Updated: November 10, 2026, 3:10 PM IST
| Copenhagen
حکومت کی مجوزہ پالیسی سے ۲۲؍ ہزار طلبہ متاثر ہوں گے، ۱۴؍ ہزار کا وظیفہ مکمل ختم اور ۸؍ ہزار کی مالی امداد کم ہوسکتی ہے۔ دفاعی اخراجات بڑھانے کے لیے نوجوانوں کی مدد میں کمی پر شدید ناراضی، کوپن ہیگن میں ۱۳؍ ہزار سے زائد افراد کا مارچ، ۶۱؍ ہائی اسکولوں میں تقریباً ۵۰؍ ہزار طلبہ کا احتجاجاً کلاسوں کا بائیکاٹ۔
ڈنمارک میں طلبہ کو دیے جانے والے سرکاری تعلیمی وظائف میں کٹوتی کی حکومتی تجویز کے خلاف ملک گیر احتجاج نے زور پکڑ لیا ہے۔ وزیرِاعظم میٹے فریڈریکسن کی قیادت میں قائم مرکز بائیں بازو کی مخلوط حکومت نے ایسے طلبہ کی مالی امداد محدود کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جو والدین کے ساتھ رہتے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے حاصل ہونے والے وسائل کو دیگر ترجیحات، بالخصوص دفاعی اخراجات میں اضافے کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔ لیکن طلبہ تنظیموں کا اعتراض ہے کہ روس اور یوکرین کی جنگ کے بعد یورپ میں سلامتی کے خدشات کا بوجھ نوجوانوں کی تعلیم اور ان کی مالی خودمختاری پر ڈالا جارہا ہے۔ انادولو ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ۴؍ نومبر کو کوپن ہیگن میں ۱۳؍ ہزار سے زائد طلبہ اور نوجوانوں نے سٹی ہال اسکوائر سے پارلیمنٹ تک مارچ کیا۔ مظاہرین نے ’’بس، اب بہت ہوگیا‘‘ اور ’’وعدے توڑ دیے گئے‘‘ جیسے نعرے لگائے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر طلبہ کے وظیفے بچانے کا مطالبہ درج تھا۔ طلبہ تنظیموں کے مطابق اسی روز ملک بھر کے ۶۱؍ ہائی اسکولوں میں تقریباً ۵۰؍ ہزار طلبہ نے کلاسوں کا بائیکاٹ کیا۔ اس احتجاج میں یونیورسٹیوں اور اسکولوں کے طلبہ کے علاوہ مختلف تعلیمی تنظیموں نے بھی حصہ لیا۔
یہ بھی پڑھئے: ایران جنگ پر امریکی وزیرِ دفاع کے خلاف مواخذے کی کارروائی شروع
ڈنمارک میں طلبہ کو ملنے والا یہ وظیفہ، جسے ڈینش زبان میں ’ایس یو‘ (SU) کہا جاتا ہے، ۱۹۷۰ء سے ملک کے فلاحی نظام کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد طلبہ کو تعلیم کے دوران رہائش اور روزمرہ اخراجات پورے کرنے میں مدد دینا ہے۔ اب تک ۱۸؍ برس سے زیادہ عمر کے اہل طلبہ کو ان کے والدین کی آمدنی سے قطع نظر یہ مالی مدد ملتی رہی ہے۔ حکومت کی نئی تجویز کے تحت والدین کے ساتھ رہنے والے طلبہ کے لیے یہ اصول تبدیل کردیا جائے گا اور وظیفے کا انحصار والدین کی سالانہ آمدنی پر ہوگا۔ مجوزہ پالیسی کے مطابق اگر والدین کی مجموعی سالانہ آمدنی ۷؍ لاکھ ڈینش کرونر سے زیادہ ہوئی تو طالب علم کا وظیفہ مکمل ختم ہوسکتا ہے۔ ۴؍ لاکھ ۱۹؍ ہزار ۵۸۹؍ سے ۷؍ لاکھ کرونر تک آمدنی رکھنے والے خاندانوں کے بچوں کی مالی امداد بتدریج کم کی جائے گی، جبکہ اس حد سے کم آمدنی والے خاندانوں کے طلبہ موجودہ بنیادی وظیفے کے اہل رہیں گے۔ اعلیٰ تعلیم کی وزارت کے اندازوں کے مطابق اس تبدیلی سے تقریباً ۲۲؍ ہزار طلبہ متاثر ہوں گے، جن میں سے ۱۴؍ ہزار کو مکمل طور پر وظیفے سے محروم ہونا پڑسکتا ہے اور ۸؍ ہزار کو پہلے کے مقابلے میں کم رقم ملے گی۔ فی الحال والدین کے ساتھ رہنے والے اہل طلبہ کو ماہانہ ۱۱۵۴؍ ڈینش کرونر، یعنی تقریباً ۱۷۲؍ ڈالر، بنیادی وظیفہ ملتا ہے۔ والدین کی آمدنی کے لحاظ سے یہ رقم بڑھ کر ۳۲۰۲؍ کرونر تک ہوسکتی ہے۔ اس کے برعکس جو یونیورسٹی طلبہ اپنے والدین سے الگ رہتے ہیں، انہیں ماہانہ ۷۴۲۶؍ کرونر ملتے ہیں۔ حکومت کی موجودہ تجویز بنیادی طور پر والدین کے ساتھ رہنے والے طلبہ کو متاثر کرے گی، جبکہ الگ رہنے والے یونیورسٹی طلبہ کے وظیفے میں اسی نوعیت کی کٹوتی تجویز نہیں کی گئی ہے۔
احتجاج میں شریک ۱۸؍ سالہ طالبہ ویوی نے انادولو ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست دان ایک طرف وبا کے دوران نوجوانوں کو پہنچنے والے نقصان اور ان کی مشکلات کا اعتراف کرتے ہیں، لیکن دوسری طرف ان کے وسائل اور مالی مدد مسلسل کم کررہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ نوجوانوں کے اعتماد کو شدید ٹھیس پہنچانے کے مترادف ہے۔ ایک طالب علم کرسچن منڈس نے کہا کہ ان کے خاندان میں ۹؍ نسلوں کے بعد وہ پہلے فرد ہیں جو اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ ان کے لیے سرکاری وظیفہ مالی تحفظ کا اہم ذریعہ ہے اور اس میں کمی سے ان کے مستقبل کے بارے میں غیر یقینی مزید بڑھ جائے گی۔ طلبہ کی ناراضی صرف تعلیمی وظیفے تک محدود نہیں۔ حکومت نے یہ تجویز بھی پیش کی ہے کہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے نئے طلبہ کو بے روزگاری الاؤنس اسی صورت میں ملے جب انہوں نے اپنی تعلیم کے آخری ۲؍ برسوں میں سے کم از کم ۱۸؍ ماہ تک ملازمت کی ہو اور اوسطاً ہفتے میں ۴؍ گھنٹے کام کیا ہو۔ طلبہ تنظیموں کا کہنا ہے کہ اس شرط سے نوجوانوں پر تعلیم کے ساتھ ملازمت کرنے کا دباؤ بڑھے گا اور ان کے مطالعے کے لیے دستیاب وقت کم ہوگا۔ ڈینش یونین ڈی ایم نے خبردار کیا ہے کہ معذوری کے شکار طلبہ کے لیے اس شرط کو پورا کرنا خاص طور پر مشکل ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ میں تودہ گرنے سے ۵؍ فلسطینی جاں بحق
حکومت نے دفاعی اخراجات بڑھانے کے فیصلے کا جواز روس اور یوکرین کی جنگ اور یورپی سلامتی کو لاحق خطرات کو قرار دیا ہے۔ اس کے مجوزہ بجٹ کے مطابق ۲۰۳۰ء تک دفاع اور ہنگامی تیاریوں پر مجموعی اخراجات کو مجموعی قومی پیداوار کے کم از کم ۵؍ فیصد تک پہنچانا ہے، جس میں ۵ء۳؍ فیصد براہِ راست دفاع پر خرچ ہوگا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ سلامتی کے لیے یہ سرمایہ کاری ناگزیر ہے اور بروقت اقدامات نہ کرنے کی قیمت کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔ تاہم طلبہ کا سوال ہے کہ دفاعی اخراجات کے لیے وسائل صرف نوجوانوں کی مالی امداد سے ہی کیوں حاصل کیے جارہے ہیں؟ ویوی نے کہا کہ دفاع پر زیادہ رقم خرچ کرنے کی ضرورت سے انہیں اختلاف نہیں، لیکن حکومت کو امیر طبقے، کمپنیوں کے مالکان اور جائیداد رکھنے والوں سے بھی وسائل حاصل کرنے کے متبادل تلاش کرنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو تعلیم کے دوران مالی تحفظ فراہم کرنے کے بجائے ان پر بوجھ ڈالنا درست نہیں۔
حکومتی بجٹ پر ایک اور اعتراض یہ ہے کہ اسی منصوبے میں ۲۰۳۰ء سے کمپنیوں کے ٹیکس میں ۳؍ فیصد پوائنٹ کمی کی تجویز بھی شامل ہے۔ طلبہ تنظیموں کا کہنا ہے کہ ایک جانب نوجوانوں کے وظائف کم کیے جارہے ہیں اور دوسری جانب کاروباری اداروں کو ٹیکس میں رعایت دینے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ حکومت اس پالیسی کو معیشت اور دفاعی ضروریات کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش قرار دیتی ہے۔ طلبہ تنظیموں کی ناراضی کی ایک وجہ حکمران اتحاد کے بعض جماعتوں کے سابقہ وعدے بھی ہیں۔ ڈنمارک کی سوشلسٹ پیپلز پارٹی اور سوشل لبرل پارٹی ماضی میں تعلیمی وظائف کے تحفظ کی حمایت کرتی رہی ہیں، لیکن اب وہ حکومتی تجویز کا دفاع کررہی ہیں۔ آہرس کی طلبہ کونسل کی سربراہ جولی اولیسن نے کہا کہ جن جماعتوں سے طلبہ کو اپنے تعلیمی حقوق کے تحفظ کی امید تھی، انہی کی جانب سے کٹوتی کی تجویز سامنے آنا وعدہ خلافی محسوس ہوتا ہے۔ طلبہ لیڈروں نے حکومت کے ۴؍ وزرا کو کھلا خط لکھ کر بجٹ مذاکرات ختم ہونے سے پہلے ملاقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ حکومت یہ تجاویز واپس لے اور مالی وسائل کے لیے دوسرے راستے اختیار کرے۔ ان کے مطابق طلبہ آئندہ انتخابات میں بھی یہ دیکھیں گے کہ کون سی جماعتیں ان کے تعلیمی وظائف کے تحفظ کے حق میں کھڑی ہوئیں اور کنہوں نے کٹوتیوں کی حمایت کی۔ ڈنمارک کی حکومت کا ۲۰۲۷ء کا بجٹ ابھی پارلیمانی مذاکرات کے مرحلے میں ہے، اس لیے وظائف میں کٹوتی کی تجویز تاحال حتمی قانون نہیں بنی ہے۔ تاہم احتجاج نے حکومت کے لیے ایک مشکل سیاسی سوال کھڑا کردیا ہے: کیا قومی سلامتی کے نام پر دفاعی اخراجات بڑھانے کی قیمت ملک کے نوجوانوں کی تعلیم اور مالی مدد میں کمی کرکے ادا کی جائے گی؟