باقی تقریباً۴۰؍ کھمبوں سے لائٹس ہٹانے کی کارروائی روک دی گئی۔اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ نو منتخب سرپنچوں نے بجلی کا بل ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔اس پورے تنازع پر بجلی محکمہ نے الگ ہی وضاحت پیش کی ہے۔جے وی وی این ایل کے ایگزیکٹیو انجینئر ڈی آر مینا کے مطابق، بجلی کی خرابی سے متعلق شکایات دور کرنے کے لیے محکمہ کی ایک ٹیم گاؤں پہنچی تھی۔ اسی دوران ٹیم کی نظر بجلی کے کھمبوں پر نصب اسٹریٹ لائٹس پر پڑی۔جانچ کے دوران پتہ چلا کہ ان لائٹس کو بجلی کے کھمبوں سے بغیر اجازت جوڑا گیا تھا۔ یعنی ان کے بجلی کنکشن مقررہ ضابطوں کے مطابق نہیں تھے۔اس کے بعد محکمہ کے افسران نے موقع کا معائنہ کیا اور لائٹس ہٹانے کی کارروائی شروع کردی۔محکمہ نے اب اس معاملے کی باقاعدہ جانچ بھی شروع کردی ہے۔ ایگزیکٹیو انجینئر کو یہ پتہ لگانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ یہ لائٹس کس نے لگوائی تھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK