• Thu, 23 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی : سڑک کے گڑھوں میں بیٹھ کر ’کالی دیوالی‘ منائی گئی

Updated: October 22, 2025, 5:08 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

مانسروور، پھلے نگر، گائتری نگر اور کھدان روڈ کے شہریوںکا میونسپل کارپوریشن کی بے حسی پر غصے کا اظہار ۔ سڑک جام کر کے احتجاج.

Protesters are protesting by standing near a pit on the quarry road. Photo: Inqilaq
مظاہرین کھدان روڈ پرگڑھے کے پاس کھڑے احتجاج کررہے ہیں۔ تصویر: انقلاب
ایک طرف پورا ملک روشنیوں کا تہوار ’دیوالی‘ جوش و خروش کے ساتھ منا رہا ہے تو دوسری طرف بھیونڈی کے مانسروور، پھلے نگر، گائتری نگر اور کھدان روڈ کے شہریوں نے سڑکوں کے خطرناک  گڑھوں کے خلاف منفرد انداز میں احتجاج کرتے ہوئے ’کالی دیوالی‘ منائی۔ مظاہرین نے کھدان روڈ کے گہرے گڑھوں میں بیٹھ کر میونسپل کارپوریشن کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔
یہ احتجاج مقامی معلم و سماجی کارکن گیانیشور گوساوی کی قیادت میں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ کھدان روڈ کی خستہ حالی کے تعلق سے انہوں نے قبل از وقت میونسپل کمشنر کو تحریری طور پر مطلع کیا تھا اور متنبہ کیا تھا کہ اگر دیوالی سے قبل سڑک کی مرمت نہ ہوئی تو شہری سڑک پر گڑھوں میں بیٹھ کر کالی دیوالی منائیں گے لیکن شہری۶ انتظامیہ نے معمول کے مطابق وعدے تو کئے مگر کام نہیں کیا۔ نتیجتاً شہریوں نے منگل کے روز اپنا غصہ سڑک پر اتر کر ظاہر کیا۔احتجاج کے دوران شہریوں نے آس بی بی مسجد سے لے کر مانسروور روڈ، پھلے نگر اور گائتری نگر ہوتے ہوئے وارا لا دیوی مندر تک پھیلی ہوئی سڑک کی خستہ حالی کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پورا راستہ اب موت کا راستہ بن چکا ہے جس کے سبب درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں مگرشہری انتظامیہ اب  تک خاموش ہے۔
مظاہرین نے طنزکرتے ہوئے کہا کہ اسی کھدان روڈ مانسروور پر میونسپل کمشنر کا سرکاری بنگلہ ہے لیکن وہاں تک پہنچنے والی سڑک کی حالت دیکھ کر بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ شہریوں نے الزام لگایا کہ روزانہ اسی راستے سے عوامی نمائندے اور افسران گزرتے ہیں لیکن کسی نے یہ مسئلہ اٹھانے کی زحمت نہیں کی۔
پھلے نگر کے رہائشی سنجے جادھو نے بتایاکہ بارش میں یہ سڑک جان لیوا بن جاتی ہے، موٹر سائیکل سواروں کے پھسلنے اور حادثات کا روزانہ خطرہ رہتا ہے۔ گڑھوں میں پانی بھرجانے سے سڑک دکھائی نہیں دیتی۔ اب عوام تنگ آچکے ہیں۔
احتجاج میں شامل شیو سینا (یو بی ٹی) کے مقامی صدر پرساد پاٹل نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ  ’’ اگر میونسپل کارپوریشن نے فوری طور پر کھدان روڈ کی مرمت نہیں کرائی تو ہم جلد ہی کلیان روڈ کو مکمل جام کر کے تحریک کو مزید تیز کریں گے اور اس کی پوری ذمہ داری انتظامیہ کی ہوگی۔‘‘
دوسری جانب میونسپل محکمہ کے نائب انجینئر سچن نائک نے وضاحت دی کہ ’’ مسلسل بارش کے سبب سڑک کی مرمت ممکن نہیں ہو پائی ہے۔ جیسے ہی موسم صاف ہوگا، گڑھوں کو بھر کر ڈامرکی سڑک تیار کی جائے گی۔ آر سی سی روڈ کی تعمیر کیلئے پانچ کروڑ روپے کی رقم منظور ہو چکی ہے، صرف کلکٹر کی آخری منظوری باقی ہے۔ یہ منظوری ملتے ہی کام فوراً شروع کر دیا جائے گا۔‘‘
تاہم شہریوں نے واضح کیا کہ اب وہ یقین دہانیوں سے مطمئن نہیں ہوں گے۔ اگر کھدان روڈ کی مرمت کے کام میں تاخیر ہوئی تو آئندہ دنوں میں پورے مانسروور علاقے میں  شہری انتظامیہ کے  خلاف زوردار عوامی تحریک شروع کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK