• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شہر اور مضافات میں ایپ بیسڈ ٹیکسی اور بائیک سروس کیخلاف ہڑتال بے اثر

Updated: November 24, 2026, 4:18 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

شہر کی ٹیکسی اور رکشا کی بیشتر یونینس ریاستی سطح پر کی جانے والی یک روزہ ہڑتال میں شامل نہیں ہوئیں، حکومت کو۱۵؍دنوں کی مہلت دی۔

The one-day strike had no visible impact in Mumbai and its suburbs. Photo: Inquilab
یکروزہ ہڑتال کا ممبئی اور مضافات میں کوئی اثر نہیں نظر آیا۔ تصویر: انقلاب

ایپ کے ذریعے فراہم کی جانے والی کار اور ای بائیک سروسز کے خلاف پیر کے روز ریاست گیر ہڑتال کی اپیل کا ملا جلا اثر دیکھنے کو ملا۔ ایک طرف جہاں ممبئی اور مضافاتی علاقوں میں ٹیکسی اور آٹو رکشا سروس معمول کے مطابق جاری رہی وہیں ریاست کے دیگر بڑے شہروں میں مکمل پہیہ جام رہا، جس سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ممبئی میں کوئی اثر نہیں

شہری سطح پر ممبئی اور مضافات کی بیشتر آٹو رکشا اور ٹیکسی یونینوں نے ہڑتال سے خود کو الگ رکھا جس کے باعث سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر نہیں ہوئی۔ اگرچہ مہاراشٹر نو نرمان سینا (ایم این ایس) کی ٹرانسپورٹ وِنگ اور دھڑک کامگار یونین نے بند کی حمایت کا اعلان کیا تھا، تاہم مقامی یونینوں کی جانب سے واضح ہدایات نہ ملنے پر ڈرائیوروں نے ہڑتال میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔

یہ بھی پڑھئے:بھیونڈی: ملازمین کے مطالبات پر شہری انتظامیہ کو۸؍ دن کی مہلت

دیگر علاقوں میںبند کامیاب

الاندی میں منعقدہ مشترکہ اجلاس کے فیصلے کے مطابق تھانے، پونے، پمپری چنچوڑ، ناسک، ناگپور، کولہاپور، چھترپتی سمبھاجی نگر، ستارا، سانگلی اور چندرپور میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ رکشا ڈرائیوروں نے ہڑتال میں حصہ لیا۔ رکشا سروس بند رہنے سے اسکول و کالج کے طلبہ، دفتری ملازمین اور تاجروں کو سفر میں خاصی دشواری پیش آئی۔ پمپری چنچوڑ میں صورتحال سب سے زیادہ کشیدہ رہی، جہاں مشتعل ڈرائیوروں نے وزیر مملکت برائے ٹرانسپورٹ مادھوری مسال اور اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر انّا بنسوڈے کے دفاتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔

حکومت کو ۱۵؍دنوں کی مہلت 

ممبئی کی یونینوں نے ہڑتال میں شامل نہ ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے ہی اپنے مطالبات محکمہ ٹرانسپورٹ کے سامنے رکھ چکے ہیں۔ آٹو رکشا ٹیکسی مینس یونین کے صدر ششانک راؤ نے واضح کیا کہ وہ بھی اولا، اوبر، ریپیڈو اور ای بائیک سروسز کے خلاف ہیں اور ڈرائیوروں کے تحفظ کے حوالے سے تحریری مطالبات محکمہ کو سونپ دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ۱۵؍دنوں کے اندر محکمہ ٹرانسپورٹ نے اس پر کوئی ٹھوس فیصلہ نہیں کیا تو یونین آئندہ کے احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK