Inquilab Logo

بھیونڈی : سڑک اور فٹ پاتھ سےغیر قانونی قبضہ ہٹانے کی مہم

Updated: November 26, 2023, 1:14 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

میونسپل کمشنر نے تین بتی اور بازار پیٹھ کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیا اور ثبوت کے طور پر تصاویر بھی کھینچیں۔

Municipal Commissioner Ajay Vaidya (centre) visited the Three Batti area. Photo: INN
میونسپل کمشنر اجے ویدیہ(درمیان) نے تین بتی علاقے کا دورہ کیا۔ تصویر : آئی این این

سڑکوں اور فٹپاتھ پر غیر قانونی قبضہ کو ختم کرنے کیلئے میونسپل کارپوریشن کا محکمہ سرگرم ہے اور اس کیلئے مہم چلا رکھی ہے۔ اس مہم کے نتیجے میں شہر کے کئی علاقوں کی سڑکیں کشادہ نظر آرہی ہیں جسے دیکھ کر شہریوں نے مسرت کا اظہار کیا ہے تو ان سڑکوں پر چھوٹی چھوٹی دکانیں چلاکر اپنے اہل خانہ کی کفالت کرنے والے دکاندار اپنے مستقبل کے تعلق سے فکر مند ہیں۔
  واضح رہےکہ شہر کے اہم بازار تین بتی، بازار پیٹھ و شہر کے مختلف علاقوںمیں فٹپاتھ کے ساتھ ہی سڑکوں کے کچھ حصوں پر دکاندار، ہوٹل مالکان کے ساتھ ساتھ  پھل، سبزی، کپڑے اور دوسری اشیاء فروخت کرنے والے غیرقانونی قبضہ کرکے کاروبار کررہے ہیں۔ اس کے سبب شہر میں ٹریفک کا اژدہام ہوتا ہے۔ یہی نہیں شہر کے بیشتر حصوں میں دکانداروں اور ہوٹل مالکان اور دوسرے کاروباریوں نے اپنی دکانوں کے سامنے غیر قانونی طور پر کپڑے اور پترے کا شیڈ ڈال کر باقاعدہ  دوسری دکانیں بنانے کے ساتھ ہی ٹھیلہ اور ہاتھ گاڑیوں پر بھی کاروبار کررہے تھے۔ اس کی متعدد شکایات میونسپل کمشنر اجے ویدیہ کو موصول ہورہی تھیں۔ شکایت موصول ہونے کے بعد میونسپل کمشنر کے حکم پر پربھاگ سمیتیوں کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنرز کی جانب سے سڑک کنارے غیر قانونی قبضہ ہٹانے کی مہم تیز کردی گئی ہے۔ کارپوریشن کے عوامی رابطہ افسر ملند پالسولے کے مطابق میونسپل کمشنر کے حکم پر پانچوں پربھاگ سمیتیوں میں ۵۰۰؍ سے زائد غیر قانونی قبضہ کو ہٹایا جا چکا ہے۔
میونسپل کمشنر نے بازار پیٹھ اور تین بتی کا دورہ کیا
پربھاگ سمیتی ۵؍کے تحت تین بتی، بازار پیٹھ اور منڈئی پر اسسٹنٹ میونسپل کمشنر راجندر ورلیکر گزشتہ کئی دنوں سے غیر قانونی قبضہ ہٹانے والے محکمہ کے عملے کے ساتھ جے سی بی کے مدد سے  تجاوزات ہٹا رہے ہیں۔ جمعہ کو تین بتی علاقے میں صبح سے ہی یہ مہم جاری تھی جس کا جائزہ لینے کے لئے میونسپل کمشنر اجے ویدیہ اچانک تین بتی پہنچ گئے اور بازار کا دورہ کرکے غیر قانونی قبضہ ہٹانے کی مہم کا جائزہ لیا۔ میونسپل کمشنر نے کئی علاقوں کی تصویریں بھی لی ہیں تاکہ دوبارہ قبضہ کیا جائے تو ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے
بھاجی مارکیٹ کا علاقہ صاف کردیا گیا
سبزی فروشوں کے سامنے لوہے کے پائپ لگائے گئے ہیں تاکہ وہ پائپ کے اندر رہ کر سبزیاں فروخت کرسکیں۔ سبزیاں فروخت کرنے کیلئے کافی کم جگہ ملنے کے سبب سبزی فروشوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہاہے۔سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ ۴۰؍سے ۵۰؍برسوں سے یہاں سبزی فروخت کر رہے ہیں لیکن تجاوزات کے نام پر انہیں پریشان کیا جا رہا ہے۔ دریں اثناء میونسپل کمشنر نے دکانداروں اور ہاکروں کو خبردار کیا ہے کہ پورے شہر میں سڑکوں کے کناروں پر قائم تجاوزات کو ہٹا دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK