۱۰۰؍ سے زائد غیر قانونی اسٹالوں کا انہدام،پرانے جکات ناکہ سے کے جی این چوک، شانتی نگر، تھانہ روڈ اور بھنڈاری کمپاؤنڈ تک غیر قانونی اسٹال توڑدیئے گئے۔
EPAPER
Updated: November 27, 2026, 11:37 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
۱۰۰؍ سے زائد غیر قانونی اسٹالوں کا انہدام،پرانے جکات ناکہ سے کے جی این چوک، شانتی نگر، تھانہ روڈ اور بھنڈاری کمپاؤنڈ تک غیر قانونی اسٹال توڑدیئے گئے۔
شہر میں شورما کھانے سے درجنوں افراد کے غذائی سمیت کا شکار ہونے کے واقعے کے بعد میونسپل کارپوریشن نے غیر قانونی کھانے پینے کے اسٹالوں اور سڑک کے کنارے قائم غیر قانونی قبضہ کے خلاف وسیع پیمانے پر کارروائی شروع کردی ہے۔ منگل اور بدھ کی دیر شام سے رات تک شہر کے مختلف علاقوں میں انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت۱۰۰؍ سے زائد غیر قانونی اسٹالوں کو جے سی بی کی مدد سے منہدم کردیا گیا۔ کارروائی کا دائرہ پرانے جکات ناکہ سے کے جی این چوک، شانتی نگر، تھانہ روڈ اور بھنڈاری کمپاؤنڈ تک پھیلا رہا جہاں شورما، چکن، مچھلی اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والے اسٹالوں کے علاوہ روزمرہ استعمال کی اشیاء فروخت کرنے والی ہاتھ گاڑیوں اور عارضی دکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: ڈرینج کے مین ہول میں دم گھٹنے سے۲؍افراد ہلاک
انتظامیہ کی سختی
شورما کھانے سے لوگوں کی طبیعت بگڑنے کے واقعے کے بعد میونسپل انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے سڑکوں کے کنارے قائم اسٹالوں پر جے سی بی چلایا۔ اس دوران کئی مقامات پر دکاندار اور اسٹال مالکان اپنے کاروبار کو بچانے کے لئے انتظامیہ سے منت سماجت کرتے رہےجبکہ بعض نے کارروائی پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے احتجاج بھی کیا لیکن میونسپل دستے نے کارروائی جاری رکھتے ہوئے متعدد اسٹالوں اور عارضی ڈھانچوں کو منہدم کردیا جس سے متاثرہ دکانداروں کے روزگار پر اثر پڑا ہے۔ یہ کارروائی میونسپل کمشنر کی ہدایت پر کی گئی جس میں غیر قانونی تجاوزات محکمہ کے سربراہ ثاقب کھرنے، اسسٹنٹ کمشنر سعید چیونے، اروند گھوگھرے، بیٹ انسپکٹر رماکانت مہاترے، دھنراج پاٹل، لائسنسنگ شعبے کے ملازم منگیش گائیکواڑ اور دیگر متعلقہ افسران و ملازمین موجود تھے۔ اسی دوران میونسپل انتظامیہ کی جانب سے شورما سے غذائی سمیت کے واقعے کے بعد شہر میں غیر قانونی اسٹالوں اور تجاوزات کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔