ریاست میں ۶؍ مارچ تک رہے گی، اس کا آغاز مورینا سے ہوگا اوراجین میں روڈ شو بھی ہوگا، ساری تیاریاں مکمل۔
EPAPER
Updated: February 28, 2024, 10:07 AM IST | Agency | Bhopal
ریاست میں ۶؍ مارچ تک رہے گی، اس کا آغاز مورینا سے ہوگا اوراجین میں روڈ شو بھی ہوگا، ساری تیاریاں مکمل۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ مدھیہ پردیش میں۲؍ کو پہنچے گی اور وہاں پر۶؍ مارچ تک رہے گی۔ اس یاترا کا آغاز مورینا سے ہوگا جبکہ اجین میں ایک روڈ شو بھی ہوگا۔ اس کی اطلاع ریاستی کانگریس کے نائب صدر اور تنظیم کے انچارج راجیو سنگھ نے دی۔ انہوں نے کہا کہ مورینا میں روڈ شو اور استقبالیہ پروگرام ہوگا، بعد ازاں راہل گاندھی کا خطاب بھی ہوگا۔ کانگریس لیڈرنے بتایا کہ اس کی ساری تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ۳؍ مارچ کو راہل گاندھی کی یاترا ’اگنی ویر‘ کے سابق فوجیوں کے ساتھ مکالمے سے شروع ہوگی۔ اس کے بعد یاترا شیو پوری کے مختلف علاقوں سے گزرے گی۔ اگلے دن۴؍ مارچ کو گونا ضلع سے یاترا شروع ہوگی جہاں راگھوگڑھ میں روڈ شو کا انعقاد کیا جائے گا اورشام میں راہل گاندھی راج گڑھ ضلع میں کسانوں سے بات چیت کریں گے۔
راجیو سنگھ نے بتایا کہ۵؍ مارچ کو یاترا راج گڑھ کے پچور اور سارنگ پور سے اجین ضلع کے مکسی میں داخل ہوگی جہاں راہل گاندھی اجین میں شری مہاکالیشور مندر جائیں گے اور شام میں یوتھ رائٹس ریلی نکالی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت جوڑو نیائے یاترا کے تحت راہل گاندھی ۶؍ مارچ کو صبح بڈ نگر میں خواتین ڈائیلاگ پروگرام کے بعد روڈ شو کریں گے۔ یاترا تقریباً ۳؍ بجے ضلع رتلام پہنچے گی اور شام کو سیلانہ میں داخل ہونے کے بعد یہاں سے آگے جائے گی۔
اس دوران راہل گاندھی نے مودی سرکار کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نےسرکار کو نوجوان مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملازمتیں فراہم کرنے والی کمپنیوں کو فروخت کیا جارہا ہے اور سرکاری ملازمتوں میں بھرتی کے پیپر لیک ہونے کے واقعات نے واضح کردیا ہے کہ مودی حکومت ’ملک کے مستقبل‘کی دشمن بن گئی ہے۔