۲۹۵؍کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل ملازمت دینے، پے کمیشن کے بقایاجات اور دیگر مطالبات منظور نہ ہونے پراحتجاج کا انتباہ۔
EPAPER
Updated: November 24, 2026, 4:15 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
۲۹۵؍کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل ملازمت دینے، پے کمیشن کے بقایاجات اور دیگر مطالبات منظور نہ ہونے پراحتجاج کا انتباہ۔
بھیونڈی نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن کے ملازمین نے دیرینہ مطالبات حل نہ ہونے پر شہری انتظامیہ کے خلاف احتجاج کا انتباہ دیا ہے۔ ملازمین کی نمائندہ تنظیم کامگار ایکتا مہاسنگھ نے میونسپل کمشنر انمول ساگر کو یادداشت پیش کرکے۸؍ دن کی مہلت دی ہے۔ تنظیم نے واضح کیا ہے کہ اس مدت میں مطالبات پر مثبت فیصلہ کرکے بات چیت کیلئے میٹنگ نہیں بلائی گئی تو میونسپل ہیڈکوارٹرز پر زبردست احتجاج کیا جائے گا۔
مہاسنگھ کے مطابق ملازمین کے مسائل حل کرنےکیلئے کئی مرتبہ انتظامیہ سے تحریری طور پر رابطہ کیا گیا لیکن کوئی ٹھوس کارروائی نہیں ہوئی۔۱۲؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو کمشنر سے ملاقات کیلئے وقت مانگا گیا تھا، تاہم جواب نہ ملنے پر۲۰؍ اکتوبر کو میونسپل ہیڈکوارٹرز پر مورچہ نکالا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: پانی کی قلت کےسبب شہری انتظامیہ کا چند پابندیاں عائد کرنے کا منصوبہ
اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر دراڈے کے ساتھ میٹنگ میں دو سے تین دن کے اندر کمشنر سے ملاقات کرانے اور مسائل حل کرنے کی تحریری یقین دہانی دی گئی تھی لیکن تنظیم کا الزام ہے کہ اس پر عمل نہیں کیا گیا۔تنظیم کے اہم مطالبات میں چھٹے اور ساتویں پے کمیشن کے بقایاجات کی فوری ادائیگی،۲۰۰۵ء کے بعد بھرتی ہونے والے ملازمین کی این پی ایس کے تحت کاٹی گئی رقم ان کے کھاتوں میں جمع کرانا اور طویل عرصے سے معطل ملازمین کی غیر جانبدارانہ جانچ کے بعد انہیں ملازمت پر بحال کرنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ مختلف محکموں میں برسوں سے کام کرنے والے ۲۹۵؍ کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے اور صفائی ملازمین سے متعلق کارروائی میں حکومت کے مقررہ ضوابط پر عمل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مہاسنگھ نے صفائی اور چوتھے درجے کے ملازمین کو تعلیمی قابلیت کی شرط سے مستثنیٰ کرکے۱۰، ۲۰؍اور ۳۰؍ سال کی ملازمت کے مطابق فوائد دینے، محکمہ صحت میں اسسٹنٹ کمشنر کے عہدے پر تجربہ کار ہیلتھ انسپکٹرس کو موقع دینے اور ترقی و تقرری میں سینئریٹی کے اصولوں پر عمل کرنے کی بھی مانگ کی ہے۔ صفائی ملازمین کے کیبن میں پینے کے پانی اور طبی بنیادوں پر تین ماہ تک کی چھٹی کیلئے اندرا گاندھی میموریل اسپتال سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی سہولت بھی مطالبات میں شامل ہے۔ یادداشت پر ملازمین کی ۳؍ تنظیموں کے عہدیداروں سنتوش سالوی، راجندر کومباڑی اور پرکاش پاٹل نے دستخط کئے ہیں۔ مہاسنگھ نے کہا ہے کہ۸؍ دن میں مطالبات پر پیش رفت نہ ہوئی تو ملازمین کو متحد کرکے بڑا مورچہ نکالا جائے گا۔