گلی گلی گھوم کر بھنگار جمع کرنے والے امین کو سنجے راجپوت کے گھر والوں نے وہ ڈبہ بھی دیدیا تھا جس میں ۱۰؍ لاکھ روپے کے زیورات تھے
EPAPER
Updated: June 12, 2025, 8:46 AM IST | Nandurbar
گلی گلی گھوم کر بھنگار جمع کرنے والے امین کو سنجے راجپوت کے گھر والوں نے وہ ڈبہ بھی دیدیا تھا جس میں ۱۰؍ لاکھ روپے کے زیورات تھے
نندور بار ضلع کے شہادہ شہر میں ایک غریب بھنگار والے نے ۱۰؍ لاکھ روپے کے زیورات اس کے مالک کو لوٹا کر ایک بار پھر ثابت کیا کہ ایمانداری غریبوں ہی کے یہاں زیادہ پائی جاتی ہے۔ اطلاع کے مطابق شیخ امین ایوب (۳۹) شہادہ شہر میں اپنی ٹھیلہ گاڑی پر دن بھر گلی گلی گھوم کر بھنگار جمع کرتے ہیں۔ وکاس مراٹھی ہائی اسکول کے عقب میں جو بستی ہے وہیں ایک سبکدوش ٹیچر سنجے راجپوت بھی رہتے ہیں۔ راجپوت ان دنوں لوک مت اخبار سے وابستہ ہیں اور صحافت کرتے ہیں لیکن ان کے تدریس کے سابقہ پیشے کے سبب لوگ انہیں راجپوت سر کہتے ہیں۔ امین کا ان کی بستی سے اکثر گزر ہوتا ہے۔
گزشتہ دنوں بھی وہ معمول کے مطابق اس علاقے سے گزرے۔ راجپوت سر کے بیٹے نے انہیں آواز دی اور بھنگار لے جا نے کیلئے کہا ۔ امین نے بھنگار جمع کیا اور آگے بڑھ گئے۔
شام کے وقت راجپوت سر کا بیٹا دوڑتا ہوا امین کے گھر پہنچا اور پوچھنے لگا کہ کیا بھنگار میں غلطی سے سونے کے زیورات آگئے ہیں؟ امین کے مطابق ’یہ سن کر میرے توپیروں تلے زمین کھسک گئی ۔میں نے کہا سر میری بھنگار کی گاڑی ویسی ہی کھڑی ہے دیکھ لیجئے۔ ہم دونوں نے پوری ٹھیلہ گاڑی چھان لی مگر زیورات نہیں ملے۔‘‘ امین کے مطابق’’ میں نے سر کو اطمینان دلایا کہ گھبرائیے مت اگر زیورات بھنگار کی گاڑی میں آئے ہیں تو ضرور مل جائیں گے۔‘‘ وہ بتاتے ہیں کہ ’’ میں نے گھر میں اپنی بیٹی نمیرہ سے پوچھا تو اس نے بتایا کہ اسے ردی اوربھنگار الگ کرتے وقت ایک ڈبہ ملا تھا جسے اس نے دادی ( امین کی ماں) کو دیدیا۔‘‘ امین آگے بتاتے ہیں کہ ہماری امی اس وقت باہر گاوں بہن کے گھر گئی تھی۔ میں نے اپنے بڑے بھائی کے نمبر پر فون لگایا امی سے بات کی۔ امی نے کہا کہ ہاں زیوارت ملے ہیں۔میں نے اسے حفاظت سے الماری میں رکھا ہے۔‘‘ امین کہتے ہیں کہ ’’ میں نےامی کو فوراً گھر واپس آنے کیلئے کہا۔ امی اسی شام گھر آئی ۔میں نے راجپوت سر کو اپنے گھر بلایا اور ان کے سونے کے قیمتی زیورات انھیں واپس کردئیے۔‘‘
سنجے راجپوت اس غریب بھنگار والے کی ایمانداری سے بے حد متاثر ہوئے۔مذکورہ ڈبے میں سونے کے کنگن اور ایک منگل سوتر تھا جن کی قیمت ۱۰؍ لاکھ روپے کے قریب ہے۔‘‘ امین نے بتایا کہ اس کی ایمانداری سے خوش ہوکر راجپوت سر نے اسے بطور انعام نیا اینڈرائڈ موبائل خرید کر دیا۔معلوم ہوکہ ٹھیلہ گاڑی پر بھنگار خریدنے والے امین کی تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے اوروہ کرائے کے مکان میں رہتے ہیں۔ دن بھر میں وہ ڈھائی یا۳؍ سو روپے کما تے ہیں لیتا ہے۔جس علاقے میں یہ واقع پیش آیا امین اس علاقے میں قریب ۲۰؍ سال سے بھنگار خریدنے جاتا ہے۔ ایک محنت کش کی اس ایمانداری نے شہادہ شہر کے باشندوں کو متاثر کیا۔ہر کوئی اس کی پذیرائی کررہا ہے۔ ایسو سی ایشن آف مسلم پروفیشنل نندوربار ضلع صدر امتیاز انصاری اور ان کے رفقاء کے علاوہ دیگر دو، تین تنظیموں نے امین کا استقبال کیا ہے ۔ اطلاع کے مطابق ایک دو روز میں شہادہ شہر کے ڈی وائی ایس پی کے ہاتھوں بھی اس کا استقبال کیا جائے گا۔