کانگریس کی جانب سے منعقد ہونے والے پروگرام میں عمران پرتاپ گڑھی و دیگر سینئر لیڈران کی شرکت متوقع۔
EPAPER
Updated: October 04, 2023, 9:51 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
کانگریس کی جانب سے منعقد ہونے والے پروگرام میں عمران پرتاپ گڑھی و دیگر سینئر لیڈران کی شرکت متوقع۔
کانگریس نے پرشورام ٹاورے (دھوبی تالاب )اسٹیڈیم میں۶؍ اکتوبر کو ’بھارت جوڑو بنکر سمیلن‘منعقد کرنے کااعلان کیا گیا ہے۔ اس میں خصوصی طور پرراجیہ سبھا کے رکن اور کانگریس اقلیتی شعبہ کے سربراہ عمران پرتاپ گڑھی و کانگریس کے دیگر سینئر لیڈروں کی شرکت متوقع ہے۔ مقامی کانگریس کمیٹی پارٹی کے صدر کو بھی کانفرنس میں شامل کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔
معلوم ہوکہ مشہور شاعر عمران پرتاپ گڑھی کانگریس اقلیتی شعبہ کے قومی صدرمنتخب ہونے کے بعد سے وہ ملک کے مختلف مسلم اکثریتی علاقوں میں اجلاس منعقد کرکے مسلمانوں کو کانگریس کے قریب لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اسی پس منظر میں یہاں پاورلوم کے مسائل کی روشنی میں ’بھارت جوڑو بنکر سمیلن‘ کاانعقاد کیا جارہا ہے۔ یہ کانفرنس ۶؍اکتوبر کو شام ۶؍بجے سے رات ۱۰؍بجے تک پرشورام ٹاورے اسٹیڈیم میں منعقد کی جائےگی۔ تاہم روزانہ تیز ہواؤں اورگھن گرج کے ساتھ ہورہی بارش کے باعث مقامی کانگریس اکائی کو تقریب کے انعقاد میں دشواری پیش آرہی ہے۔
کانگریس کے مطابق روز شام کو ہورہی بارش کی وجہ سے اسٹیڈیم میں کیچڑ اور پانی بھر جاتا ہے۔ پانی کی نکاسی کا کوئی بہتر انتظام نہ ہونے کے سبب گیلی زمین اور کیچڑ کو سوکھنے میں دقت درکار ہوتا ہے۔ مسئلہ کو دیکھتے ہوئے اسٹیڈیم میں واٹر پروف شامیانہ لگانے پر غور کیا جارہا ہے۔ کانگریس کے مقامی صدر اور سابق رکن اسمبلی عبدالرشید طاہر مومن نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے شام کے وقت روزانہ بارش ہو رہی ہے۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے واٹرپروف شامیانہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں ہم کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے کو بھی لانے کی کوشش کررہے ہیں۔ وقت اور ٹریفک کے پیش نظر ان کیلئے ہیلی کاپٹرکے انتظامات کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ کانفرنس سے خطاب کر سکیں۔
ناناپٹولے نے کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا
کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے گزشتہ روپرشورام ٹاورے اسٹیڈیم کا دورہ کر کے اجلاس کی جگہ کا جائزہ لیا۔ تاہم نامعلوم وجوہات کی بناء پر ان کے اس دورے کی اطلاع ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو نہیں دی گئی تھی۔نانا پٹولے اسٹیڈیم کا دورہ کرنے کے بعد کانگریس کے صدر دفتربھی گئے۔ وہاں انہوں نے مقامی صدر رشید طاہر مومن، ریاستی کانگریس کےسیکریٹری طارق فاروقی،سابق رکن پارلیمان سریش ٹاورے، اقلیتی شعبہ کے مقامی صدر نعمان خان، خواتین ونگ کی صدر رخسانہ قریشی، پرویز خان ودیگر لیڈران سے کانفرنس کوکامیاب بنانے سے متعلق تبادلۂ خیال کیا۔