شہر کے مختلف مقامات پر پروگرام منعقد کرکےہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیت دی گئی۔
EPAPER
Updated: April 20, 2026, 10:38 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
شہر کے مختلف مقامات پر پروگرام منعقد کرکےہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیت دی گئی۔
ممبئی کے وکٹوریا ڈاکیارڈ میں ۱۴؍اپریل ۱۹۴۴ءکو ایک جہاز میں لگی بھیانک آگ کو بجھانے کے دوران ہونے والے زبردست دھماکے میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فائر بریگیڈ کے جانباز اہلکاروں کی یاد میں ہر سال ۱۴؍اپریل کو فائر سروس ڈے منایا جاتا ہےاور آگ سے تحفظ کا ہفتہ بھی منایا جاتا ہے۔ اسی مناسبت سے بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں میں منظم اور بامقصد بیداری مہم کا انعقاد کیا گیا۔
میونسپل کمشنر انمول ساگر کی رہنمائی اور چیف فائر آفیسرنتن چوہان کی قیادت میں اس مہم کے دوران صنعتی اداروں، رہائشی سوسائٹیز، طبی مراکز اور عوامی مقامات پر آگ سے تحفظ سے متعلق معلوماتی اور عملی تربیتی پروگرام منعقد کئے گئے جن کا بنیادی مقصد شہریوں میں احتیاطی تدابیر کے تئیں شعور بیدار کرنا اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت کو فروغ دینا تھا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نارپولی کے جینم گرین سوسائٹی میں مکینوں کو آگ سے بچاؤ کے بنیادی اصولوں اور ابتدائی اقدامات سے آگاہ کیا گیا، جبکہ ۱۶؍ اپریل کو شانتی نگر کے ٹورینٹ پاور ہاؤس میں صنعتی حفاظتی انتظامات کے حوالے سے خصوصی تربیت فراہم کی گئی۔ ۱۷؍اپریل کو مہیش ڈائنگ کے ڈائنگ و سائزنگ یونٹ میں کارکنان کو آگ لگنے کی صورت میں فوری ردِعمل اور محفوظ انخلا کے طریقوں کی عملی مشق کروائی گئی۔ اسی طرح ۱۸؍اپریل کو شہر کے مختلف اسپتالوں اور کلینک میں ڈاکٹروں اور منتظمین کو آگ سے متعلق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تربیت دی گئی تاکہ مریضوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھئے: خود کار دروازے والی نئی لوکل میں سفر کرنے کیلئے ۲؍ ماہ سے زائد انتظار کرنا ہوگا
اس موقع پر فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ بجھانے والے آلات کے درست استعمال، آگ پر قابو پانے کی تکنیک اور ابتدائی حفاظتی اقدامات کا عملی مظاہرہ پیش کیا، جس سے شرکاء کو نہ صرف معلومات حاصل ہوئیں بلکہ اعتماد میں بھی اضافہ ہوا۔ مزید برآں، شہریوں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے معلوماتی پمفلٹس تقسیم کئے گئے اور انہیں ممکنہ خطرات سے بچنے کی تلقین کی گئی۔چیف فائر آفیسر نتن چوہان نے اس موقع پر کہا کہ ایسے بیداری پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ بروقت آگاہی ہی کسی بڑے حادثے کو ٹالنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کیکہ وہ حفاظتی اصولوں پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر فائر بریگیڈ سے رابطہ قائم کریں۔