دینی اداروں کے طلباء کے ہمراہ گوونڈی میں تحریک علمائے اہلسنت کے ذریعے ’ ووٹ بیداری‘ ریلی نکالی گئی اور’اٹھو اپنے حق کے لئے اس سے پہلے کہ دیر ہوجائے ‘ کا نعرہ بلند کیا گیا۔
گوونڈی میں تحریک علمائے اہلسنت کی ’ووٹ بیداری‘ ریلی میں شرکاء نظر آرہے ہیں۔ تصویر: انقلاب
ایم سی الیکشن میں رائے دہندگان کو بیدار اور انہیں حق رائے دہی کیلئے راغب کرانے کی غرض سے گوونڈی میں تحریک علمائے اہلسنت کے ذریعے مدارس کے طلباء کی جمعہ کی سہ پہر سے ریلی نکالی گئی۔ یہ بیداری ریلی رفیع نگر میدان سے شروع ہوکر ۹۰؍فٹ روڈ ہوتے ہوئے نیابس ڈپو، بھاجی مارکیٹ شیواجی نگر جنکشن، گوتم نگر، کربلا مسجد اور گوونڈی اسٹیشن ہوتے ہوئے ٹاٹا نگر پر ختم ہوئی۔ اس ریلی کا مقصد زیادہ سے زیادہ رائے دہندگان کو متوجہ کرانا تھاکہ وہ ووٹنگ کی اہمیت کوسمجھیں اور ۱۵؍ جنوری کو پہلی فرصت میں اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کریں۔
اس ریلی کے لئے دیونار پولیس اور الیکشن کمیشن نے اجازت دی تھی جبکہ شیواجی نگرپولیس کی جانب سےجمعہ کے بجائے سنیچر کوریلی نکالنے کی اجازت دی گئی ہے۔ ریلی میں شامل علماء اور دینی اداروں کے طلباء بینر اورپلے کارڈز اٹھائے ہوئےتھے ۔ اس پر’ووٹ ضرور دیجئے، اپنے حق کا استعمال ضرور کیجئے، ووٹ ایک گواہی ہے اپنی گواہی ضرور دیں، ووٹ ایک طاقت ہے ،اٹھو اپنے حق کے لئے اس سے پہلے کہ دیر ہوجائے اور اپنے گھروں سے نکلیں اور ووٹ ضرور دیں‘ وغیرہ نعرے لکھے ہوئے تھے۔
یادرہےکہ الیکشن کمیشن کی جانب سےبھی بی ایم سی کو ہدایت دی گئی ہے کہ ہرسطح پربیداری مہم چلائی جائے تاکہ ایک ایک ووٹر اپنے قیمتی ووٹوں کا استعمال کرسکے۔
اس ریلی کے انعقاد میں پیش پیش رہنے والے قاری عبدالرحمٰن ضیائی نے نمائندۂ انقلاب سےبات چیت کرتے ہوئے کہاکہ’’ ریلی نکالنے کی ضرورت اس لئے پڑی کہ اکثر دیکھنے میں آتا ہے کہ مسلمانوں کی جانب سےاس طرح کی بیداری کامظاہرہ نہیںکیا جاتا جیسا کہ ضرورت ہے۔ دوسرے ہرالیکشن اہمیت کا حامل ہے۔ اس دفعہ ممبئی میونسپل کارپوریشن میں تقریباً ایک ٹرم بغیر کارپوریٹرس کے ہی ختم ہوگیا ،حکومت نے ایڈمنسٹریٹر کے ذریعے کام چلایا۔ اب جبکہ ۱۵؍جنوری کو الیکشن ہےتوہم سب کی ذمہ داری ہے کہ پورے اہتمام سے اس میںحصہ لیں اورایک ایک ووٹر بوتھ سینٹر پرپہنچ کرحق رائے دہی کا استعمال کرے ۔‘‘ انہوں نےیہ بھی کہاکہ ’’ حق رائے دہی جہاں جمہوری نظام کے تانے بانے کو مستحکم کرتا ہے وہیں یہ عمل ہمارے ہندوستانی ہونے کا ایک انتہائی اہم ثبوت ہے۔اس کے ذریعے ہم اپنی پسند کا امیدوار منتخب کرسکتے ہیںجومیونسپل کارپوریشن میں ہماری آواز بن سکے۔‘‘
ریلی میںشامل قاری محمدتوفیق احمداعظمی مصباحی نے کہا کہ’’ بیداری ریلی اس لئے ضروری ہےکہ ہرسطح پرعوام تک پیغام پہنچنا چاہئے تاکہ وہ اس الیکشن میںعملاًشریک ہوں ۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ آج عوام کواپنے ووٹ کی طاقت کااحساس کرانے کاوقت ہے اوروہ اپنی پسند کاایسا امیدوار منتخب کرسکتے ہیں جو بی ایم سی میںان کےعلاقے کےمسائل حل کرانے کےلئے آواز بلند کرسکتا ہے۔‘‘
ریلی میں شامل قاری محمدسعید اشرفی نے کہاکہ’’ آج بیدار ہونے اوربیدار کرنے کیلئے موقع ہے، ۱۵؍جنوری کے بعد یہ موقع نہیںرہے گا ۔‘‘
اس ریلی میںقاری محمد سلیمان رضوی ، قاری محمدعلاء الدین رضوی ،مولانا ذوالفقار علی فیضی اور قاری محمداسرافیل رضوی وغیرہ پیش پیش تھے جبکہ دارالعلوم اشرفیہ برکاتیہ، دارالعلوم گلشن مدینہ ، دارالعلوم اہل سنت ضیاء النبی اورمدرسہ برکات ِ اہلِ بیت کے طلباء بھی شامل تھے۔