Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: خستہ حال سڑک، ٹوٹے پائپ اور گندگی سے شہری پریشان

Updated: May 20, 2026, 2:53 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

سماج وادی پارٹی کے وفد کی میئر سے ملاقات ، جلد اقدامات کا مطالبہ۔

Samajwadi Party Delegation Presenting A Letter Of Demand To The Mayor.Photo:INN
سماجوادی پارٹی کا وفد میئر کو مطالباتی مکتوب پیش کرتے ہوئے- تصویر:آئی این این
شہر میں مانسون سے قبل بنیادی سہولیات کی ابتر صورتحال ایک بار پھر موضوعِ بحث بن گئی ہے ۔ سڑکوں پر جان لیوا گڑھے، جگہ جگہ ٹوٹے ہوئے پانی کے پائپ، ابلتے گٹر اور گندگی سے بھرے نالے عوام کیلئے شدید پریشانی کا سبب بن رہے ہیں۔ ان مسائل کے حل کیلئے منگل کو سماج وادی پارٹی کے مقامی صدر انس انصاری نے پارٹی کے کارپوریٹر اور لیڈران کا ایک وفد کے ساتھ میئر نارائن چودھری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ 
انس انصاری نے بنیادی شہری سہولیات کی ابتر صورتحال سے میئر کو آگاہ کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ وفد نے میئر کو مکتوب پیش کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو سماج وادی پارٹی سڑک پر اتر کر سخت احتجاج کرے گی۔مکتوب میں شہر کے مختلف علاقوں کی خستہ حالت پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ شہر کی اہم شاہراہ آگرہ روڈ، کلیان روڈ، انجور پھاٹا روڈ، ونجار پٹی ناکہ، غوری پاڑہ روڈ، دیوان شاہ درگاہ روڈ سمیت کئی اہم شاہراہیں بڑے بڑے گڑھوں میں تبدیل ہوچکی ہیں، جہاں روزانہ حادثات پیش آنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ نیز بارش شروع ہوتے ہی ان گڑھوں میں پانی بھر جاتا ہے جس سے سڑک اور گڑھے میں فرق کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ دو پہیہ سوار خاص طور پر حادثات کا شکار ہورہے ہیں جبکہ پیدل چلنے والوں کو کیچڑ اور گندے پانی سے گزرنا پڑتا ہے۔ کئی علاقوں میں ٹریفک کی رفتار بھی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ 
 
 
مکتوب میں اس جانب بھی توجہ دلائی گئی کہ شہر کے مختلف فلائی اوور پر پانی کی نکاسی کی پائپ لائنیں ٹوٹ چکی ہیں جس کے باعث مانسون میں فلائی اوور کے نیچے سفر کرنے والے موٹرسائیکل سواروں اور راہگیروں کے سر پر گندہ پانی گرتا ہے، جس سے ان کے کپڑے خراب ہوتے ہیں بعض مقامات پر گٹروں کے ڈھکن ٹوٹے ہونے سے حادثات کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔
 
 
وفدنے میونسپل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مانسون کی آمد سے پہلے فوری طور پر سڑکوں کے گڑھے بھرے جائیں، ٹوٹے ہوئے پائپ تبدیل کئے جائیں، گٹروں کی مرمت کی جائے اور شہر بھر کے نالوں کی مکمل صفائی کرائی جائے تاکہ شہریوں کو بارش کے موسم میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انس انصاری نے کہا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو بارش کے دوران صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے اور اس کا خمیازہ عام شہریوں کو بھگتنا پڑے گا۔وفد میں گروپ لیڈر عارف یعقوب شیخ ،سابق کارپوریٹر شاف مومن ، اکرم شیخ ، عبید خان (راجو)،آفتاب شیخ،فروخ شیخ ، منور شیخ ، ناصر جاوید،ایڈوکیٹ راشد و دیگر لیڈران شامل تھے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK