• Wed, 21 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرلا:مارپیٹ واقعہ کے بعد بی ایم سی کی بلڈوزر کارروائی

Updated: January 21, 2026, 1:04 PM IST | Shahab Ansari | Kurla

مقامی افراد کی شکایت کے بعد فٹ پاتھ پر غیرقانونی قبضہ جات، ہاکرس اور رکشا والوں کیخلاف شہری انتظامیہ کا اقدام۔ موٹرسائیکل کی ٹکرلگنے پر ۳؍ افراد کی بری طرح پٹائی کی گئی تھی۔

Demolition crews demolish an illegal structure in front of a shop on Newmal Road. Picture: INN
انہدامی دستہ نیومل روڈ پر ایک دکان کے آگے کے غیرقانونی حصے کوتوڑرہا ہے۔ تصویر: آئی این این
برسر اقتدار پارٹی تک پہنچ رکھنے والے ۳؍ افراد کو سڑک حادثہ  کے معاملے میں ہوئے جھگڑے میں چند افراد نے بری طرح پیٹا تھا ۔ اس واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی گئی اور بھگوا خیمہ کی شکایت پر بی ایم سی نے منگل کو جائے حادثہ سے لے کر اس سڑک کے دونوں طرف دور تک بلڈوزر کارروائی کی۔ اس انہدامی کارروائی میں نہ صرف سڑک پر سے غیرقانونی قبضہ جات کو منہدم کیا گیا بلکہ غیرقانونی ہاکرس اور رکشا چلانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی  ۔ واضح رہے کہ اتوار کو موٹر سائیکل کی ٹکر لگ جانے کی وجہ سے چند افراد نے ۳؍ افراد کی لاتوں، گھونسوں اور کمر کے پٹے سے بُری طرح پٹائی کی تھی۔
جن کی پٹائی کی گئی تھی، ان کے نام آکاش سنگھ، آدتیہ پانسے اور اسیم سنگھ ہیں جو سیاسی طور پر سرگرم اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنوں کے قریبی بتائے گئے ہیں۔ اس تعلق سے کرلا پولیس اسٹیشن میں ۶؍ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے جن میں حملہ کرنے والے ۵؍ افراد کے نام جلیل شیخ، شرن، اسحٰق، شانو اور احمد بھی درج کئے گئے ہیں۔ اس مارپیٹ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا اور پیر تک ان کی گرفتاری عمل میں آگئی تھی۔ 
اگرچہ یہ ایک عام جھگڑا تھا لیکن ’ہندو سکل سماج ‘ نے اسے فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی۔ اس تنظیم کے چند افراد نے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر ڈالا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے بی ایم سی میں شکایت کرکے انہدامی کارروائی کا مطالبہ کیا تھا اور اسی بنیاد پر   انہدامی کارروائی کی گئی ہے۔ 
اس ویڈیو میں کرلا ہی کے رہنے والے ایڈوکیٹ پرنیل گاڑوے کہتے نظر آرہے ہیں کہ مذکورہ افراد پر یہاں کے پھیری والوں نے حملہ کرکے ان کی جان لینے کی کوشش کی۔ اس تعلق سے پولیس میں اقدام قتل کی شکایت درج کروائی گئی ہے۔ تاہم سکل ہندو سماج کی حیثیت سے انہوں نے بی ایم سی کے ’ایل وارڈ‘ کے افسران کو تحریری شکایت دے کر غیرقانونی ہاکرس اور رکشا والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اس مطالبہ پر بی ایم سی افسران نے شکایت کنندگان کو تحریری یقین دہانی کرائی کہ رکشا والوں کے خلاف کل سے کارروائی ہوگی ۔تاہم پھیری والوں کے خلاف بلاتاخیر فوری کارروائی شروع کی جائے گی۔ اس یقین دہانی کے بعد نیو مل روڈ پر دکانوں کے غیر قانونی توسیع شدہ حصوں کو منہدم کردیا گیا اور پھیری والوں سے فٹ پاتھ خالی کروالیا گیا۔ اس کے علاوہ وہاں پولیس وین کو بندوبست پر لگادیا گیا ہے تاکہ ہاکرس وہاں دوبارہ نہ آجائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK