علاقے میں خوف و ہراس۔۵؍گھنٹے کے ریسکیوآپریشن کے بعد درندے کوپکڑلیا گیا۔ مصروف ترین علاقہ میں جنگلی جانورداخل ہونے پر سوال اُٹھائے گئے۔
ریسکیوٹیم کے اہلکار تیندوے کو پکڑکر لے جاتے ہوئے۔ تصویر:ستیج شندے
یہاں کے مصروف رہائشی علاقے بی پی روڈ پرجمعہ کو تیندوا گھس آیا جس کی وجہ سے افراتفری پھیل گئی۔تیندوے کے حملہ میں ۷؍افراد زخمی ہوگئے جن میں ایک کی حالت نازک ہے۔درندے کے خوف سے مکینوں نے اپنے گھروں کے دروازے بند کرلئے ۔اس علاقے میںبھیڑ بھاڑ کے سبب ایک بائیک لے جانے میں دشواری ہوتی ہے، ایسے میں تیندوا کیسے گھس آیا ،اس پر لوگ حیرت زدہ ہیں۔ ۵؍گھنٹے کی تگ و دوکے بعد محکمہ جنگلات ، میونسپل کارپوریشن ،فائر بریگیڈ اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے تیندوا کو بے ہوش کرکے پکڑلیا۔
اطلاع کےمطابق جمعہ کو صبح ۸ ؍بجے بھائندر مشرق کے بی پی روڈ پر سائی بابا اسپتال کے قریب واقع پاریجات بلڈنگ میں ایک تیندوا گھس گیا اور ۷ ؍افراد کو زخمی کرلیا جن میں انجلی ٹاک نامی ایک لڑکی بھی شامل ہے جس کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ اسے علاج کیلئے پریل کے کے ای ایم اسپتال منتقل کیاگیاہے۔دیگر ۶؍ زخمیوںکاعلاج بھائندر کے پنڈت بھیم سین جوشی اسپتال میں جاری ہے۔تیندوا پاریجات بلڈنگ کے جس گھر میں داخل ہوا تھا، وہاں مذکورہ لڑکی بیڈ پر سو رہی تھی۔ تیندوےنے لڑکی پرحملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیوٹیم وہاں پہنچ گئی اور لڑکی اور اس کے گھر والوں کو باہر نکالا پھر تیندوے کو بے ہوش کرکے پکڑلیا ۔ اس آپریشن میں فائر بریگیڈ کے ۲؍ اہلکار بھی معمولی طورپر زخمی ہوگئے۔ اشوک نگم نامی مقامی شخص نے انقلاب کوبتایاکہ ’’ بی پی روڈ میں تیندوےکےگھس آنے سےخوف و ہراس پھیل گیاتھا۔ صبح ۸؍ بجے تیندوا پاریجات بلڈنگ میں داخل ہوا تھا، دوپہر میں ۳؍بجے ریسکیو ٹیم نے اسےپکڑلیا۔اس دوران متعدد لوگوں نے اپنے گھروں کے دروازے بند کرکے ۶؍گھنٹہ اندر گزارا۔ اس مصروف ترین علاقے سے ایک بائیک لے جانے میں دشواری ہوتی ہے، ایسے میں تیندوا کیسے یہاںگھس آیا ، مقامی لوگ یہ سوال کررہے ہیں؟‘‘ اسی علاقہ کے محمد یونس نے بتایاکہ ’’تیندوا کے گھس آنے سے علاقےمیں خو ف کاماحول ضرورتھالیکن ایسابھی نہیں کہ لوگ گھر سے باہر ہی نہ نکلے ہوں ۔ ہم نے معمول کےمطابق جمعہ کی نماز مسجدمیں اداکی۔ یہ ضرورہےکہ جس عمارت میں تیندوا گھسا تھا، اس بلڈنگ اور آس پاس کی عمارتوںکےمکین خوفزدہ تھے۔‘‘
تھانےکے محکمہ جنگلات کےڈپٹی کنزرویٹر سچن ریپال نے کہاکہ ’’ بھائندر کی ایک رہائشی عمارت میں گھس آنے والے تیندوے نے۷؍ افرادکو زخمی کردیا جسے پکڑلیا گیاہے۔‘‘
علاقے کے رکن اسمبلی پرتاپ سر نائک اور میونسپل کمشنر رادھا بنود شرما نےجائے وقوع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔ پرتاپ سر نائک نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسانی آبادی میں تیندوے کا آنا بہت خطرناک ہے۔ جائےوقو ع پر محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کے تاخیر سے پہنچنے پرانہوں نے برہمی کا اظہار کیا۔
واضح رہےکہ تیندوا صبح ۸؍بجے بی پی روڈ پر واقع عمارت میں داخل ہواتھاجبکہ ریسکیو ٹیم وہاں ۱۰؍بجے پہنچی تھی۔