• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بجلی صارفین کی گھٹتی تعداد سے’بیسٹ‘ فکر مند

Updated: November 26, 2026, 3:05 PM IST | Nadeema Ansari | Mumbai

بیسٹ کمیٹی کی میٹنگ میں گزشتہ چند برسوں میں ۸۰؍ہزار صارفین کے ’بیسٹ‘ چھوڑ کر دیگر بجلی کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کا دعویٰ ۔ شہر میں بجلی کی آنکھ مچولی اور پرانی اور ناقص کیبل لائنوں کو درست نہ کرنے کے سبب صارفین کم ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔ بیسٹ کو مزید خسارے کا سامنا۔

Brihanmumbai Electric Supply and Transport (BEST) is facing losses due to a decline in the number of electricity consumers. Photo: INN
بجلی صارفین کم ہونے سے برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ (بیسٹ) کو خسارہ کا سامنا ہے۔ تصویر: آئی این این

گزشتہ کئی برسوں سے شہر  ے صارفین کو برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ (بیسٹ) کی مبینہ طورپرناقص بجلی سپلائی سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا  ہے ۔ خصوصی طور پر جنوبی ممبئی میں ۱۰۰؍ سال پرانی کیبل لائنوں کے انتہائی خستہ ہونے اور بجلی کے بار بار منقطع ہونے پر اس کے مستقل حل کے لئے کی جانے والی بے شمار شکایتوںکے باوجود بیسٹ انتظامیہ اس مسئلہ کا کوئی ٹھوس حل نہیں نکال سکا ہے ۔ مذکورہ مسئلہ کے سبب بیسٹ کو خسارے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے  کیونکہ کئی ہزار صارفین نے بیسٹ کی بجلی خدمات کو چھوڑکر  ٹاٹا پاور یا دیگر کمپنیوں کی سروس حاصل کر لی ہے جس سے اسے مزید خسارے کا سامنا ہے ۔ 

۸۰؍ ہزار صارف ٹاٹا پاور میں منتقل 

بیسٹ کے بجٹ اجلاس میں ہونے والی میٹنگ کے دوران کمیٹی ممبر سنیل گنا چاریہ نے اس وقت سب کو حیرت زدہ کر دیاتھا جب انہوںنے بتایاتھا کہ بیسٹ کے ۸۰؍ ہزار صارفین نے بیسٹ کی بجلی سروس منقطع کر دی ہے اور ٹاٹا پاور یا دیگر بجلی کمپنیوں کی بجلی خدمات حاصل کر لی ہیں ۔انہوںنے مذکورہ میٹنگ میں فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے بیسٹ انتظامیہ کو باقی صارفین کو برقرار رکھنے اور انتظامیہ کی بجلی تقسیم سے ہونے والی آمدنی کی حفاظت کے پیش نظر فوری ٹھوس اقدامات کئے جانے کا مشورہ بھی دیا   ۔انہوں نے چند بی ایم سی عمارتوں کی مثال دی جہاں ری ڈیولپمنٹ کے دوران عارضی بجلی کی فراہمی بیسٹ نے کی تھی لیکن صارفین نےمستقل کنکشن بعد میں ٹاٹا پاور سےحاصل کر لئے ۔

صارفین کی پریشانی 

یاد رہے کہ امسال گرمیوں میںناگپاڑہ ، مدنپورہ ، ڈونگری ، محمد علی روڈ ،بائیکلہ ،گرانٹ روڈ ،گر گاؤں چوپاٹی ، مرین لائنس اور جنوبی ممبئی کے دیگر علاقوں میںرہائش پذیرصارفین کو بجلی کی شدید قلت اور گھنٹوں آنکھ مچولی کا سامنا کرنا پڑاتھا ۔   یہ مسئلہ اب بھی برقرار ہے جس سے شہریوں کو سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔  بجلی کی مسلسل آنکھ مچولی سے نہ صرف گھریلو مسائل یعنی پانی کی سپلائی میں رکاوٹ پیدا ہوتی  ہے بلکہ خواتین ، بچوں اور بزرگوںکو گرمی کے سبب تکلیف اٹھانی پڑتی ہے ۔  

یہ بھی پڑھئے: برطانیہ: آکسفورڈ کے محققین کا سب سے زیادہ حوالہ دیا گیا، رسل گروپ یونیورسٹیوں میں سرفہرست

بیسٹ انتظامیہ کے پاور سپلائی سسٹم کے ناقص اور زیر زمین کیبل کے   پرانے اور خستہ ہونے سے یہ صورت حال پیدا ہوئی ہے ۔ مسلسل شکایتوں کے باوجود بیسٹ انتظامیہ اب تک اسے حل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

دیگر کمپنیوں میں صارفین کی منتقلی کا سبب

بیسٹ کے بجلی سروس سے ٹاٹا پاور میں منتقل ہونے والے کئی صارفین کا کہنا ہے کہ جو بہتر سروس اور مناسب قیمت پر بجلی فراہم کرے گا ، صارف ان کو ہی پسند کریں گے ۔  صارفین کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی پسند کی بجلی کمپنی کا انتخاب کریں ۔بائیکلہ کے رہنے والے تابش خان نے کہا کہ ’’ٹاٹا پاور کے پاس بجلی سپلائی کرنے کے وسیع   وسائل ہیں ۔  ‘‘غفران انصاری کا کہنا ہے کہ ’’بجلی کے بار بار منقطع ہونے سے پریشان ہوکر بلڈنگ کے تمام مکینوں نے ٹاٹا پاورکمپنی میں درخواست دے کر ان کی سروس حاصل کرلی ہے ۔ ٹاٹا پاور سے سپلائی کی جانے والی بجلی سے اب تک کسی بھی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے اور اگر ان کے کسٹمر کیئر پر کوئی شکایت کی جائے تو فوراً مسئلہ حل کیا جاتا ہے ۔‘‘

’’مزید صارفین منتقل ہوسکتے ہیں‘‘

   میٹنگ کے دوران بی جے پی لیڈر اور بیسٹ کمیٹی ممبر سنیل گنا چاریہ نےمزید صارفین کے ٹاٹا پاور میں منتقل ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’مزید صارفین کے ٹاٹا پاور میں منتقل ہونے سے نہ صرف بیسٹ پر مالی بوجھ بڑھے گا بلکہ اس سے نچلے درجے کے صارفین پر سبسڈی کا بوجھ بھی بڑھ سکتا ہے ۔‘‘ انہوںنے بیسٹ کے ذریعہ ٹاٹا پاور کو۴؍ریسیونگ اسٹیشن لیز پر دینے کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’ اگر بیسٹ کے بجلی صارفین کو روکنا ہے اور تعداد میں اضافہ کرنا ہے تو بجلی سپلائی کی خدمات کو بہتر کرنے کے ساتھ صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایتوں کو حل کرنے اور بہتر سروس فراہم کرنے کا بھی انتظام کیا جائے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK