Inquilab Logo Happiest Places to Work

خود کار دروازے والی نئی لوکل میں سفر کرنے کیلئے ۲؍ ماہ سے زائد انتظار کرنا ہوگا

Updated: April 20, 2026, 9:58 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ابھی تک ٹرائل شروع نہیں کیا گیا۔ اس کا ٹرائل پہلے خالی ٹرین کے طور پر پھر مسافروں کی کثرت کے بقدر وزن کے ساتھ کیا جائے گا ،اس کے بعد استعمال کے لئے ہری جھنڈی دکھائی جائے گی۔

Non-AC local train with automatic doors parked at Kurla Yard. (Photo, Inquilab: Syed Sameer Abidi)
کرلا یارڈ میں کھڑی خود کار دروازے والی نان اے سی لوکل ٹرین۔ (تصویر، انقلاب: سید سمیر عابدی)

سی ایس ایم ٹی: خود کار دروازے والی نان اے سی نئی لوکل میں سفر کرنے کے لئے مسافروں کو ابھی ۲؍ماہ سے زائد انتظار کرنا ہوگا۔ انتظار کا یہ وقفہ تین ماہ بھی ہوسکتا ہے۔ ایک ہفتہ قبل پیر کے دن چنئی سے لانے کے بعد ابھی تک اس کا ٹرائل شروع نہیں کیا گیا ہے، کرلا یارڈ میں کھڑی رکھی گئی ہے ۔ 

ٹرائل کس طرح ہوگا ؟

ریلوے کے طریقہ کار کے مطابق اس کا ٹرائل پہلے خالی ٹرین کے طور پر ہوگا تاکہ اندازہ ہوسکے کہ برابر چل رہی ہے یا نہیں پھر مسافروں کی کثرت کے بقدر وزن کے ساتھ کیا جائے گا تاکہ دونوں کیفیات کا اندازہ ہوسکے۔ اس کے بعد دیگر مراحل سے گزار کر پھر مسافروں کے استعمال کے لئے ہری جھنڈی دکھائی جائے گی۔ خودکار دروازے والی اس نئی نان اے سی لوکل کا نام ’میدھا ‘ دیا گیا ہے ۔ایسے میں یہ کہا جارہا ہے اور سینٹرل ریلوے کے افسران اس کی تصدیق کررہے ہیں کہ گرمی کے ایام میں اس لوکل ٹرین کا مسافروں کے لئے شروع کیا جانا ممکن نہیں معلوم ہوتا ہے، اس لئے کہ جب تک ٹرائل کے تمام مراحل سے گزارا نہیں جاتا ہے تب تک مسافروں کے استعمال میں نہیں لائی جاسکے گی۔ یہ بھی اندیشہ ہے کہ اگر کوئی دروازہ نہ کھلا یا ٹھیک طریقے سے بند نہ ہوا تو مسائل ہوسکتے ہیں اور مسافروں کو اے سی ٹرین کےمقابلے اس میں زیادہ دقت ہوسکتی ہے،اس لئے کہ اے سی لوکل میں تو ایئرکنڈیشن چلنے سے کم از کم ٹھنڈک رہتی ہے،اس لئے ریلوے انتظامیہ جہاں اسے لانے کے بعد سے مسلسل کئی طرح کے دعوے کرنے کے ساتھ اسے ریلوے کی ترقی کا ایک اہم باب اور تاریخی قدم قرار دے رہا ہے وہیں وہ اس کے چلانے کے تئیں محتاط بھی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: پیدائش سرٹیفکیٹ جاری کرنے میں تساہلی، شہریوں کو پریشانیوں کا سامنا

ریل پسنجرس تنظیموں کے مشورے 

ممبئی ریل پسنجرس سبربن اسوسی ایشن کے سابق رکن اور ریلوے کے آر ٹی آئی رضاکار سمیر زویری نے کہا کہ اچھا قدم ہے مگر کچھ اندیشے بھی ہیں۔ اس سے حادثات میں کمی آنے کی امید ہے جس کے لئے برسوں سے کوشش کی جارہی تھی ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس میں فرسٹ کلاس کی جگہ اگر اے سی ڈبے جوڑ دئیے جائیں تو زیادہ مناسب ہوگا اور مسافر اس ترتیب سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں گے۔ 

ریلوے یوزرس کنسلٹینٹیو کمیٹی کے سابق رکن منصور عمر درویش نے کہا کہ ریلوے کا یہ اچھا قدم ہے مگر تجربے کے بعد جب مسافروں کے استعمال میں لائی جائے گی تب حقیقت واضح ہوگی۔ دوسرے یہ کہ مسافروں کی بڑی تعداد کے پیش نظر ان کو تربیت دینا ہوگا اور اعلان کرنا ہوگا کہ یہ بند دروازے والی ٹرین ہے تاکہ مسافر محتاط رہیں ۔ اس کے علاوہ اگر یہ قاعدے سے چلائی گئی تو قیمتی جانیں بچانے میں بھی مدد ملے گی۔ 

نئی لوکل ٹرین میں کیا کیا خوبیاں اورسہولتیں ہیں

(۱) جدید خودکار سلائیڈنگ دروازوں سے لیس ہے، جس میں ایک اینٹی ڈریگ میکانزم شامل ہے(۲) یہ نظام حادثات کے تدارک اور غیر محفوظ سفر کو روکنے اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بناتا ہے (۳) ۲؍۳ دروازے لوورز سے لیس ہیںاور ہموار ہوا کے بہاؤ کو یقینی بناتے ہیں تاکہ حبس نہ ہو (۴) مسافروں کی سہولت میں بہتری اور سیکنڈ کلاس میں اسٹینلیس اسٹیل کی سیٹیں اور فرسٹ کلاس میں کشن والے بیٹھنے کے ساتھ ساتھ بہتر کھمبے (۵) چوڑی ہوادار کھڑکیاں (۶) بہتر وینٹیلیشن اور قدرتی روشنی کا نظم (۶) چھت پر نصب وینٹیلیشن یونٹ اور ۱۰؍ہزار مکعب میٹر/ گھنٹہ تازہ ہوا کی فراہمی (۷) ویسٹیبل کنیکٹیویٹی جس سے مسافر اندر سے دوسرے ڈبے میں جاسکیں(۸) بھیڑ بھاڑ کو منقسم کرنا (۹)یہ ٹرین بیرونی ری سیٹ فیچر کے ساتھ ایک ترمیم شدہ ایمرجنسی الارم سسٹم سے بھی لیس ہے جس سے اسے ڈبوں میں داخل کئے بغیر فوری طور پر بحال کیا جا سکتا ہے (۱۰) ہنگامی حالات میں مسافروں کو باہر نکالنے کے لئے کئی جگہ سلائیڈنگ دروازے اور ٹیوبلر پارٹیشنز لگائے گئے ہیں (۱۱) بہتر رسائی کے لئے چوڑی سیڑھیاں لگائی گئی ہیں(۱۲) یہ ٹرین دھواں اور گرمی کی شدت کا پتہ لگانے کے نظام کے ساتھ ڈرائیونگ کیبن میں فوری ردعمل کے لئے الرٹ سسٹم سے بھی لیس ہے(۱۳) سیکوریٹی اور نگرانی کو بڑھانے کے لئے تمام مسافر کوچوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں (۱۴) عملے کی سہولیات،عملہ وائس اور ویڈیو ریکارڈنگ سسٹم (سی وی وی آر ایس)وغیرہ اس نئی لوکل ٹرین کا اہم حصہ ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: کلیان: ہائی پروفائل ٹاؤن شپ میں پانی کی شدید قلت

اس طرح یہ ڈیزائن جدید انجینئرنگ کی خصوصیات جیسے ویسٹیبلز اور اعلیٰ صلاحیت والے وینٹیلیشن سسٹم کے ذریعے وینٹیلیشن کے چیلنجوں سے بھی نمٹتا ہےاورمسافروں کوراحت پہنچاتا ہے۔ان تفصیلات کے ساتھ ٹرین کی ان خوبیوں اور مسافروں کی سہولتوں کا حقیقی اندازہ اس وقت ہوگا جب ہزاروں مسافر اس میں سوار ہوکر اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK