• Fri, 27 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

تزئین و آرائش کیلئے بند مسلم علاقے کا واحد سرکاری دواخانہ۱۰؍ماہ بعد بھی نہیں کھل سکا

Updated: November 27, 2026, 11:41 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Mumbai

دواخانہ مسلسل بند ہونے سے مقامی شہریوں کو طبی سہولیات کے حصول میں دشواری ۔دواخانہ کا کام فوری طورپر شروع کرنے اور اسے دوبارہ کھولنے کا مطالبہ۔

A large number of people used to benefit from the Saleh Muhammad Ilyas Dawakhana. Photo: INN
صالح محمد الیاس دواخانہ سے بڑی تعداد میں لوگ فائدہ اٹھاتے تھے۔ تصویر: آئی این این

شہر کے قدیم سرکاری طبی مراکز میں شمار ہونے والا صالح محمد الیاس دواخانہ کبھی علاقے کے غریب اور متوسط طبقے کے مریضوں کے لئے علاج و معالج کا ایک اہم سہارا ہوا کرتا تھا۔تقریباً ۶۰ ؍سال قبل مخیر حضرات نے عوامی فلاح و بہبود کے جذبہ کے تحت یہ دواخانہ کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی ایم سی) کے حوالے کیا تھا جہاں عام علاج و معالجہ کے علاوہ میٹرنٹی ہوم کی بہترین سہولت بھی دستیاب تھی۔تاہم وقت گزرنے کے ساتھ انتظامیہ کی عدم توجہی کے سبب یہ طبی مرکز خستہ حالی کا شکار ہوتا چلا گیا۔کے ڈی ایم سی نے اس کی تزئین و آرائش کے نام پر تقریباً ۱۰ ؍ماہ قبل دواخانہ کو بند کردیا تھا لیکن افسوس کہ اتنا طویل عرصہ گزرنے کے باوجود اب تک کام شروع نہیں ہوسکا ہے۔ دواخانہ مسلسل بند ہونے سے مقامی شہریوں کو طبی سہولیات کے حصول میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس صورتحال کے پیش نظر مقامی کارپوریٹر نے میونسپل انتظامیہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے دواخانہ کی تزئین و آرائش کا کام فوری  طور پرشروع کرنے اور اسے دوبارہ عوام کے لئے کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔

صالح محمد الیاس دواخانہ میونسپل انتظامیہ کی بے حسی  کے باعث اپنی افادیت کھوتا جا رہا ہے۔ایک وقت تھا جب اس دواخانہ میں عام شہریوں کے علاج کے ساتھ ساتھ زچگی کی بہترین سہولت بھی دستیاب تھی لیکن بنیادی سہولیات اور طبی عملہ کی عدم دستیابی نے اسے معمولی بیماریوں کے علاج تک محدود کرکے رکھ دیا ہے۔صورتحال یہ ہے کہ گزشتہ ۱۵ ؍سے ۲۰ ؍برسوں سے یہاں کا میٹرنٹی ہوم مکمل طور پر بند پڑا ہے جس کے باعث علاقے کی غریب اور محنت کش خواتین کو زچگی کے لئے دوسرے اسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: شورما سے غذائی سمّیت کے بعد میونسپل کارپوریشن کی بلڈوزر کارروائی

ریتی بندر،گووندواڑی، کھاڑی کنارے اور دیگر علاقوں میں آباد غریب و محنت کش طبقے کے افراد اس دواخانہ سے استفادہ کرتے تھے لیکن اس کی زبوں حالی کے بعد انہیں ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع رکمنی بائی سرکاری اسپتال جانا پڑ رہا ہے۔ اگرچہ میونسپل کارپوریشن نے باردان گلی میں ایک چھوٹا دواخانہ شروع کیا ہے لیکن وہاں بھی طبی عملہ اور ضروری دواؤں کی کمی کے باعث شہریوں کو خاطر خواہ طبی سہولیات نہیں مل پا رہی ہیں۔

مقامی افراد کے مطابق وہاں محدود وقت کے لئے ہی ایک دو ڈاکٹر دستیاب ہوتے ہیں اور اکثر ضروری دوائیں بھی فراہم نہیں کی جاتیں۔ اس سنگین صورتحال کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے کارپوریٹر رمیز منیار نے میونسپل کمشنر کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں نشاندہی کی ہے کہ صالح محمد الیاس دواخانہ صفائی کے فقدان، رنگ و روغن اور ضروری مرمت نہ ہونے، طبی آلات کی کمی نیز ڈاکٹروں اوریگر عملہ کی عدم دستیابی کے سبب انتہائی خستہ حالی کا شکار ہے۔بالخصوص یہاں قائم میٹرنٹی ہوم مکمل طور پر بند ہے۔انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر دواخانہ کی عمارت کا سروے کرکے اس کی مرمت اور تزئین و آرائش کے لئے تخمینہ تیار کیا جائے اور بلا تاخیر تعمیراتی کام شروع کیا جائے تاکہ اس قدیم دواخانہ کو دوبارہ فعال بناکر علاقے کے غریب اور ضرورت مند شہریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK