بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے پٹری کے نیچے پائپ ڈالا گیا۔ نوپاڑہ پیپلز ویلفیئر کمیٹی کی کوشش سے ریلوے اور بی ایم سی کی جانب سے مشترکہ طور پر توجہ دی گئی۔
EPAPER
Updated: April 11, 2026, 11:23 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Bandra
بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے پٹری کے نیچے پائپ ڈالا گیا۔ نوپاڑہ پیپلز ویلفیئر کمیٹی کی کوشش سے ریلوے اور بی ایم سی کی جانب سے مشترکہ طور پر توجہ دی گئی۔
موسم باراں میں تیز بارش کے دوران کیا حالات ہوتے ہیں ؟ یہ کسی سے مخفی نہیں۔ بالخصوص باندرہ (مشرق) نوپاڑہ، گھاس بازار اور ریلوے ومتصل حصے میں زبردست سیلابی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے۔ نوبت یہاں تک آجاتی ہے کہ مصلیان کا گھاس بازار مسجد پہنچنا بھی آسان نہیں ہوتا۔ ان حالات سے مقامی افراد اور اسٹیشن آنے والوں کو نجات دلانے کے لئے نوپاڑہ پیپلز ویلفیئر کمیٹی کی جانب سے قبل از وقت کوشش شروع کی گئی اور ایچ ایسٹ وارڈ میونسپل کارپوریشن کے مینٹیننس ڈپارٹمنٹ، رکن پارلیمنٹ ورشا گائیکواڑ اور رکن اسمبلی ورون سر دیسائی کی جانب سے سینئر ڈویژنل انجینئرنگ پی ایس آر ڈپارٹمنٹ کو خطوط لکھے گئے اور مسئلے سے آگاہ کرایا گیا۔ اس پر ریلوے کے افسران اکھلیش کمار مشرا، سینئر سیکشن انجینئر پوار اور سینئر سیکشن انجینئر اروند کمار سنگھ نے معاملہ فہمی کا ثبوت دیتے ہوئے اس کا حل تلاش کرنے کی مشترکہ کوشش کی۔ اس کے لئے خاص طور پر باندرہ اسٹیشن اور گاؤٹھن علاقے میں بارش کے دوران باندرہ اسٹیشن اور نوپاڑہ روڈ پر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے نالا نمبر۱؍ میں پٹریوں کے نیچے۴؍ فٹ چوڑا پائپ ڈالا گیا۔ اسی طرح۲۲؍ نمبر گیٹ کے شمال میں ۱۸؍ نمبر گیٹ پر اور ٹرمنس کی جانب بھی جائزہ لے کر ضروری کام کیا گیا تاکہ کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ یہ تفصیلات نوپاڑہ پیپلز ویلفیئر کمیٹی کے ذمہ دار عبدالقدیر شیخ نے نمائندۂ انقلاب کو بتائیں۔
یہ بھی پڑھئے: میرا بھائندر : ۱۲؍ ہزاررکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کے لائسنس، بیج اور پرمٹ کی جانچ شروع
ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ جس طرح پانی کی نکاسی کی لئے الگ الگ کام کئے گئے ہیں اس سے یہ امید ہے کہ اس دفعہ موسم باراں میں مکینوں اور تاجروں کو سیلابی کیفیت سے نجات ملے گی۔ اس مسئلے سے وہ سالہا سال سے پریشان رہا کرتے تھے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پانی بھرنے کے سبب کئی طرح کے مسائل ہوتے ہیں اور ایک طرح سے عوام کی زندگی اجیرن ہوجاتی ہے۔
ریلوے کے انجینئر کے مطابق پٹری کے نیچے پائپ ڈالنے میں جو کامیابی ملی ہے، اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ پانی جمع نہیں ہوگا۔ صاف صفائی کی وجہ سے پٹریوں اور قریب جمع ہونے والا پانی آسانی کے ساتھ نالے میں چلا جائے گا، اس سے پانی جمع ہونے کا مسئلہ ختم ہوجائے گا۔ یہی وجہ ہے کہ اس کام کوانجام دینے میں وقت لگا کیونکہ پہلے اسے سمجھایا گیا، اس کے بعد کام شروع کیا گیا۔ واضح ہوکہ اس تعلق سے جو مشترکہ کوشش کی گئی ہے موسم باراں کی آمد کے بعد حقیقی معنوں میں اندازہ ہوسکے گا کہ پانی کی بہتر نکاسی کس قدر ممکن ہوسکی ہے؟ اس کے علاوہ بارش کے دوران بھی نگرانی کی جائے گی تاکہ اگر کچھ کمی رہ گئی ہوگی تو بلاتاخیر اسے بھی حل کیا جائے گا۔ شہریوں کو ہونے والی پریشانی مستقل طور پر ختم ہوسکے گی۔