موسم گرما میں پانی کی کمی کا مسئلہ مزید بڑھنے کا خدشہ۔ سوئمنگ پول، تعمیراتی کمپنیوں، منرل واٹر فیکٹریوںاور پانی کا زیادہ استعمال کرنےوالی کمپنیوںپر پابندی عائدکی جاسکتی ہے۔ حتمی فیصلہ دسمبر کے بعد ہوگا۔
EPAPER
Updated: November 24, 2026, 4:13 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
موسم گرما میں پانی کی کمی کا مسئلہ مزید بڑھنے کا خدشہ۔ سوئمنگ پول، تعمیراتی کمپنیوں، منرل واٹر فیکٹریوںاور پانی کا زیادہ استعمال کرنےوالی کمپنیوںپر پابندی عائدکی جاسکتی ہے۔ حتمی فیصلہ دسمبر کے بعد ہوگا۔
شہر کو پانی سپلائی کرنے والی ساتوں جھیلوں میں گزشتہ سال کے مقابلے امسال فی الحال پانی کا ذخیرہ ۱۷؍فیصد ذخیرہ ہے، اس کی وجہ سے گرمی میں پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ اس مسئلہ پر قابو پانے کیلئے شہری انتظامیہ چند پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہا ہے ۔ ان میں سوئمنگ پول اور تعمیراتی کمپنیوں کیلئے نل کنکشن کو مکمل طور پر بند کرنے کے علاوہ منرل واٹر فیکٹریوں اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے والی دیگر کمپنیوں کی بھی پانی سپلائی روکی جاسکتی ہے ۔ اس تعلق سے حتمی فیصلہ دسمبر کے بعد صورتحال کاجائزہ لینے پر کیاجائے گا۔
گزشتہ سال کے مقابلے پانی کی ذخیرہ ۱۷؍فیصد کم
ممبئی شہر کو پانی فراہم کرنے جھیلوں میں پانی کا ۷۷؍ فیصد ذخیرہ باقی ہے جوگزشتہ سال کے مقابلے ۱۷؍فیصد کم یعنی ایک لاکھ ۹۰؍ ہزار ملین لیٹر ہے ۔امسال شہر کو پانی فراہم کرنے والی جھیلوں کے علاقوں میں کم بارش کی وجہ سے جھیل میں پانی کے ذخیرے میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔ ان جھیلوں میں پانی کا موجودہ ذخیرہ آئندہ سال گرمی کے موسم کیلئے ناکافی ہوسکتا ہے ۔ اس وجہ سے میونسپل واٹر انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ موجودہ ۱۰؍فیصد پانی کی کٹوٹی میں مزید ۱۰؍فیصد اضافہ کرنے پر بھی غور کر رہاہے ۔ اس سے روزانہ ۸۰۰؍ ملین لیٹر پانی کی بچت ہو سکتی ہے ۔
اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ ممبئی والوں کو اگلے مانسون تک پانی کی کم سے کم قلت کا سامنا کرنا پڑے، پانی کے تحفظ کیلئے کچھ پابندیاں بھی عائدکی جاسکتی ہیں ۔ اس میں سوئمنگ پول اور تعمیراتی مقامات کیلئے نل کنکشن کو مکمل طور پر بند کرنا شامل ہے ۔ اس کے علاوہ شہر میں منرل واٹرفیکٹریوں کے پانی کی سپلائی کے ساتھ کولڈ ڈرنکس اور پانی استعمال کرنے والی دیگر کمپنیوں پر پابندی لگائی جاسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ٹھنڈ سے بچنے کیلئے آگ جلانے پر ۲؍ ہزار روپے جرمانہ
میونسپل واٹر انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن دسمبر کے بعد اس سلسلے میں کوئی فیصلہ کرنے پر غور کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے روزانہ ۲۰؍ سے ۲۵؍ ملین لیٹر پانی کی بچت ہوگی۔
کنوئوں سے پانی نکالنے پر بھی پابندی عائد کی جاسکتی ہے
پانی کی ممکنہ قلت سے بچنے کیلئے موسم گرما میں ممبئی میونسپل کارپوریشن کنوؤں سے پانی نکالنے پر بھی کچھ پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہی ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ کنوؤں کے پانی کے استعمال کیلئے میونسپل کارپوریشن کی اجازت کواگر لازمی قرار دیاگیاتو کنوؤں سے لاکھوں لیٹر پانی کا اخراج لامحالہ رک جائے گا ۔ فی الحال کنویں کا پانی عمارتوں کی تعمیر اور دیگر تعمیرات کیلئے استعمال کیا جاتا ہے جبکہ کچھ ہوٹل مالکان اور ڈاکٹر کے علاوہ دیگر کاموں کیلئے بھی کنویں کا پانی استعمال ہورہاہے اس لئے کنویں کے پانی کی بہت زیادہ مانگ ہے لیکن کنویں کے پانی پر پابندی عائد کی جاتی ہے تو ان کاموں کے متاثر ہونے کا قوی امکان ہے۔
پنویل: ہر وارڈ میں ایک دن پانی کی سپلائی بند کرنے کا فیصلہ
پنویل میونسپل کارپوریشن کی عوامی رابطہ افسر ورشا کلکرنی کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق امسال ال نینو کی اثر کی وجہ سے بارش کم ہوئی ہے۔ ڈیم میں پانی کی سطح کافی کم ہے اور پانی کی شدید قلت ہے۔ پانی سے متعلق مستقبل کے پلاننگ کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنویل کے تمام وارڈوں میں ایک دن پانی سپلائی بند رکھی جائے گی جبکہ اتوار کو پانی سپلائی حسب معمول جاری رہے گی۔ مسلم اکثریتی علاقوں میں منگل کو پانی سپلائی بند رہے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالات کے مطابق وارڈوں میں پانی سپلائی بند کرنے کے دنوں کو تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ پانی کا احتیاط سے استعمال کریں اور اس معاملے میں ہمیں تعاون کریں۔