یہاں میٹرو لائن ۹؍ کی تعمیراتی جگہ سے ایک ۳۰؍ کلو گرام وزنی لوہے کا ’جیک‘ سڑک کے کنارے آگرا، اگرچہ اس حادثہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے لیکن اس کی وجہ سے مقامی افراد حفاظتی اقدامات کے تعلق سے سوال اٹھا رہے ہیں۔
EPAPER
Updated: September 15, 2025, 4:34 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
یہاں میٹرو لائن ۹؍ کی تعمیراتی جگہ سے ایک ۳۰؍ کلو گرام وزنی لوہے کا ’جیک‘ سڑک کے کنارے آگرا، اگرچہ اس حادثہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے لیکن اس کی وجہ سے مقامی افراد حفاظتی اقدامات کے تعلق سے سوال اٹھا رہے ہیں۔
یہاں میٹرو لائن ۹؍ کی تعمیراتی جگہ سے ایک ۳۰؍ کلو گرام وزنی لوہے کا ’جیک‘ سڑک کے کنارے آگرا، اگرچہ اس حادثہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے لیکن اس کی وجہ سے مقامی افراد حفاظتی اقدامات کے تعلق سے سوال اٹھا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ہی تھانے میں میٹرو ۵؍ پروجیکٹ کی تعمیراتی جگہ پر ایک لوہے کی سلاخ چلتی رکشا پر گر ی اور مسافر سونو علی کے سر میں پیوست ہوگئی تھی ۔ وہ اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ اس کے علاوہ خود میٹرو ۹؍ کی سائٹ پر بھی چند حادثات ہوچکے ہیں۔
اطلاع کے مطابق بھائندر کا حادثہ سنیچر کی شام تقریبا ۵؍ بج کر ۴۰؍ منٹ پر بھائندر مشرق اور مغرب کو جوڑنے والے بریج کے قریب پیش آیا تھا جہاں عام طور پر کافی بھیڑ ہوتی ہے۔ یہاں کئی میٹر اونچائی سے تقریباً ۳۰؍ کلو گرام وزنی جیک سیدھے سڑک پر آگرا۔ خوش قسمتی سے یہ کسی انسان یا دکان وغیرہ پر نہیں گرا اور وہاں موجود افراد بال بال بچ گئے۔ ویڈیو میں حادثہ کے بعد بھی اس جگہ کافی بھیڑ نظر آرہی تھی۔
اس حادثہ کے چشم دید گواہوں کے مطابق جیک گرنے سے محض چند سیکنڈ قبل کچھ لوگ اس جگہ سے گزرے تھے۔
اس حادثہ کے بعد مقامی افراد نے اس جگہ کا ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دیا تھا جو وائرل ہوگیا ہے۔ اس ویڈیو میں میٹرو کیلئے تعمیر کئے جارہے بریج کے نیچے سڑک پر جیک پڑا نظر آرہا ہے اور آس پاس چائے وغیرہ کی چند دکانیں بھی ہیں۔ اس ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ ایک بوڑھا شخص بال بال بچ گیا جبکہ ایک نوجوان نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس حادثہ میں بال بال بچ گیا۔
ویڈیو کے اخیر میں ایک شخص کو دکھایا گیا ہے جس نے ویڈیو نکالنے والے کو ہاتھ سے روکنے کی کوشش کی پھر وہاں سے چلا گیا۔ اس شخص کے تعلق سے کہا گیا ہے کہ وہ اس پروجیکٹ کا ٹھیکیدار ہے۔ ایک شخص کافی دور تک اس کے پیچھے موبائل فون سے ویڈیو نکالتا ہوا جاتا دکھائی دیا لیکن ٹھیکیدار نے پلٹ کر نہیں دیکھا اور نہ کچھ کہا۔ تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ آیا وہ ہی اس پروجیکٹ کا کنٹریکٹر ہے۔
سوشل میڈیا کے ایک اکائونٹ ’جمس آف میرا بھائندر‘ کے ذریعہ میٹرو لائن ۹؍ کے پروجیکٹ پر ہونے والے مزید چند حادثوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ فروری ۲۰۲۵ء میں ایک دیگر مقام پر اسی پروجیکٹ پر ایک مزدور کی موت ہوگئی تھی کیونکہ اس کے پاس ’سیفٹی گیئر‘ نہیں تھا۔ اسی طرح ایک دیگر مقام پر گیس کی پائپ لائن پھٹ گئی تھی لیکن خوش قسمتی سے دھماکہ نہیں ہوا اور نہ آگ لگی۔ اس کے علاوہ ۲۰۲۴ء کے اخیر میں اسی لائن کے کام کی جگہ پر ایک سیمنٹ مکسر پلٹ گیا تھا جس کے نیچے دبنے سے ایک مزدور ہلاک ہوگیا تھا۔
خبر لکھے جانے تک میٹرو انتظامیہ کی جانب سے اس حادثہ کے تعلق سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیاتھا۔