• Tue, 10 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران جنگ پر امریکی وزیرِ دفاع کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع

Updated: November 10, 2026, 2:32 PM IST | Washington

ری پبلکن رکنِ کانگریس تھامس میسی نے پیٹ ہیگستھ کے خلاف ۸؍ الزامات پر مشتمل مواخذے کی قرارداد پیش کردی۔ ایران میں کانگریس کی منظوری کے بغیر جنگ جاری رکھنے، یمن اور وینزویلا میں فوجی کارروائیوں اور ناقدین کو دبانے کے الزامات بھی شامل۔ صدر ٹرمپ نے وزیرِ دفاع کی حمایت کی، جبکہ ایوان میں اسی ہفتے ووٹنگ متوقع ہے۔

Pete Hegseth. Photo: INN
پیٹ ہیگستھ۔ تصویر: آئی این این

امریکہ میں ایران کے خلاف جنگ کے فیصلے نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اندر اور کانگریس میں اختلافات کو مزید نمایاں کردیا ہے۔ ری پبلکن پارٹی کے رکنِ کانگریس تھامس میسی نے وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ کے خلاف مواخذے کی باقاعدہ قرارداد پیش کردی ہے۔ اس میں ۸؍ الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن میں کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنا، شہری ہلاکتوں سے متعلق قوانین کو نظرانداز کرنا، یمن اور وینزویلا میں غیر قانونی فوجی کارروائیاں اور حکومت کے ناقدین کے اظہارِ رائے کے حق کو دبانے کی کوشش شامل ہیں۔ میسی نے الزام لگایا ہے کہ ہیگستھ نے اپنے عہدے کے اختیارات کا غلط استعمال کیا اور امریکی آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔ کینٹکی سے تعلق رکھنے والے میسی نے ۹؍نومبر کو ایوانِ نمائندگان کے اجلاس کے آغاز پر یہ قرارداد پیش کی۔ انہوں نے امریکی ایوان کے قواعد کے تحت خصوصی طریقۂ کار اختیار کیا ہے، جس کے نتیجے میں ری پبلکن قیادت کو دو قانون سازی کے دنوں کے اندر اس معاملے پر ووٹنگ کرانا ہوگی۔ تاہم ایوان کی قیادت قرارداد کو روکنے کے لیے ایک علیحدہ طریقۂ کار کی تحریک بھی پیش کرسکتی ہے۔ موجودہ صورت حال میں اسی ہفتے ووٹنگ ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: برطانوی ادیب ایم جان ہیریسن نے ۸۱؍ برس کی عمر میں بکر پرائز جیت لیا

میسی کے مطابق ہیگستھ نے ایران کے خلاف ۹۰؍ دن سے زیادہ عرصے تک کانگریس کی منظوری کے بغیر فوجی کارروائی جاری رکھی، جو ۱۹۷۳ء کے وار پاورز ریزولیوشن کی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی آئین کے تحت جنگ شروع کرنے اور اسے جاری رکھنے کے اختیارات پر کانگریس کی نگرانی ضروری ہے، لیکن وزیرِ دفاع نے اس قانونی پابندی کو نظرانداز کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس کی جانب سے فوجی کارروائی روکنے کی ہدایت کے باوجود ایران میں جنگ جاری رکھی گئی اور مقررہ قانونی مدت گزرنے کے بعد بھی امریکی فوجی کارروائیاں ختم نہیں کی گئیں۔ مواخذے کی قرارداد میں ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کے دوران شہریوں کے تحفظ سے متعلق قوانین کی مبینہ خلاف ورزی کو بھی الگ الزام بنایا گیا ہے۔ میسی نے اس ضمن میں ایران کے ایک اسکول پر امریکی حملے کا حوالہ دیا ہے، جس میں شہری ہلاکتوں کا معاملہ سامنے آیا تھا۔ ان کا الزام ہے کہ وزیرِ دفاع نے فوجی کارروائیوں کے دوران شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لیے موجود قانونی تقاضوں کو نظرانداز کیا۔
قرارداد کے دیگر الزامات میں یمن میں فوجی کارروائی، وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلورس کو پکڑنے کے لیے کیے گئے امریکی آپریشن، اور امریکی سینیٹر مارک کیلی کے خلاف محکمۂ دفاع کی کارروائی شامل ہیں۔ میسی کے مطابق ہیگستھ نے مارک کیلی کو ان کے آئینی طور پر محفوظ اظہارِ رائے کے حق کے استعمال پر نشانہ بنایا۔ کیلی سمیت کانگریس کے بعض ارکان نے امریکی فوجیوں سے ایک ویڈیو میں کہا تھا کہ وہ غیر قانونی احکامات پر عمل نہ کریں۔ اس کے بعد ہیگستھ نے ان کے خلاف کارروائی کی کوشش کی تھی۔ میسی نے اسے سیاسی ناقدین کو خوف زدہ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ اس پیش رفت کے بعد امریکی ایوانِ نمائندگان میں بھی اختلافات سامنے آنے لگے ہیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما حکیم جیفریز نے مواخذے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیں گے۔ ان کے مطابق وزیرِ دفاع نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا اور ایران کے خلاف ایک غیر ضروری اور مہنگی جنگ شروع کی۔ دوسری جانب بعض ری پبلکن ارکان نے بھی ہیگستھ کی قیادت اور ایران میں جنگ کی حکمتِ عملی پر سوالات اٹھائے ہیں، لیکن ابھی یہ واضح نہیں کہ وہ مواخذے کے حق میں ووٹ دیں گے یا نہیں۔

یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش: گزشتہ چند دنوں میں تشدد اور بم دھماکوں میں اضافہ، ۸ ؍ بسیں نذر آتش

ری پبلکن رکن جیمز کومر نے کہا ہے کہ ایران میں آگے کی حکمتِ عملی کے بارے میں بہت سے سوالات موجود ہیں اور پارٹی کے ووٹروں میں بھی جنگ کے حوالے سے ناراضی پائی جاتی ہے۔ ایک اور ری پبلکن رکن فرنچ ہل نے کہا کہ وہ مواخذے کی حمایت کا فیصلہ کرنے سے پہلے ایوان میں بحث سننا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق کسی وزیر کے کام سے اختلاف ہونا بذاتِ خود مواخذے کے لیے کافی نہیں، بلکہ یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا اس نے واقعی ایسا جرم کیا ہے جس پر اسے عہدے سے ہٹایا جاسکتا ہے۔ ادھر صدر ٹرمپ نے ہیگستھ کی حمایت جاری رکھی ہے۔ انہوں نے مواخذے کی کوشش کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیرِ دفاع نے دو جنگیں جیتی ہیں، اس لیے ان کے خلاف کارروائی کا جواز نہیں بنتا۔ ٹرمپ نے اس سے قبل بھی کہا تھا کہ ان کا ہیگستھ کو عہدے سے ہٹانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ وزیرِ دفاع نے بھی مواخذے کی قرارداد کو سیاسی ڈراما قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس کارروائی سے خوف زدہ نہیں اور ایران، یمن اور وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائیوں کے فیصلوں کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے ۱۰؍ نومبر کو پینٹاگون میں ایک پریس کانفرنس کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، جو کئی ماہ بعد ان کی پہلی بڑی پریس بریفنگ ہوگی۔ 
ایوانِ نمائندگان میں مواخذے کی منظوری کے لیے سادہ اکثریت درکار ہوتی ہے، لیکن اس کے بعد معاملہ سینیٹ میں جائے گا، جہاں وزیرِ دفاع کو عہدے سے ہٹانے کے لیے موجود ارکان کے دو تہائی ووٹ ضروری ہوں گے۔ فی الحال سینیٹ میں ری پبلکن پارٹی کو اکثریت حاصل ہے، جبکہ نئے منتخب ارکان کے ۳؍ جنوری ۲۰۲۷ء کو حلف اٹھانے کے بعد ڈیموکریٹس کو دونوں ایوانوں میں کنٹرول ملنے کی توقع ہے۔ اس لیے ایوان میں مواخذے کی منظوری بھی ہیگستھ کی فوری برطرفی کا سبب نہیں بنے گی؛ اس کے لیے سینیٹ میں باقاعدہ مقدمہ اور سزا کا فیصلہ ضروری ہوگا۔ امریکی تاریخ میں کابینہ کے کسی رکن کے خلاف مواخذے کی کارروائی انتہائی غیر معمولی رہی ہے۔ ۱۸۷۶ء میں وزیرِ جنگ ولیم بیلکنپ کے خلاف مواخذہ کیا گیا تھا، تاہم سینیٹ نے انہیں سزا نہیں دی۔ ۲۰۲۴ء میں وزیرِ داخلہ الیخاندرو مایورکاس کے خلاف بھی ایوانِ نمائندگان نے مواخذے کی منظوری دی تھی، لیکن سینیٹ نے الزامات خارج کردیے تھے۔ ہیگستھ کے خلاف موجودہ کارروائی ایسے وقت میں شروع ہوئی ہے جب ایران جنگ، اس کے اخراجات اور امریکی شہریوں میں اس کے خلاف بڑھتی ناراضی نے ٹرمپ انتظامیہ کے لیے سیاسی مشکلات پیدا کردی ہیں۔ تھامس میسی نے صدر ٹرمپ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ڈیموکریٹس کے جنوری میں اقتدار سنبھالنے سے پہلے ہی وزیرِ دفاع کو تبدیل کردیں، ورنہ آئندہ کانگریس میں ان کے خلاف مزید تحقیقات اور کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK