• Thu, 19 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بال ٹھاکرے کی تصویر پھاڑنے کے معاملے پر کلیان میں سیاسی پارہ ہائی

Updated: November 19, 2026, 12:04 PM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan

بال ٹھاکرے کی تصویر پھاڑنے کے معاملے پر کلیان میں سیاسی پارہ ہائی، ادھو سینا کی شائنا این سی کیخلاف محاذآرائی۔

Local leaders of Shiv Sena (UBT). Photo: INN
شیوسینا یوبی ٹی کے مقامی لیڈران۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر کی سیاست میں ایک نئے تنازع نے اس وقت جنم لے لیا ہے جب شیو سینا (شندے) کی ترجمان شائنا این سی پر ایک پریس کانفرنس کے دوران شیو سینا کے بانی بالاصاحب ٹھاکرے کی تصویر پھاڑنے کا سنگین الزام عائد کیا گیا۔اس واقعہ کی ویڈیو منظر عام پر آتے ہی ریاست بھر میں سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہےجہاں شیو سینا ( یو بی ٹی) گروپ کے کارکنان نے جارحانہ تیور اختیار کئے۔ تفصیلات کے مطابق شائنا این سی نے کانگریس لیڈر سونیا گاندھی کی کتاب کے حوالے سے ایک پریس کانفرنس منعقد کی تھی۔ ادھو گروپ کے عہدیداروں اور کارکنوں کا الزام ہے کہ اس دوران شائنا این سی کے ہاتھوں بالاصاحب ٹھاکرے کی تصویر پھاڑی گئی جسے شیو سینکوں نے اپنےلیڈر کی کھلی توہین قرار دیا ہے۔ اس مبینہ واقعہ کے خلاف کلیان میں ٹھاکرے گروپ کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔اس معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کلیان کے سینئر شیوسینک رویندر کپوتے نے شائنا این سی کو براہِ راست للکارا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کپوتے نے کھلا چیلنج دیا اور کہا کہ بالاصاحب ٹھاکرے کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھئے: کوپر ریلوے اسٹیشن پرتھوڑی سی راحت کیلئے’ موت کا کھیل‘!

شیو سینک شائنا این سی کو ممبئی کی سڑکوں پر گھومنے نہیں دیں گے اگر ان میں ہمت ہے تو وہ ذرا کلیان آکر دکھائیں۔دوسری جانب شیو سینا ( یو بی ٹی) کے گروپ لیڈر امیش بورگاؤںکر نے بھی اس تنازع پر شندے گروپ کی قیادت کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے بورگاؤںکر نے سوال اٹھایا کہ جو لوگ بالاصاحب ٹھاکرے کی تصویر پھاڑنے جیسی نازیبا حرکت کر رہے ہیں ان کے خلاف ان کی اپنی پارٹی کے قائدین کیا کارروائی کریں گے؟ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں مطالبہ کیا کہ شائنا این سی اپنے اس غیر ذمہ دارانہ عمل پر فوری طور پر عوام کے سامنے معافی مانگیں۔سیاسی مبصرین کے مطابق اس واقعہ کے بعد کلیان اور اطراف کے علاقوں میں ٹھاکرے گروپ کے کارکنان میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK