میونسپل کمشنر اور رکن اسمبلی نے سڑکوں کا سروے کیا، مستقل حل کی تیاری ،ٹریفک ماہرین کی بھی مدد لی جائےگی.
EPAPER
Updated: September 15, 2025, 4:41 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
میونسپل کمشنر اور رکن اسمبلی نے سڑکوں کا سروے کیا، مستقل حل کی تیاری ،ٹریفک ماہرین کی بھی مدد لی جائےگی.
شہر کی بڑھتی آبادی اور سڑکوں پر پھیلتے تجاوزات نے ٹریفک جام کو ایک مستقل مسئلہ بنا دیا ہے، جس نے شہریوں کی روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لئے میونسپل کمشنر انمول ساگر اور رکن اسمبلی رئیس شیخ نے ونجارپٹی ناکہ سے کلیان ناکہ تک سڑکوں کا تفصیلی سروے کیا۔اس سروے میں ممبئی کی ٹریفک مینجمنٹ میں مہارت رکھنے والی تنظیم ڈبلیو آر ایم کی تکنیکی مدد حاصل کی گئی۔ میونسپل افسران، ٹریفک پولیس، سماجی اداروں کے نمائندے اور مقامی رہنما بھی موجود تھے۔
سروے کے دوران صدر بازار، ونجارپٹی ناکہ، کلیان ناکہ اور اطراف کے علاقوں میں گاڑیوں کی بڑھتی تعداد، غلط پارکنگ، بھاری گاڑیوں کے داخلے اور غیر قانونی اسٹالوں کو بڑے مسائل کے طور پر نشان زد کیا گیا۔رکن اسمبلی رئیس شیخ نے کہا کہ ’’ٹریفک جام کا مسئلہ برسوں پرانا ہے، مگر ایماندارانہ کوششیں اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ مربوط منصوبہ بندی کی جائے تو اسے حل کیا جا سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے زور دیا کہ میونسپل انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے درمیان بہتر رابطہ اور ہم آہنگی شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے لازمی ہے۔
میونسپل کمشنر انمول ساگر نے وضاحت کی کہ ٹریفک جام ایک دن یا ایک ہفتے میں ختم نہیں ہوگا۔ سروے کے ذریعے ہم نے اُن مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں فوری تبدیلیاں، راستوں کی کشادگی، پارکنگ کے نئے انتظامات اور تجاوزات کے خاتمے کی ضرورت ہے۔ آنے والے دنوں میں غیر قانونی قبضہ ہٹانے کی کارروائی کو مزید تیز کیا جائے گا اور جدید آلات کے ذریعے ٹریفک کنٹرول کیا جائے گا۔
شہریوں نے بھی اپنی مشکلات انتظامیہ تک پہنچائیں اور مستقل حل کی امید ظاہر کی۔ اب تمام نگاہیں اس بات پر ہیں کہ میونسپل انتظامیہ اور عوامی نمائندے مل کر ایسا پائیدار منصوبہ تیار کریں جو نہ صرف ٹریفک جام بلکہ تجاوزات کے مسئلے کا بھی دیرپا حل فراہم کرےتاکہ بھیونڈی کی سڑکیں دوبارہ ہموار اور محفوظ بن سکیں۔