Inquilab Logo

بھیونڈی: فائر بریگیڈ کے بیڑے میں ۳؍فائر بائک شامل

Updated: January 29, 2024, 11:32 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

یہاں میونسپل کارپوریشن نے اپنے فائر محکمہ کی استعداد میں اضافہ کرتے ہوئے ۳؍فائر بائک اپنے بیڑے میں شامل کی ہےجس سے فائر بریگیڈ کو شہر کی تنگ گلیوں میں بھی جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابوپانے میں مدد ملے گی۔

Municipal Commissioner Ajay Vaidya and others are seen at the inauguration of Firebike. Photo: INN
فائربائک کے افتتاح کے موقع پر میونسپل کمشنر اجے ویدیہ اور دیگر افراد نظر آرہے ہیں۔ تصویر : آئی این این

یہاں میونسپل کارپوریشن نے اپنے فائر محکمہ کی استعداد میں اضافہ کرتے ہوئے ۳؍فائر بائک اپنے بیڑے میں شامل کی ہےجس سے فائر بریگیڈ کو شہر کی تنگ گلیوں میں بھی جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابوپانے میں مدد ملے گی۔ یوم جمہوریہ کے موقع پرمیونسپل کمشنر اجے ویدیہ کے ہاتھوں ان فائر بائک کاافتتاح کرکے انہیں بیڑے میں شامل کیا گیا۔ واضح رہےکہ ۲۶؍ مربع کلومیٹر والا صنعتی شہربھیونڈی میں لاکھوں کی تعداد میں پاور لوم، سائزنگ، کپڑاڈائنگ، یارن ڈائنگ، پلاسٹک کے موتی کارخانے، جینس واشنگ ڈائنگ، دکانیں عمارتیں اورگنجان جھوپڑپٹیاں ہیں ۔ اس کے علاوہ شہر سے ملحق دیہی علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں گودام ہیں جن میں آتش گیر کیمیکل کےسیکڑوں گودام بھی شامل ہیں ۔ کمرشیل علاقے میں ہزاروں کی تعداد میں چھوٹی بڑی صنعت ہیں ۔ شہر اور دیہی علاقوں میں مختلف کارخانے اور گودام قائم ہونے کے سبب بھیونڈی کی آبادی میں دن بہ دن تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ ان علاقوں میں آئے دن آگ لگنے کے چھوٹے بڑے واقعات ہوتے رہتے ہیں جن میں لوگوں کے جان ومال کا نقصان ہوتا ہے۔ 
  گزشتہ سال شہر اور اس کے اطراف میں ۱۷۴؍ سے زائد مقامات پر آگ لگی تھی۔ ان میں بیشتر مقامات پر گلیان تنگ ہونے کے باعث فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو پہنچنے میں سخت دشواری پیش آتی ہے جس کی وجہ سے آگ سنگین شکل اختیار کرلیتی ہے اور کافی نقصان ہوتاہے۔ اس قسم کے آتشزدگی کے واقعات پر اب آسانی سے قابو پایا جا سکتا ہے۔ 
 میونسپل کارپوریشن کے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے مطابق ڈسٹرکٹ پلاننگ کمیٹی تھانے کے فنڈ سے خریدی گئی اس فائر بائک میں ۴۰؍ لیٹر کی گنجائش والا پانی کا ٹینک ہے۔ اس ٹینک میں ایک اعلیٰ صلاحیت کا پمپ، نوزل گن اور ۳۰؍میٹر لمبا پائپ لگایا گیا ہےجس سے پانی کی کم مقدار ہونے کے باوجود آگ بجھائی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ شہریوں کو خبردار کرنے کیلئے بلٹ بائیک میں امبر لائٹس، سائرن، پی اے سسٹم انسٹال کیا گیا ہے۔ شہر کی ایسی تنگ گلیان اور گنجان آبادی والی جھوپڑپٹیاں جہاں فائر بریگیڈ نہیں پہنچ سکتی، فائر بریگیڈ کے اہلکار بلٹ فائر بائک پر ایسی جگہوں پر پہنچ کر نہ صرف آگ پر قابو پا سکتے ہیں بلکہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت بھی کر سکتے ہیں ۔ فائر بریگیڈ کے اہلکار کے مطابق بھیونڈی میونسپل کارپوریشن علاقے میں آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ انہیں بائک کا استعمال کرکے آگ پر قابوپانے کی کوشش کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK