حفاظتی انتظامات پر سوال ،کمپنی کے خلاف کیس درج کرنے کی کارروائی شروع، تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل۔
EPAPER
Updated: November 27, 2026, 11:34 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
حفاظتی انتظامات پر سوال ،کمپنی کے خلاف کیس درج کرنے کی کارروائی شروع، تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل۔
شہر کے کامت گھر علاقے کے فینے پاڑہ میں جمعرات کو ڈرینج لائن کی صفائی کے دوران مین ہول میں دم گھٹنے سے ایک مزدور اور لیبر سپلائر کی موت ہوگئی۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ حادثے کی جگہ میونسپل کمشنر کی رہائش گاہ سے محض۵۰؍ میٹر کے فاصلے پر ہے۔ ایک مزدور کو بچانے کے لئے مین ہول میں اترنے والا لیبر سپلائر بھی زہریلی گیس کی زد میں آگیا اور دونوں کی جان چلی گئی۔ اس واقعے نے ڈرینیج صفائی کے دوران حفاظتی انتظامات اور ٹھیکیداروں کی ذمہ داری پر سوال کھڑے کردیئے ہیں۔متوفین کی شناخت شمشاد عبدالجبار انصاری (۵۵) اور سورج دھوترے(۲۰) کے طور پر ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایگل انفرا کمپنی کی جانب سے تیار کی جارہی ڈرینج لائن کے ٹرائل رن سے قبل جمعرات کی صبح تقریباً ۱۱؍بجے صفائی کا کام جاری تھا۔ اسی دوران سورج دھتورے گہرے مین ہول میں اترا اور زہریلی گیس کے باعث بے ہوش ہوگیا۔
یہ بھی پڑھئے: میرا روڈ : ’آپلا دواخانہ‘ اور ۳۵ ؍آروگیہ وردھنی مراکز ٹھپ، کارپوریٹربرہم
اسے بچانے کے لئے شمشاد انصاری بھی اندر اترے لیکن وہ بھی گیس کی زد میں آگئے۔ فائر بریگیڈ اور پولیس نے دونوں کو باہر نکال کر اسپتال پہنچایا جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔حادثے کے بعد میونسپل کارپوریشن کے ایگزیکٹیو انجینئر سندیپ پٹناور نے ایگل انفرا کمپنی کیخلاف شہر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی اور ایف آئی آر کی کارروائی شروع کی گئی۔ ان کے مطابق ڈرینج لائن کا کام ابھی نامکمل تھا اور پروجیکٹ میونسپل کارپوریشن کے حوالے نہیں کیا گیا تھا۔
دوسری جانب کمشنر انمول ساگر نے واقعے کی جانچ کے لئے ایڈیشنل کمشنر نینا سسانے کی سربراہی میں ۳؍ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ مقامی کارپوریٹر کملاکر پاٹل نے الزام لگایا کہ مزدوروں کو حفاظتی کٹ اور آکسیجن کے آلات فراہم کئے بغیر مین ہول میں اتارا گیا تھا۔ انہوں نے کمپنی اور ٹھیکیدار کے خلاف غیر ارادی قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔