سابق میئر جاویددلوی آٹھویں مرتبہ ، سنتوش شیٹھی ، بالارام چودھری ، منوج کاٹیکر ، نارائن چودھری ، نیلیش چودھری اور پرکاش ٹاورے چھٹی مرتبہ جبکہ یشونت ٹاورے تیسری مرتبہ کامیاب ہوئے۔
الیکشن میں کامیابی پرجاویددلوی کو ان کے حامی مبارکباد دیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این
میونسپل کارپوریشن میں گزشتہ ڈھائی تا تین دہائیوں سے اثر و رسوخ رکھنے والے سرکردہ لیڈران نے ایک مرتبہ پھر اپنی عوامی مقبولیت ثابت کرتے ہوئے اپنے اپنے حلقوں میں فتح حاصل کی۔ سخت مقابلے، بدلتے سیاسی منظرنامے اور نئے دعویداروں کے باوجود ان قد آور شخصیات نے اپنے مضبوط قلعوں کو منہدم ہونے نہیں دیا۔ان میں سابق میئر جاوید دَلوی، سینئر کارپوریٹر سنتوش شیٹھی، بالارام چودھری، منوج کاٹیکر، نارائن چودھری، نیلیش چودھری، یشونت ٹاورے اور پرکاش ٹاورے کے نام نمایاں ہیں۔
سابق میئر جاوید دلوی نے لگاتار آٹھویں مرتبہ کامیابی حاصل کرکے سیاست میں ایک اور سنگِ میل عبور کیا ہے۔ بندر محلہ، سوداگر محلہ، بازارپیٹھ اور برہمن آلی جیسے گنجان آبادی والے علاقوں میں تمام طبقات اور مذاہب کے شہریوں سے گہرے روابط اور مسلسل عوامی موجودگی ان کی فتح کا بنیادی سبب بنی۔
سینئر کارپوریٹر سنتوش شیٹھی نے پدم نگر جیسے پدمشالی سماج کے اکثریتی والے علاقے میں اپنی چھٹی کامیابی درج کرائی۔۱۹۹۵ءسے جاری ان کا سیاسی سفر آج بھی اسی مضبوطی کے ساتھ رواں دواں ہے۔ ہر انتخاب میں اپنے ہی سماج کے اندر سے ابھرنے والی مزاحمت کے باوجود انہوں نے سماجی ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
ٹیم گھر علاقے میں بالارام چودھری اور کامت گھر میں شیو سینا (شندے) کے منوج کاٹیکر نے اپنی سیاسی بالادستی برقرار رکھتے ہوئے چھٹی مرتبہ کامیابی حاصل کی۔ اسی طرح تڈالی علاقے میں بی جے پی کے نارائن چودھری اور نیلیش چودھری جبکہ نارپولی حلقے میں پرکاش ٹاورے نے پہلے میونسپل انتخاب سے لے کر آج تک اپنی گرفت مضبوط رکھتے ہوئے مسلسل چھٹی فتح درج کرائی۔ یشونت ٹاورے نے بھی لگاتار تیسری مرتبہ عوام کا اعتماد حاصل کیا۔