Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: زیرزمین کیبل بچھانے میں بے ضابطگی کی شکایت

Updated: May 11, 2026, 12:12 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

ایم ایس ای ڈی سی ایل کی جانب سے ٹورینٹ پاور کمپنی کو فوری اصلاحی اقدامات کی ہدایت۔

Citizens are facing difficulties due to the electricity cables being left above the ground. Photo: INN
بجلی کے کیبل زمین کے اوپر چھوڑ دئیے جانے سے شہریوں کودشواری ہو رہی ہے۔ تصویر: آئی این این

یہاں زیرزمین بجلی کا کیبل بچھانے کے نام پر مبینہ طور پر سنگین بے ضابطگیاں اور حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں۔ اس سلسلے میں مہاراشٹر اسٹیٹ الیکٹرک ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ(ایم ایس ای ڈی سی ایل) کے تھانے اربن سرکل کے سپرنٹنڈنگ انجینئر نے کمپنی کو فوری اصلاحی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ یہ کارروائی مقامی سماجی کارکن زاہد مختار شیخ کی جانب سےداخل کی گئی ۲؍ شکایت کی بنیاد پر عمل میں آئی ہے جن میں انہوں نے خودسوزی کی دھمکی دیتے ہوئے علاقے میں جاری بجلی کے کاموں میں مبینہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی تھی۔ 
معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے اربن سرکل دفتر میں ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی جس میں شکایت کنندہ کے ساتھ تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ایم ایس ای ڈی سی ایل کی جانب سے ٹورینٹ پاور لمیٹڈ کے نائب صدر کو ارسال کردہ خط میں بتایا گیا کہ معائنہ اور جانچ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ کئی مقامات پر زیرِ زمین کیبل کو مقررہ تکنیکی معیارات کے مطابق زمین کے اندر بچھانے کے بجائے سطحِ زمین پر ہی چھوڑ دیا گیا ہے۔ مزید برآں، کیبلز کو نالوں کے اوپر، نالیوں کے اندر اور فٹ پاتھوں کے کنارے بچھانے کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں جس سے عوامی سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: گھر سے پڑھائی کے باوجود فاریہ مصطفیٰ سید کی ۹۳؍ فیصد مارکس سے کامیابی

شکایت میں یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ ٹورینٹ پاور لمیٹڈ نے ایم ایس ای ڈی سی ایل کے زیرِ ملکیت دفتر پر اپنے نام کا بورڈ نصب کر رکھا ہے، جو ملکیت کے حوالے سے گمراہ کن تاثر پیدا کرتا ہے۔ سپرنٹنڈنگ انجینئر نے کمپنی کو واضح ہدایت دی ہے کہ تمام کیبلز کو منظور شدہ اصولوں اور تکنیکی معیارات کے مطابق زمین کے اندر بچھایا جائے، اور نالوں، ڈرینج لائنوں اور فٹ پاتھوں پر بچھائے گئے کیبلز کو فوری طور پر ہٹا کر مقامات کو اصل حالت میں بحال کیا جائے۔ 
شکایت کنندہ زاہد مختار شیخ نے خبردار کیا ہے کہ اگر نوٹس کے باوجود کمپنی نے اصلاحی اقدامات نہیں کئے تو وہ اس معاملے کو ہائی کورٹ میں لے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹورینٹ پاور کے خلاف شکایات پر توجہ نہیں دی جاتی ہے۔ اس ضمن میں ٹورینٹ پاور لمیٹڈ کے ترجمان چیتن بادیانی نے سبھی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی پر عائد سبھی الزامات بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی کی جانب سے تمام کیبلز قواعد و ضوابط کے مطابق ہی بچھائے گئے ہیں۔ ان کے مطابق شہر میں جاری آر سی سی سڑکوں اور نالوں کی تعمیر کے علاوہ گیس پائپ لائن بچھانے کے کام کے باعث بعض مقامات پر کیبلز اوپر آ گئے ہوں گے۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ شکایت کنندہ کے خلاف وجیلنس کیس درج ہے جس کی بنیاد پر یہ شکایت کی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK