Inquilab Logo

بھنڈی بازار: وقف بورڈ سے مسافر خانہ مسجد کی مرمت کا مطالبہ

Updated: February 16, 2024, 8:57 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

وقف بورڈ نے معاملہ سپریم کورٹ میں ہونے کا حوالہ دیا۔ کہا : اسٹے ہونے اور جاری شنوائی کے سبب کام کرنا مشکل ہے۔ شکایت کنندہ کا کوشش جاری رکھنے کا عزم۔

Madrasa and Masjid Faizan Ghous Azam Dastgir, Haji Ismail Haji Habib Masafir Khana Mosque which is in a dilapidated condition. Photo: INN
مدرسہ ومسجد فیضان غوث اعظم دستگیر، حاجی اسماعیل حاجی حبیب مسافر خانہ مسجد جس کی حالت خستہ ہے۔ تصویر : آئی این این

یہاں مدرسہ ومسجد فیضان غوث اعظم دستگیر، حاجی اسماعیل حاجی حبیب مسافر خانہ (وقف) مسجد کی خستہ حالت کو دیکھتے ہوئے اس کی فوری مرمت کے لئے وقف پراپرٹی پرناجائز قبضہ جات کےخلاف آواز بلند کرنے اوروقف بورڈ میںشکایت کرنے والے بلال خان نےوقف بورڈ کوخط لکھا اورانقلاب میںشائع ہونے والی خبر کاتراشہ نتھی کیا۔ اس خط میں یہ اپیل کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ میں کیس چل رہا ہے ،چلتا رہے ،جب فیصلہ آئے گا تب آئے گا لیکن مسجد کی مرمت تو ضروری ہے۔ وقف بورڈ اپنے اختیارات کااستعمال کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے رجوع کرے اورمسجد کی مرمت کرائی جائے تاکہ مصلیان کونقصان پہنچنے کا اندیشہ بھی ختم ہو جائے۔ 
اس سے قبل مسجد بچانے کیلئے زیادہ سے زیادہ مصلیان سے نماز ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے وہاٹس ایپ پر پیغام بھیجا گیاتھا۔ اس کے بعد وقف بورڈ کے افسران نے بلال خان کو وقف بورڈ کے ممبئی دفتر بلایا اور ان کی شکایت سننے کے ساتھ کاغذات دیکھے۔ وقف بورڈکے ڈپٹی  چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او ) جنید سید نے انہیں بتایا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیرسماعت ہے اور اس پر اسٹے دیا گیا  ہے۔ابھی کیس کا فیصلہ نہیںہوا ہے۔اسٹے ہونے اورسپریم کورٹ میںجاری شنوائی کے سبب کام کرنا مشکل ہے۔
 نمائندۂ انقلاب کے استفسار پربھی مذکورہ افسر نے یہی جواب دیا ۔ اسی کےساتھ یہ بھی کہا کہ اگربلال خان کواس مسجد کےتعلق سے مزید معلومات یا کاغذات درکار ہوں گے تووقف بورڈ میں درخواست دے کراسے حاصل کیا جاسکتا ہے۔
یادر ہے کہ یہ ایس بی یوٹی (سیفی برہانی اپلفٹمنٹ ٹرسٹ) کے اندر ہے اور ٹرسٹیان پر الزام ہے کہ انہوں نے بے ضابطگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کا ایس بی یو ٹی سے معاہدہ کرلیا ہے۔ اس کی بھی وقف بورڈ میں شکایت کی گئی ہے۔ اس پر ایس بی یو ٹی (سیفی برہانی اپلفٹمنٹ ٹرسٹ)  کے رکن مرتضی صدری والا کا کہنا ہے کہ مسافر خانہ ، یہ پراپرٹی وقف کی ملکیت ہے یا نہیں، سپریم کورٹ میں اس سے متعلق شنوائی جاری ہے، عدالت کا جو بھی فیصلہ ہوگا، اس پر عمل کیا جائے گا۔
 بلال خان کے مطابق دراصل وقف بورڈ کی جانب سے پہلے جس طرح سے اس معاملے میںتیزی دکھائی گئی تھی ، وہ اب نظر نہیں آرہی ہے اورنامعلوم کن وجوہات کی بناء پر افسران بھی کم دلچسپی لے رہے ہیںورنہ صرف مرمت کی بات ہے ،کوئی وہاں قبضہ کرنے نہیں جارہا ہے ۔ ویسے بھی وہاں پنجوقتہ نماز باجماعت ادا کی جارہی ہے اورجمعہ میں بڑی تعداد میں مصلیان آتے ہیں،اس کے باوجود وقف بورڈ کے افسران کی عدم دلچسپی سمجھ سے بالاتر ہے پھر بھی میں اپنی کوشش جاری رکھوں گا۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK