شیخ آصف، شیخ طاہرہ اورشیخ رشید کے بعد اب شیخ نسرین نے میئر ہونے کا اعزازحاصل کیا۔
EPAPER
Updated: February 09, 2026, 12:45 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon
شیخ آصف، شیخ طاہرہ اورشیخ رشید کے بعد اب شیخ نسرین نے میئر ہونے کا اعزازحاصل کیا۔
صنعتی شہر کی سیاست میں ایک تاریخی اور اہم ریکارڈ بنا ہے۔ کئی گھرانے سیاسی میدان میں مصروفِ کار رہے یا ہیں لیکن سیاسی سطح پر نمایاں کامیابی اور اعزاز ملنے کے جو مواقع رائے دہندگان کی بے لوث محبت واخلاص کے عوض شیخ رشید کے خانوادے کو ملا فی الوقت اس کی ہمسری میں مالیگاؤں کا کوئی سیاسی خاندان نہیں ہے۔
تاریخی پس منظر
شیخ رشید مرحوم نے ایک مرتبہ غالباً ۲۰۲۱ء یا ۲۰۲۲ء میں نمائندۂ انقلاب کے استفسار پرجو معلومات فراہم کی تھی، اس کے مطابق اُن کے خاندان کاسلسلہ مغل سلاطین کے دورِ اقتدار سےملتا ہے۔ جب مغلوں کا اقتداربنگال سے کاشغر تک تھا۔ شیخ رشید کے جد امجد شیخ نظام شیخ چاند مغلیہ فوج (مغربی ہندوستان علاقہ خاندیش)میں خدمات پر مامور تھے۔ ملک کی آزادی کے بعد اس گھرانے سے شیخ رستم شیخ عبدالقادر خاندیش کے پلکھوڑ قصبے کے سرپنچ (۱۹۵۶ء تا ۱۹۶۱ء)تھے۔ سلسلہ آگے بڑھا۔ شیخ عبدالقادر کے پوتے شیخ رشید مالیگاؤں میونسپل کونسل میں ۱۹۸۴ء میں رکن بلدیہ منتخب ہوئے۔ ۱۹۹۴ء میں صدر بلدیہ اور ۱۹۹۹ء میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ ۱۰؍ سال تک مہاراشٹر اسمبلی میں برسراقتدارکانگریس راشٹروادی کانگریس کے دور میں مالیگاؤں کے رکن اسمبلی رہے۔ شیخ رشید مرحوم کی روایت کے مطابق اُن کے اجداد اور اہلِ خانہ مولانا ابوالکلام آزاد، گاندھی اور نہرو کے سیاسی نظریات کے ماننے والے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’’ ملک میں اقلیت یا اکثریت جیسا کوئی تصور نہیں، ہم سب ایک ہی سماج ہیں‘‘
پانچویں مرتبہ میئرشپ
ابتداءسے کانگریس سے وابستہ رہے شیخ رشید گھرانے میں پہلے میئر شیخ آصف (۲۰۰۴ء سے ۲۰۰۶ء تک) ہوئے۔ ان کے بعد ۲۰۱۲ء سے ۲۰۱۵ء تک طاہرہ شیخ رشید نے یہ کرسی سنبھالی۔ ۲۰۱۷ء سے ۲۰۲۰ء تک شیخ رشید میئر رہے۔ ۲۰۲۰ء سے ۲۰۲۳ء تک ایک مرتبہ پھر طاہرہ شیخ رشید نے بحیثیت ِ میئرذمہ داری نبھائی۔ کانگریس سے علاحدگی کے بعد یہ خاندان راشٹروادی کانگریس (این سی پی )میں گیا۔ وہاں پارٹی شردپوار اور اجیت پوار میں منقسم ہوئی تو ’انڈین سیکولرلارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر‘ کے نام سے شیخ آصف نے سیاسی سرگرمیوں کو آگے بڑھایا۔ اس پارٹی سے نسرین شیخ خالد گزشتہ ۷؍فروری سنیچرکو مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی ۹؍ویں میئر بنی ہیں۔
نسرین دوسری خاتون میئر ہیں۔ ان سے قبل ان کی ساس طاہرہ شیخ پہلی خاتون میئرہونے کا شرف حاصل کرچکی ہیں۔