Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: ہو ٹلوں، ریسٹورنٹ اور فوڈ اسٹالز کیخلاف مہم شروع کرنے کا اعلان

Updated: July 11, 2026, 3:10 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

بغیر لائسنس کے کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف پیر سے میونسپل کارپوریشن اور ایف ڈی اے کی مشترکہ مہم کا آغاز۔

Demolition. Photo:INN
انہدام۔ تصویر:آئی این این
 میونسپل کارپوریشن نے شہر میں عوامی صحت کے تحفظ اور غذائی اشیاء کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے پیر سے غیر قانونی ہوٹلوں، ریسٹورنٹ، فوڈ اسٹالز اور دیگر غذائی کاروباریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر مشترکہ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس مہم میں میونسپل کارپوریشن کے محکمۂ پرمٹ، محکمۂ صحت (سالڈ ویسٹ مینجمنٹ)، انسدادِ غیر قانونی قبضے ہٹانے والے محکمہ اور محکمۂ خوراک و ادویات (ایف ڈی اے)کی ٹیمیں مشترکہ طور پر کارروائی کریں گی۔ 
 
 
میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاری پریس نوٹ کے مطابق شہر میں متعدد غذائی کاروبار ایسے پائے گئے ہیں جو ضروری سرکاری اور میونسپل اجازت نامہ حاصل کئے بغیر یا ان کی تجدید کرائے بغیر چلائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ حالیہ ’فیمس شاورما‘ فوڈ پوائزننگ واقعہ، جس میں  ۱۰۰؍ سے زائد افراد متاثر ہوئے تھے، کے بعد انتظامیہ نے عوامی صحت سے متعلق معاملات پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں میونسپل کمشنر انمول ساگر نے   ایف ڈی اےکے اسسٹنٹ کمشنر ایس ایل سیروسیا اور دیگر افسران کے ساتھ اعلیٰ سطحی  میٹنگ منعقد کی، جس میں مشترکہ کارروائی کی حکمت عملی طے کی گئی۔  میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر کے تمام ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، دیگر کھانے کے مراکز ، بیکریوں، مٹھائی کی دکانوں، فاسٹ فوڈ مراکز، چائے اور جوس اسٹالز، جنرل اسٹور اور دیگر غذائی کاروبار کا معائنہ کیا جائے گا۔ خصوصاً ان اداروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی جو سڑکوں پر غیر صحت بخش ماحول میں خوراک تیار یا فروخت کرتے ہیں، عوامی مقامات پر تجاوزات قائم کرتے ہیں یا صفائی اور فوڈ سیفٹی کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
مشترکہ مہم کے دوران کاروباری لائسنس، فوڈ رجسٹریشن، صفائی کے انتظامات، کچرے اور گندے پانی کی نکاسی، پینے کے صاف پانی، بیت الخلاء کی سہولیات اور دیگر لازمی معیارات کی باریک بینی سے جانچ کی جائے گی۔ جہاں بھی بے ضابطگیاں سامنے آئیں گی وہاں جرمانہ، قانونی کارروائی، لائسنس کی معطلی یا منسوخی اور ضرورت پڑنے پر کاروبار بند کرنے جیسے اقدامات کئے جائیں گے۔ سنگین نوعیت کے فوڈ سیفٹی معاملات میں ایف ڈی اے کے افسران مشترکہ تفتیش بھی انجام دیں گے۔
میونسپل کمشنر انمول ساگر نے تمام غذائی کاروبار چلانے والوں کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فوری طورپر میونسپل کاروباری لائسنس، لازمی رجسٹریشن، صفائی سے متعلق این او سی اور دیگر ضروری اجازت نامے حاصل کریں اور تمام قانونی ضابطوں پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی صحت سے کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔جو ادارے بغیر لائسنس کاروبار کرتے ہوئے یا صفائی اور فوڈ سیفٹی کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے جائیں گے ان کے خلاف میونسپل کارپوریشن اور  ایف ڈی اے مشترکہ طور پر سخت قانونی کارروائی کریں گے جس میں کاروبار سیٖل کرنا، لائسنس منسوخ کرنا اور کاروبار بند کرانا بھی شامل ہوگا۔
 
 
میونسپل انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ صرف لائسنس یافتہ اور صاف ستھرے ہوٹلوں اور غذائی مراکز سے ہی کھانے پینے کی اشیا خریدیں اور اگر کہیں غیر معیاری یا غیر صحت بخش خوراک فروخت ہوتی نظر آئے تو اس کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں تاکہ شہریوں کی صحت کے ساتھ کسی قسم کا کھلواڑ نہ ہونے پائے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK