Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : کارپوریشن کے ہیڈکوارٹر زمیں غیر قانونی پارکنگ پرکارروائی ہوگی

Updated: May 12, 2025, 1:03 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

ایسے گاڑی مالکان کو ۴۸؍گھنٹوں میں گاڑیاں نہ ہٹانے پر سخت ایکشن کا انتباہ دیا گیا۔

File photo of the headquarters of Bhiwandi Nizampur Municipal Corporation. Photo: INN
بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن کے صدردفتر کی فائل فوٹو۔ تصویر: آئی این این

بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے مرکزی دفتر کے احاطے میں غیر قانونی طور پر پارک کی گئی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سیکوریٹی ڈپارٹمنٹ نے جمعہ کے روز ان تمام چار پہیہ گاڑیوں کے مالکان کو نوٹس جاری کئے ہیں، جو بلدیہ کے احاطے میں طویل عرصے سے بغیر اجازت کھڑی کی گئی ہیں۔ 
 نوٹس میں واضح طور پر ہدایت دی گئی ہے کہ تمام غیر قانونی طور پر کھڑی کی گئی گاڑیاں ۴۸؍ گھنٹوں کے اندر اندر احاطے سے ہٹا لی جائیں ، بصورت دیگر بلدیہ گاڑیاں ضبط کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مالکان کے خلاف جرمانے سمیت دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائے گی۔ 
 سیکوریٹی محکمہ کے مطابق میونسپل ہیڈکوارٹر کا احاطہ ایک غیر رسمی پارکنگ ایریا میں تبدیل ہو چکا ہے، جہاں لوگ اپنی گاڑیاں کھڑی کرکے دفتر یا بازار کے بجائے گھروں کو چلے جاتے ہیں۔ نتیجتاً، دفتر آنے والے شہریوں، افسران اور ملازمین کو گاڑیاں پارک کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 
 بعض مواقع پر ایمرجنسی سروسیز، مثلاً فائر بریگیڈ یا ایمبولینس کو بھی احاطے میں داخل ہونے میں رکاوٹ پیش آتی ہے، جو کہ ایک سنگین مسئلہ ہے۔ بلدیہ کا کہنا ہے کہ احاطے کی پارکنگ سہولت صرف مختصر مدت کی اور ضروری خدمات کے لئے مختص ہے، نہ کہ ذاتی استعمال یا دن بھر کے لئے گاڑیاں کھڑی کرنے کے لیے۔ اسی وجہ سے بارہا ہدایت دیے جانے کے باوجود جب مسئلہ حل نہیں ہوا تو اب سخت کارروائی کی راہ اپنائی جا رہی ہے۔ 
  میونسپل سیکوریٹی شعبے نے ایسے تمام ہی گاڑی مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ نوٹس کو سنجیدگی سے لیں اور مقررہ مدت کے اندر اپنی گاڑیاں ہٹا لیں، تاکہ انہیں جرمانے اور قانونی پیچیدگیوں سے بچایا جا سکے۔ بصورت دیگر بلدیہ انتظامیہ کے پاس قانونی کارروائی کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK