• Tue, 10 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ میں تودہ گرنے سے ۵؍ فلسطینی جاں بحق

Updated: November 10, 2026, 2:32 PM IST | Agency | Gaza

شدید بارش کا سامنا کرنے والےغزہ میں خیموںمیں مقیم بے گھر فلسطینیوں پر نئی آفت ،اہل غزہ نےاس کیلئے عالمی برادری کی بے حسی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔

Locals carrying the bodies of children. Photo: INN
مقامی افراد بچوں کی لاشوں کو لے جاتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

شدید سیلاب کا سامنا کرنے والے غزہ  میں خیموںمیں مقیم بے گھر فلسطینیوں پر اس وقت ایک نئی آفت ٹوٹ پڑی جب دیر البلح علاقے میں ریت کا تودہ گرنے کے نتیجے میں ماں اور  بیٹی سمیت۵؍ شہری شہید اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ۳؍ بچے ہیں ۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت انتہائی نازک ہے ۔ وسطی غزہ کی پٹی کے شہر دیر البلح میں مسجد المجاہدین کے قریب ارض الرباط کیمپ (حاووز البرکہ) میں دو خاندانوں پر مٹی اور ریت کا ایک بڑا ڈھیر گرنے سے ایک خاتون اور ایک بچی شہید اور دیگر افراد زخمی ہو گئے۔غزہ میں شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے بتایا کہ وسطی غزہ کے شہر دیر البلح میں ارض الرباط پناہ مرکز میں یہ حادثہ پیش آیا جس کے بعد ہمارا عملہ فوری طور پر جائے وقوع کی طرف روانہ ہوا۔ فلسطینی حکام نے شدید بارش کے نتیجے میں وسطی غزہ پٹی میں مٹی کا تودہ گرنے سے  ہونے والی ان اموات کے بعد عالمی برادری کی بے حسی اور عدم کارروائی  پر سخت تنقید کی ہے۔

غزہ کے سرکاری میڈیا دفتر نے پیر کو جاری ایک بیان میں کہا، یہ ایسا منظر ہے جسے دیکھ کر انسانیت کے ضمیر کو شرمسار ہونا چاہیے۔ یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہمارے عوام کو کس حد تک بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے اور ان کے ساتھ کس قدر بے حسی اور ملی بھگت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: میری کتاب سیاسی نہیں، خاندان اور محبت کی کہانی اور ذاتی نوعیت کی تحریر ہے: سونیا گاندھی

واضح رہےکہ غزہ میں بارش کے پانی نے بے گھر افراد کے کیمپوں کو زیر آب کر دیا اور ان عمارتوں کو مزید کمزور کر دیا جو پہلے ہی اسرائیلی فضائی حملوں میں تباہ یا متاثر ہو چکی تھیں۔ اسرائیلی فوج کی عائد کردہ پابندیوں کے باعث تلاش اور بچاؤ کے خصوصی آلات کی شدید قلت ہے ۔ اس صورت حال میں غزہ کے مکینوں کو ملبے میں دبے لوگوں تک پہنچنے اور زندہ بچ جانے والوں کو نکالنے کے لیے اپنے ہاتھوں سے کھدائی کرنا پڑی۔

متاثرہ افراد کھلے اور غیر محفوظ مقام پر کمزور خیموں میں رہ رہے تھے جہاں انہیں شدید بارش سے بچانے کا کوئی انتظام نہیں تھا۔ انہوں نے کہا جب  تودہگرا تو ان لوگوں کے پاس بچ نکلنے یا خود کو محفوظ رکھنے کا کوئی موقع نہیں تھا۔ یہ صورت حال ان انتہائی دشوار حالات کو ظاہر کرتی ہے جنہیں زمین پر موجود لوگوں کو برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔بتا دیں کہ ہفتے کے آخر میں آنے والے طوفان کے دوران غزہ میں تقریباً۷۰؍ ہزار خیمے سیلاب میں ڈوب گئے۔ ’سیو دی چلڈرن ‘ کے اعداد و شمار کے مطابق۵؍ لاکھ سے زیادہ بچے پناہ گاہوں کی ایسی صورت حال میں رہ رہے ہیں جسے انتہائی تشویش ناک یا تباہ کن  قرار دیا گیا ہے۔سیو دی چلڈرن نے ایک بیان میں کہا کہ  ایک سال سے زیادہ عرصہ قبل اعلان کردہ نام نہاد جنگ بندی میں خیموں کے مقابلے میں زیادہ پائیدار متبادل کے طور پر عارضی رہائشی یونٹس (کارواں) غزہ میں داخل کرنے کی بات شامل تھی لیکن اسرائیلی حکام نے بار بار ان کی آمد روک دی، جس کے نتیجے میں لاکھوں بچے ایک اور سخت موسم سرما کے خطرات سے دوچار ہیں ۔ غزہ کے سرکاری میڈیا دفتر نے اسرائیل، امریکہ اور عالمی برادری کو اس صورت حال کا مکمل اور براہ راست ذمہ دار قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ وہ قبضے کے جرائم پر مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں اور پناہ گاہوں کے سامان، تعمیراتی مواد، عارضی رہائشی یونٹس، ایندھن اور بلدیاتی اداروں و شہری دفاع کے آلات اور مشینری چلانے کے لیے درکار اسپیئر پارٹس کی آمد روکنے میں شریک ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم  اس صورت حا ل اور بورڈ آف پیس  نیزغزہ کے انتظام کے لیے قومی کمیٹی کی مکمل غیر موجودگی کی سخت مذمت کرتے ہیں، گویا یہ تباہی ان کے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK